پاکستان : ایبٹ آباد میں القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ملنے والی دستاویزات میں متعدد ویڈیوز بھی شامل ہیں جن میں سے بعض ویڈیوز اب امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے جاری کردئیےہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق 2011 میں امریکی اسپیشل فورسز کی جانب سے ایبٹ آباد میں کیے جانے والے آپریشن کے دوران امریکی اہلکاروں نے کمپاؤنڈ سے تقریباً 4 لاکھ 70 ہزار فائلیں قبضے میں لی تھیں جن میں کئی ویڈیوز بھی شامل ہیں اور ان ویڈیوز میں اسامہ بن لادن کی نجی زندگی اور روزمرہ کے معمولات کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔میڈیا میں آ رہی رپورٹوں کے مطابق اسامہ بن لادن کارٹون فلمیں دیکھنے اور ویڈیو گیم کھیلنے کا شوقین تھا۔ علاوہ ازیں وہ ہندوستانی فلموں اور گانوں کو بھی شوق سے سنتا تھا۔ برطانوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سی آئی اے کی جانب سے جاری کی جانے والی حالیہ ویڈیوز اور تصاویر کو اس سے قبل کبھی نہیں دیکھا گیا ہے۔
سی آئی اے کی جانب سے جاری کی جانے والی ویڈیوز میں ایک ویڈیو اسامہ بن لادن کے چہیتے بیٹے حمزہ بن لادن کی بھی ہے۔ جو کہ حمزہ بن لادن کی شادی کی ہے جس میں وہ ایک شخص کے ساتھ زمین پر بچھے کارپٹ پر بیٹھا ہوا ہے۔یہ حمزہ بن لادن کی بلوغت کے بعد کی پہلی تصویر ہے جو اس ویڈیو کے ذریعے دنیا کے سامنے آئی ہے جبکہ اس سے قبل حمزہ کی بچپن کی تصویریں ہی دستیاب تھیں۔
ایک ویڈیو میں کمپاؤنڈ کے مختلف حصوں میں چھوٹے بچوں کو ہنستے کھیلتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک منظر میں بچے کمرے کے اندر کھیل رہے ہیں، دوسرے منظر میں ایک نومولود بچی کے ساتھ کوئی چٹکی بجاتے ہوئے کھیل رہا ہے، ایک اور منظر میں بچے کی قلقاریاں سنی جاسکتی ہیں۔
ایبٹ آباد کمپاؤنڈ سے ملنے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک داڑھی والا شخص جو مقامی لباس پہنے ہے، بچوں کو ائیرگن سے غباروں پر نشانہ لگانا سکھارہا ہے۔ ویڈیو میں بچے تو دکھائی دے رہے ہیں لیکن یہ واضح نہیں کہ یہ کس کے بچے ہیں۔ایک اور ویڈیو میں اسامہ بن لادن کے گھر کے عقبی حصے کامنظر دیکھا جاسکتا ہے جس میں ایک بچہ جانوروں کے ساتھ کھیلتا نظر آرہاہے۔ گائے کا بچہ اپنی ماں کا دودھ پی رہا ہے جب کہ پنجروں میں بہت ساری دیسی مرغیاں اور خرگوش بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔
اسامہ ہندوستانی موسیقی میں تو دلچسپی رکھتا ہی تھا وہ یہاں کی میڈیا پر بھی نظر رکھتا تھا۔ اس کے کلیکشن میں ادت نارائن، کمار شانو اور الکا یاگنک کے گانوں کا خزانہ موجود تھا۔ اسامہ کو کھیلوں سےبھی کافی دلچسپی تھی ، اس کے کمپاؤنڈ سے متعدد ہالی ووڈ فلمیں، دستاویزی فلمیں، کمپیوٹر گیمز اور کارٹونوں وغیرہ کی ویڈیوز بھی ملی ہیں۔
سی آئی اے نے کاپی رائٹ کی وجہ سے یہ ویڈیوز جاری نہیں کیں، البتہ ان کی ایک فہرست جاری کی ہے۔ اسامہ کے کمپاؤنڈ پر وہ دستاویزی فلمیں بھی موجود تھیں جو خود پر اور دہشت گردی کے موضوع پر بنائی گئی ہیں ، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اسامہ نے خود پر بننے والی دستاویزی فلمیں دیکھ رکھی تھیں۔
Published: undefined
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ <a href="mailto:contact@qaumiawaz.com">contact@qaumiawaz.com</a> کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز