خبریں

دادری میں بائک سواروں کی دہشت، چن چن کر مسلمانوں کو مار رہے گولی!

10 جولائی سے اب تک گریٹر نوئیڈا کے دادری میں موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے چار الگ الگ واقعات میں پانچ لوگوں کو گولی ماری اور وہ سبھی اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

گریٹر نوئیڈا کے دادری میں 9 اگست کی شب موٹر سائیکل پر سوار دو لوگوں کو گولی مار کر بری طرح زخمی کر دیا گیا۔ گولی مارنے والے بھی موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ یہ معاملہ اس لیے انتہائی حیران کرنے والا ہے کیونکہ گزشتہ ایک مہینے کے اندر موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں کے ذریعہ اب تک پانچ نوجوانوں کو ایک ہی انداز میں گولی مار کر زخمی کیا گیا ہے، اور اس سے بھی حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ سبھی پانچ نوجوان کا تعلق مسلم طبقہ سے ہے۔ لگاتار مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے سے مقامی لوگوں، خصوصاً اقلیتی طبقہ میں دہشت کا ماحول ہے۔

تازہ واقعہ سے متعلق پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ دادری کے میواتیا محلہ میں جمعرات کی شب دو دوست سلمان اور افسر موٹر سائیکل پر سوار ہو کر کہیں جا رہے تھے کہ اچانک ایک دو بدمعاش موٹر سائیکل پر سوار ان کے پیچھے لگ گئے۔ ان بدمعاشوں پر سلمان اور افسر نے کوئی دھیان نہیں دیا، لیکن کچھ ہی دیر میں دوسری موٹر سائیکل پر پیچھے سوار نوجوان نے پستول نکال کر سلمان اور افسر کو گولی مار دی۔ اطلاعات کے مطابق بری طرح زخمی حالت میں سڑک پر گرے دونوں مسلم نوجوانوں کو آس پاس کے لوگوں نے فوراً اسپتال پہنچایا جہاں ان کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

Published: undefined

9 اگست کو ہوئے واقعہ سے قبل بھی ٹھیک اسی طرح کا واقعہ تین مرتبہ پیش آ چکا ہے۔ پہلا معاملہ 10 جولائی کو پیش آیا تھا اور اب تک اس میں فیاض، فیضان، شوقین، سلمان اور افسر زخمی ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پہلے تین معاملوں میں دو بدمعاش موٹر سائیکل پر سوار تھے اور انھوں نے سڑک پار کرتے ہوئے نوجوان کو گولی ماری تھی۔ ایک مہینے میں ایک ہی طرح کے چار واقعہ میں پانچ مسلم نوجوان زخمی ہوئے لیکن ابھی تک کسی کی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ ملزمین کو گرفتار کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور جائے حادثہ کے آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی بھی جانچ ہو رہی ہے لیکن ہنوز کوئی کامیابی ہاتھ نہیں لگی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined