پے ٹی ایم کمپنی کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور کمپنی کا ڈاٹا چوری کر اس کے عوض تاوان کا مطالبہ کرنے کے معاملہ میں ایک نیا موڑ آگیا ہے۔ معاملے کی ملزم کمپنی کی وائس پریسیڈنٹ سونیا دھون کے گھر والوں نے پے ٹی ایم کے مالک وجے شیکھر شرما اور اجے شیکھر شرما پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ گھر والوں کا الزام ہے کہ یہ تاوان کا معاملہ نہیں ہے بلکہ کاروباری معاملہ ہے۔ اس سلسلے میں گرفتار سونیا دھون اور ان کے شوہر روپک جین کے گھر والوں کے مطابق سونیا کے پاس کمپنی کے 10 کروڑ کے شیئر تھے اور کمپنی کے مالک اجے شیکھر اور وجے شیکھر چاہتے تھے کہ وہ ان شیئرس کو واپس کر دے۔ اس سے انکار کرنے پر اسے تاوان کے کیس میں پھنسا دیا گیا۔ معاملہ کے چوتھے ملزم روہت چومل، جو کولکاتا میں رہتا ہے، کو اب تک گرفتار نہیں کیے جانے پر سوال اٹھاتے ہوئے سونیا کے گھر والوں نے معاملہ کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
ہندی نیوز ویب سائٹ اے بی پی نیوز کی خبر کے مطابق دونوں کے گھر والوں نے بتایا کہ سونیا کو لگاتار نامعلوم نمبر سے فون پر دھمکیاں مل رہی تھیں اور پانچ کروڑ روپے کا تاوان مانگا جا رہا تھا۔ گھر والوں کے مطابق سونیا کو مل رہی دھمکی کی شکایت اس کے شوہر روپک جین نے 22 ستمبر کو نوئیڈا کے تھانہ سیکٹر-39 میں درج کرائی تھی لیکن ان کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ گھر والوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جس نمبر سے ان سے پانچ کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا، اگر اس کالر کو گرفتار کیا جائے تو سب کچھ صاف ہو سکتا ہے، لیکن پولس اسے تلاش کرنے کی کوشش نہیں کر رہی ہے۔
Published: 25 Oct 2018, 10:09 PM IST
سونیا کے خلاف لگے سبھی الزامات کو بے بنیاد بتاتے ہوئے اس کی بہن روپالی دھون نے میڈیا کو بتایا کہ کمپنی میں 70 لاکھ روپے سالانہ کے پیکیج پر کام کر رہی سونیا اس مقام تک اپنے 10 سال کی سخت محنت کی بدولت پہنچی تھی۔ روپالی نے بتایا کہ تقریباً ڈیڑھ مہینے پہلے ہی سونیا کو پروموشن دیتے ہوئے کمپنی کا ڈپٹی پریسیڈنٹ بنایا گیا تھا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ کمپنی کے مالک اجے شیکھر شرما اور وجے شیکھر شرما سونیا پر کمپنی کے 10 کروڑ کے شیئر واپس کرنے کا دباؤ بنا رہے تھے اور اس کے انکار کرنے پر اسے جھوٹے معاملے میں پھنسا دیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ پیر کے روز نوئیڈا پولس نے ملک کی ای-والیٹ کمپنی پے ٹی ایم کے بانی وجے شیکھر شرما سے کمپنی کا ڈاٹا افشا کرنے کی دھمکی دے کر 20 کروڑ کا تاوان مانگنے کے معاملے کا انکشاف کیا تھا۔ پولس نے اس معاملے میں شرما کی سکریٹری اور کمپنی کی وائس پریسیڈنٹ سونیا دھون، اس کے شوہر روپک جین اور کمپنی میں کام کرنے والے دیویندر کمار کو گرفتار کیا تھا، جب کہ معاملے کے چوتھے ملزم روہت چومل کو فرار بتایا گیا تھا۔
پہلے ہی اس معاملے کے انکشاف میں اسرائیل کی جانچ ایجنسی موساد کے کردار کی بات سامنے آنے سے تنازعہ پیدا ہو گیا تھا اور اب ملزمین کے گھر والوں کے نئے انکشاف نے اسے مزید سنگین بنا دیا ہے۔ تازہ انکشافات کے بعد سیدھا لگ رہا یہ معاملہ الجھتا ہوا محسوس ہو رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں اس تعلق سے مزید کئی حیران کرنے والے انکشافات ہونے کے امکان بھی بڑھ گئےہیں۔
Published: 25 Oct 2018, 10:09 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Oct 2018, 10:09 PM IST