پاکستان

’میں نے شہباز سے کوئی پیسہ نہیں لیا‘: عمران خان کی سابقہ بیوی کا انکشاف

رحم خان کی کتاب کا کچھ حصہ آن لائن لیک ہو گیا ہے جس کے متعلق پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ انھیں اس کتاب کو لکھنے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (نواز) نے 10 ہزار پاؤنڈ ادا کیے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

پاکستان تحریک انصاف کے صدر عمران خان کی سابقہ بیوی رحم خان کی کتاب اپنے ریلیز سے پہلے ہی تنازعہ کا شکار ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کتاب کا کچھ حصہ اشاعت سے پہلے ہی لیک ہو گیا ہے جس نے سیاسی طوفان کھڑا کر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے حامی اور پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے کتاب کے افشاء حصے سے متعلق ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ کس طرح رحم خان کی کتاب پڑھنے کا انھیں ناخوشگوار تجربہ حاصل ہوا۔ حمزہ علی کے مطابق کتاب کا اختصار یہ ہے کہ عمران خان اس دنیا کے سب سے برے شخص ہیں، رحم سب سے پاکباز مذہبی خاتون ہیں اور شہباز شریف (سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بھائی) ایک بے مثال شخصیت کے مالک ہیں۔

رحم خان کی اس کتاب پر الزامات کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔ کتاب کے کچھ حصے آن لائن افشا ہونے کے بعد کئی پی ٹی آئی لیڈروں نے ٹوئٹر پر اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے رحم خان پر عمران خان کے کردار کو مجروح کرنے اور آئندہ عام انتخابات سے قبل انھیں بدنام کرنے کے ایجنڈے کا حصہ بننے کا الزام عائد کیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ کتاب رحم اور عمران خان کی شادی پر مبنی ہے اور ان کی زندگی کے کئی اہم حصوں سے پردہ اٹھانے والی ہے۔ اس کتاب کے تعلق سے رحم خان پر ایک بڑا الزام یہ عائد کیا گیا ہے کہ اس کے لیے انھیں پاکستان مسلم لیگ (نواز) سے 10 ہزار پاؤنڈ یعنی تقریباً 90 لاکھ روپے ملے ہیں۔ لوگوں کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ یہ پیسے نواز شریف کے بھائی شہباز شریف نے دیے ہیں۔

پاکستان کے مشہور موسیقار اور پی ٹی آئی رکن سلمان احمد کا پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے ذریعہ رحم کو پیسہ دیے جانے سے متعلق کہنا ہے کہ ’’رحم نے پاکستان مسلم لیگ-نواز (پی ایم ایل-این) سے اپنے سابق شوہر کو بدنام کرنے کے لیے تقریباً 90 لاکھ روپے لیے ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’میرے پاس سب ثبوت ہیں۔ میرے پاس وہ ای میل ہے جسے اس نے مجھے بھیجا تھا۔ رحم نے کتاب میں لکھا ہے کہ عمران خان پاکھنڈی اور جھوٹا ہے جو روزہ اور عبادت نہیں کرتا ہے۔‘‘

Published: 04 Jun 2018, 12:23 PM IST

اپنے اوپر لگائے گئے الزامات سے متعلق رحم خان نے پاکستانی میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’پیسہ لیے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ میری کبھی بھی مریم سے ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی مجھے شہباز نے پیسے دیے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’شہباز سے پیسے لینے کا جو الزام مجھ پر لگایا گیا ہے وہ غلط ہے۔ میں کبھی بھی ان سے اور مریم سے نہیں ملی۔ مجھے سمجھ میں نہیں آ رہا کہ آخر پی ٹی آئی کے لیڈران میری کتاب سے خوفزدہ کیوں ہیں۔‘‘ رحم خان نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’کتاب پڑھنا آخر کس طرح ممکن ہے جب کہ یہ ریلیز بھی نہیں ہوئی ہے۔ یہ صرف دھوکہ دہی یا چوری کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔‘‘

پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری نے اس کتاب کی اشاعت کے وقت غلط ٹھہرایا ہے اور کہا ہے کہ ’’کتاب کی ریلیز کا وقت ظاہر کرتا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کو بدنام کرنا چاہتی ہیں۔‘‘ اس پورے تنازعہ پر رحم کے سابق شوہر ڈاکٹر اعجاز رحمٰن نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ جلد ہی وہ رحم خان سے متعلق کچھ سچائی کا پردہ فاش کرنے والے ہیں۔ رحمٰن نے کہا کہ ’’یہ سچائی رحم کی نشے کی عادت، معاشقہ اور تشدد کو منظر عام پر لائے گی۔‘‘

Published: 04 Jun 2018, 12:23 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 04 Jun 2018, 12:23 PM IST