اسلام آباد۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے، تاہم عدالت نے انہیں حاضری کے بعد واپس جانے کی اجازت دے دی۔عدالت کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اس لیے واپس جانےدیا تا کہ بھیڑ کم ہو جائےاور کیس کی سماعت کی جا سکے۔نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے 3ریفرنسز میں وکالت نامے جمع کروا دیئے۔نواز شریف نے عدالت کے روبرو وکالت نامے پر دستخط کیے۔
مسلم لیگ (ن ) کے رہنما آصف کرمانی نے عدالت کو بتایا کہ بیمار والدہ کی تیمار داری کے باعث بچے نہیں آسکے، عدالت نےنواز شریف کومطلع کرنےکی جو ذمہ داری لگائی تھی وہ پوری کردی۔مریم نواز،کیپٹن(ر)صفدر،حسن اورحسین اپنی والدہ کی تیمارداری کررہے ہیں۔اس پر عدالت نے ریمارکس دیا کہ یہ وکلابتائیں گے آپ رہنے دیں۔
Published: 26 Sep 2017, 1:04 PM IST
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب ہاؤس میں مشاورتی اجلاس ہوگا، جس میں مسلم لیگ (ن ) کے رہنما اور وزیراعظم کے وکلاء شرکت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں نیب عدالت کی کارروائی اور مستقبل کی حکمت عملی پرغورہوگا۔
نواز شریف کی پیشی کے موقع پر عدالت کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےتھے، رینجرز اور حساس اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات تھی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں عابد شیر علی اور مشاہداللہ کو پولس نے عدالت کےاندر جانے سے روک دیا، اس دوران لیگی رہنماؤں اور پولس کے درمیان معمولی جھڑپ بھی ہوئی۔نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی پر لیگ کے حامی وکلاء نے زبردست نعرے بازی کی۔وزیراعظم کی احتساب عدالت روانگی سے قبل راجا ظفر الحق، پرویز رشید، وزیر مملکت جنید انوار، وزیراعظم کےمشیر سینیٹرآصف کرمانی اوربرجیس طاہرسمیت دیگر لیگی رہنما پنجاب ہاؤس پہنچےاور مشاورت کی۔
Published: 26 Sep 2017, 1:04 PM IST
دوسری جانب سابق وزیر اعظم نوازشریف کی پریس کانفرنس کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے۔آصف کرمانی نے میڈیا کو بتایا کہ نوازشریف آج سہ پہر3 بجے پنجاب ہاؤس میں پریس کانفرنس کریں گے۔ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم کے بچوں کی وکالت امجد پرویز کریں گے۔ عدالت نے نواز شریف، ان کے بچوں اور داماد محمد صفدر کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے ۔ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس، لندن فلیٹس کی ملکیت سے متعلق ہے، جس میں سابق وزیراعظم نوازشریف ان کے دوبیٹوں حسن نواز، حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کوملزم نامزد کیا گیا ہے۔
دیگر دو ریفرنسز میں العزیزیہ اسٹیل مل جدہ اور آف شور کمپنیوں کی ملکیت سے متعلق فلیگ شپ انوسٹمنٹ شامل ہیں۔ان دونوں ریفرنسز میں نوازشریف سمیت ان کے دونوں بیٹوں حسن اورحسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ عدالت نے تمام ملزمان کو پیش ہونے کے لیے سمن جاری کر رکھے ہیں۔
ملزمان کو پہلے 19 ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا گیا تھااور عدم حاضری پر نیب کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کومسترد کرتے ہوئے عدالت نے 26 ستمبر کو دوبارہ حاضر ہونے کے لئے سمن جاری کیا گیا تھا۔
Published: 26 Sep 2017, 1:04 PM IST
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ <a href="mailto:contact@qaumiawaz.com">contact@qaumiawaz.com</a> کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Sep 2017, 1:04 PM IST