خبریں

شیو سینکوں نے ’ہیلمٹ‘ کا کیا ’انتم سنسکار‘، بی جے پی حکومت کے خلاف ہوئی نعرے بازی

سڑکوں پر بڑھتے حادثات کے پیش نظر مہاراشٹر میں دوپہیہ گاڑی چلانے والوں کو ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد لوگوں میں ناراضگی ہے اور شیو سینا کارکنان بھی غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

مہاراشٹر کی بی جے پی حکومت کے ذریعہ دوپہیہ گاڑی چلاتے وقت ہیلمٹ پہننے کو لازمی قرار دیے جانے کے بعد اس کی سخت مخالفت شروع ہو گئی ہے۔ لوگ کثیر تعداد میں سڑکوں پر اتر آئے ہیں اور شیوسینا کارکنان نے تو ’ہیلمٹ سختی مخالف کمیٹی‘ بنا کر ہیلمٹ کی ’شَو یاترا‘ نکالی اور پھر اس کا ’انتم سنسکار‘ بھی کر دیا۔ فڑنویس حکومت کے فیصلے سے ناراض شیو سینا کارکنان نے حکومت مخالف نعرے بھی لگائے اور اس سختی کو جلد از جلد واپس لینے کے لیے دباؤ بھی بنایا۔

مہاراشٹر حکومت کے خلاف ہیلمٹ شَو یاترا کی قیادت بالا صاحب رونوال کر رہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ سے کئی طرح کے نقصان ہیں۔ ان کے مطابق ہیلمٹ اس قدر بھاری ہوتا ہے کہ اس سے دوپہیہ گاڑی چلانے والوں کو ریڑھ اور گردن میں درد کی بیماری ہو جاتی ہے۔ اتنا ہی نہیں، بائک چلانے والے بال جھرنے کے مرض میں بھی مبتلا ہو جاتے ہیں۔ اس طرح کی دلیلیں دے کر رونوال کہتے ہیں کہ ہیلمٹ پہننا لازمی نہیں ہونا چاہیے اور فڑنویس حکومت کو اس سلسلے میں سوچنا چاہیے۔

Published: 10 Jan 2019, 6:09 PM IST

قابل ذکر ہے کہ پونے سے رکن پارلیمنٹ انل شرولے بھی ہیلمٹ لازمی کیے جانے سے متعلق فیصلے کے سخت خلاف ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی حفاظت ضروری ہے لیکن لوکل روڈ پر لوگ اتنی تیز گاڑیاں نہیں چلاتے ہیں اور لیے یہاں ہیلمٹ لازمی نہیں ہونا چاہیے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حادثات بڑی سڑکوں پر ہوتے ہیں جہاں لوگوں کو ہیلمٹ پہننا چاہیے۔ این سی پی ترجمان انکش کاکڑے کا اس سلسلہ میں کہنا ہے کہ ’’جو لوگ ہیلمٹ نہیں پہن رہے انھیں کسی طرح کا جرمانہ لگانے کی جگہ سمجھا کر چھوڑ دینا چاہیے۔ لوگوں پر بہت زیادہ سختی مناسب نہیں ہے۔‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ سال پونے میں 184 اموات ہونے کے بعد انتظامیہ نے دوپہیہ گاڑیاں چلاتے وقت ہیلمٹ پہننے پر سختی برتی اور اسے لازمی کر دیا۔ اس کے خلاف شیو سلیان لیڈر مہادیو ببئی نے پولس انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ ہم روڈ پر سیفٹی کے خلاف نہیں ہے لیکن جس سختی سے پولس انتظامیہ اسے نافذ کر رہی ہے وہ غلط ہے۔ غور طلب ہے کہ موٹر وہیکل ایکٹ 1988 کے مطابق دوپہیہ گاڑی چلانے والوں کو ہیلمٹ پہننا لازمی ہے۔ لیکن انتظامیہ کے بار بار کہنے کے باوجود لوگ ہیلمٹ نہیں پہنتے ہیں۔

Published: 10 Jan 2019, 6:09 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 10 Jan 2019, 6:09 PM IST