لکھنؤ کے رما بائی امبیڈکر میدان میں منعقد ریلی میں یوگی حکومت میں کابینہ وزیر اوم پرکاش راجبھر نے بی جے پی پر زبردست حملہ کیا۔ اوم پرکاش راجبھر نے کہا کہ ’’میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔ بی جے پی حصہ دینا نہیں چاہتی ہے۔ جب بھی میں غریب کے سوال پر حصے کی بات کرتا ہوں، یہ مندر کی بات کرتے ہیں، مسجد کی بات کرتے ہیں اور ہندو-مسلمان کی بات کرتے ہیں۔‘‘
راجبھر نے اپنی تقریر کے دوران وزارتی عہدہ سے کبھی بھی استعفیٰ دینے تک کا اشارہ دے دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں اقتدار کا مزہ چکھنے کے لیے نہیں آیا ہوں، غریبوں کی لڑائی لڑنے آیا ہوں۔ یہ لڑائی لڑوں یا بی جے پی کا غلام بن کر رہوں؟ ایک دفتر آج تک نہیں دیا گیا۔ میں نے تو ذہن بنایا کہ آج اس اسٹیج سے اعلان کروں گا۔ آج استعفیٰ دے کر مانوں گا۔‘‘
Published: 27 Oct 2018, 8:09 PM IST
سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ راجبھر نے موجودہ تعلیمی نظام کی حالت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے پرائمری اسکولوں کے پڑھے بچے ڈاکٹر بنتے تھے، آج پرائمری اسکولوں میں 3.18 لاکھ عہدے خالی پڑے ہیں۔ ریاست میں پرائمری اسکولوں کی حالت خراب ہے۔ پرائمری اسکولوں میں خالی پڑے اساتذہ کے 3.18 لاکھ عہدوں پر بھرتی ہونی چاہیے۔ اچھا پڑھانے والے اساتذہ کی تنخواہ بڑھائی جانی چاہیے۔ بھرتی کے لیے قانون بننا چاہیے۔ لیکن بی جے پی حکومت مندر بنوانا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ اوم پرکاش راجبھر پہلے بھی بی جے پی پر نشانہ سادھتے رہے ہیں۔ اس سے پہلے بھی کئی مواقع پر وہ یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی تنقید کر چکے ہیں۔ راجبھر نے کہا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں خود کو نظر انداز محسوس کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ کابینہ میں سبھی کی باتیں سنی جاتی ہیں، لیکن فیصلے چار سے پانچ لوگ ہی کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ 19 مارچ کو اوم پرکاش راجبھر نے کہا تھا کہ موجودہ یو پی حکومت صرف مندروں پر دھیان دے رہی ہے۔ اتنا ہی نہیں انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ غریبوں کی ترقی پر بی جے پی کا دھیان نہیں ہے جنھوں نے ووٹ دے کر انھیں اقتدار سونپا۔
Published: 27 Oct 2018, 8:09 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Oct 2018, 8:09 PM IST
تصویر: پریس ریلیز