خبریں

طلباء پر طاقت کا بے تحاشہ استعمال ناقابل قبول: نیشنل کانفرنس

محبوبہ حکومت جس طرح سے طالب علموں کےخلاف طاقت کا بے تحاشہ استعمال کر رہی ہے اُس سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ حکومت حالات سدھارنے کے بجائے مزید بگاڑنا چاہتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سری نگر : نیشنل کانفرنس نے وادی بھر میں طلباء و طالبات کے خلاف طاقت کے استعمال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی نااہلی، غیر سنجیدگی اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج کشمیر کے یمین و یسار میں پھر ایک بار طالب علم سراپا احتجاج ہیں ، جو اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ پی ڈی پی حکومت عوام کش، نوجوان دشمن اور کشمیرمخالف ایجنڈےپر گامزن ہے۔

ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کٹھوعہ سانحہ کے خلاف پُرامن احتجاج کرنے والے طلباء و طالبات کو تشدد کا نشانہ بنانے کی حکومتی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ موجودہ حکومت لوگوں کا تہہ تیغ کرنے کی کارروائیوں کی خاموش تماشائی بن بیٹھی ہے۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ فورسز کی طرف سے کالجوں میں گھس کر مستقبل کے معماروں پر طاقت کا بے تحاشہ استعمال اور پیلٹ گن کے دہانے کھولنے سے بڑی بدقسمتی کے سوا کیا ہوسکتی ہے۔

جنرل سکریٹری نے کہا کہ نوجوانوں کا دل جیتنے کے بجائے انہیں طاقت کا استعمال کرکے پشت بہ دیوار کیا جارہا ہے، جس سے اُن کے غم و غصے اور ناراضگی میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جس طرح سے طالب علموں کیخلاف طاقت کا بے تحاشہ استعمال کیا جارہا ہے اُس سے صاف ظاہر ہورہا ہے کہ حکومت حالات سدھارنے کے بجائے مزید بگاڑنا چاہتی ہے۔ اس طرح کے واقعات سے لوگوں میں غم وغصہ میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کےخلاف براہ راست جنگ چھیڑ رکھی ہے اور حکومتی فورسز لوگوں کا تہہ تیغ کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے ہیں، حکومت ریاست میں لاقانونیت، بدامنی اور بے چینی پھیلانے کی مرتکب ہورہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ساگر نے کہا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ایک طرف نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار کر نسل کشی کی جارہی ہے اور دوسری جانب نوجوانوں کو پیلٹ گن اور گولیوں سے اپاہج و نابینا بنا کر اُن کا مستقبل تاریک بنایا جارہاہے جبکہ نوجوان کو الگ تھلگ اور تعلیم سے دور کرنے کیلئے نوجوان دشمن پالیسیاں اختیار کی جارہی ہیں۔علی محمد ساگر نے نوجوانوں سے اپیل کہ وہ امن وامان کو بنائے رکھیں کیونکہ تشدد مسائل کا حل نہیں اور سب کچھ پرامن طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined