دیگر ممالک

ولادیمر پوٹن چوتھی بار روس کے صدر منتخب ہوئے

صدر کے طور پر ان کا چوتھا دور 2024 تک ہوگا۔جوزف اسٹالن کے بعد مسٹر پوٹن دو دہائیوں تک روس کا اقتدار سنبھالنے والے ملک کے پہلے رہنما ہوں گے۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا 

ماسکو،: روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے تقریبا 74 فی صد ریکارڈ ووٹوں کے ساتھ عہدہ صدارت کیلئے ہونے والے انتخابات میں جیت درج کی ہے۔

اس جیت کے ساتھ ہی وہ مسلسل چوتھی بار ملک کے صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔ انتخابات میں جیت کے بعد مسٹر پوٹن اگلے چھ سال تک ملک کے صدر بنے رہیں گے۔ صدر کے طور پر ان کا چوتھا دور 2024 تک ہوگا۔جوزف اسٹالن کے بعد مسٹر پوٹن دو دہائیوں تک روس کا اقتدار سنبھالنے والے ملک کے پہلے رہنما ہوں گے۔

روس کے سینٹرل الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی انتخاب میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی زیادہ تر گنتی مکمل ہونے کے بعد پوٹن نے 76 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

روس کے اپوزیشن رہنما اور پوٹن کے سب سے بڑے حریف الیکسی نیوالنی پر ان انتخاب میں حصہ لینے پر پابندی تھی۔

انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد ماسکو میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پوٹن نے کہا کہ ووٹروں نے ان کی گذشتہ چند برسوں کی کامیابیوں کو تسلیم کیا۔

روس کے صدارتی انتخابی نتائج کے مطابق پوٹن کو گذشتہ صدارتی انتخاب کے مقابلے میں اس بار زیادہ ووٹ ملے جبکہ انھیں سنہ 2012 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں 64 فیصد ووٹ ملے تھے۔

روس کے سینٹرل الیکشن کمیشن کے مطابق ولادیمر پوٹن کے قریبی حریف پیول گروڈینن کو اب تک 13.2 فیصد ووٹ ملے۔

ولادیمر پوٹن کی انتخابی ٹیم کو ایک بڑے ٹرن آؤٹ کی امید تھی تاکہ انھیں ممکنہ طور پر مضبوط ترین مینڈیٹ حاصل ہو۔ ان کی انتخابی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ ایک ’ناقابل یقین فتح ہے‘

روس کے صدارتی انتخاب میں پولنگ کے دن آزاد انتخابی نگرانی کے گروپ گولوس نے دھاندلی کے سینکڑوں الزامات عائد کیے ہیں تاہم سینٹرل الیکشن کمیشن کی سربراہ ایلا پامفیلوفا کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی سنگین انتخابی خلاف ورزی دائر نہیں کی گئی ہے۔

انھوں نے انتخابی خلاف ورزیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ’’ہم نے ہر اس چیز کا تجزیہ اور نگرانی کی جو ہم کر سکتے تھے۔ شکر ہے کہ اب تک یہ سب کچھ معمول کے مطابق ہے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined