خبریں

جموں گرینیڈ دھماکہ: ایک اور زخمی دم توڑ گیا، مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 2 ہوئی

30 سے زائد زخمیوں کا علاج ہنوز اسپتال میں چل رہا ہے جن میں دو کی حالت اب بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ گرینیڈ دھماکہ کے ملزم یاسر جاوید بٹ سے پولس کی پوچھ گچھ لگاتار جاری۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

جموں: جموں کے بس اڈے میں جمعرات کو ہونے والے گرینیڈ دھماکے کا ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے نتیجے میں مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 2 ہوگئی ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولس (آئی جی پی) جموں منیش کمار سنہا نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’یہ خبر دکھ کے ساتھ دی جاتی ہے کہ محمد ریاض ولد محمد امین ساکنہ مٹن اننت ناگ جو گذشتہ روز کے گرینیڈ دھماکے میں شدید طور پر زخمی ہوا تھا، جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو اسپتال میں دم توڑ گیا۔‘‘

Published: undefined

واضح رہے کہ جموں کے بس اڈے میں جمعرات کو ہوئے گرینیڈ دھماکے میں ایک غیر ریاستی نوجوان ہلاک جبکہ دیگر 32 افراد زخمی ہوئے تھے۔ سبھی زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں میں داخل کرایا گیا تھا۔ گرینیڈ دھماکے کی وجہ سے بس اڈے میں کھڑی کچھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ جمعرات کو جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت ہریدوار اتراکھنڈ کے رہنے والے محمد شارق کے طور پر ہوئی تھی۔

جموں وکشمیر پولس نے گرینیڈ پھینکنے والے نوجوان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس کی شناخت ضلع کولگام کے رہنے والے یاسر جاوید بٹ کے طور پر کی گئی ہے۔ آئی جی پی جموں منیش کمار سنہا نے جمعرات کی شام یہاں پولس کنٹرول روم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یاسر جاوید نے حزب المجاہدین کے ضلع کمانڈر کولگام کے کہنے پر گرینیڈ پھینکا۔ انہوں نے واقعہ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ’’جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ جمعرات کی صبح گیارہ بجکر 50 منٹ پر جنرل بس اسٹینڈ جموں میں ایک گرینیڈ دھماکہ ہوا۔ اس میں ہردیوار اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والا ایک عام شہری محمد شارق جاں بحق جبکہ دیگر 32 زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے دس کا تعلق جموں، گیارہ کشمیر اور باقی 9 دوسری ریاستوں سے تعلق رکھتے ہیں۔‘‘

Published: undefined

منیش کمار نے مزید کہا کہ ’’حملے کے فورا بعد ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ عینی شاہدین کے بیانات اور سی سی ٹی وی کوریج کی بناءپر ہم نے ایک مشتبہ نوجوان کا پتہ چلایا۔ جموں میں قائم تمام ناکوں کو الرٹ کیا گیا۔ ایس ڈی پی او نگروٹہ اور ایس ایچ او نگروٹہ کی قیادت والی ٹیم نے بن ٹول پلازہ نگروٹہ کے نزدیک اس مشتبہ نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ وہ جموں سے باہر نکلنے کی کوشش میں تھا۔ اس سے پوچھ گچھ کی گئی۔ پوچھ گچھ کے ابتدائی مرحلے میں اس نے اپنا جرم قبول کرلیا۔ اس کی شناخت یاسر جاوید بٹ ولد جاوید بٹ ساکنہ دسن کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یاسر نے پوچھ گچھ کے دوران کہا کہ اسے حزب المجاہدین کے ضلع کمانڈر کولگام فاروق احمد بٹ عرف عمر نے گرینیڈ پھینکنے کے لئے کہا تھا۔ یاسر بدھ کے روز کولگام سے جموں کی طرف روانہ ہوا تھا۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ دھماکے کے وقت جموں کے بس اڈے میں موجود ایک نوجوان نے کہا تھا کہ ’’ہم یہاں سڑک کے کنارے گاڑی کا انتظار کررہے تھے کہ ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ اس کی وجہ سے یہاں موجود سبھی لوگ سہم گئے۔ پہلے تو سبھی لوگ بتارہے تھے کہ گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا، لیکن جب نزدیک گئے تو پتہ چلا کہ دھماکہ ہوا تھا۔ ہم نے دھماکے کے مقام پر چند افراد کو خون میں لت پت گرا ہوا پایا۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined