خبریں

میں مصروف ہوں، جانچ میں شامل نہیں ہوسکتا: نیرو مودی

پی این بی گھوٹالہ کے کلیدی ملزم نیرو مودی نے  سی بی آئی کے ای میل کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیرون ممالک میں بھی کاروبار ہے اور وہ بہت مصروف ہیں اس لئے وہ جانچ میں شامل نہیں ہو سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا  نیرو مودی کی فائل تصویر 

نیرو مودی نے ایک بار پھر ٹھینگا دکھاتے ہوئے پی این بی گھوٹالہ کی جانچ میں مدد کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ جانچ کررہی سی بی آئی نے نیرو مودی کو ای میل کیا تھا اور ان سے جانچ میں شامل ہونے کے لئے کہا تھا، لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے صاف انکار کر دیا۔

سی بی آئی نے نیرو مودی کےآفیشل ای میل آئی ڈی پر پیغام بھیج کر یہ حکم دیا تھا۔ لیکن اس ای میل کے جواب میں نیرو مودی نے کہا ہے کہ ان کا بیرون ممالک میں بھی کاروبار ہے اور وہ بہت مصروف ہیں اس لئے وہ جانچ میں شامل نہیں ہو سکتے۔ اس کے بعد سی بی آئی نے پھر ای میل کر کے ان کو لکھا کہ وہ جس ملک میں بھی ہیں وہ اس ملک میں ہندوستانی سفارت خانہ سے راابطہ کریں تاکہ ان کے ہندوستان آنے کا انتظام کیا جا سکے۔

سی بی آئی نے نیرو سے اگلے ہفتے جانچ میں شامل ہونے کے لئے کہا تھا۔ لیکن نیرو صاف کر چکے ہیں کہ وہ کسی بھی قیمت پر جانچ میں شامل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے پہلے بھی خط لکھ کر پنجاب نیشنل بینک سے کہہ دیا تھا کہ بینک نے چونکہ سارے معاملے کو عوام میں پیش کر دیا ہے جس کی وجہ سے ان کے کاروبار کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اب ان کا پیسہ لوٹا نے کا بالکل ارادہ نہیں ہے۔

دوسری جانب نیرو مودی کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کرنے کے لئے اینفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے خصوصی عدالت سے رجوع کیا ہے۔

Published: 01 Mar 2018, 7:08 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 01 Mar 2018, 7:08 AM IST