خبریں

اہم خبر: کشمیر میں تلاشی مہم کے دوران کثیر مقدار میں گولہ بارود برآمد، ایک گرفتار

امریکہ کے دباؤ میں اٹلی نے مہان ایئر پر پابندی عائد کی ہے۔ امریکہ اس اقدام کے ذریعے ایران کی ہوا بازی صنعت کو نشانہ بنا رہا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

جموں و کشمیر: کثیر مقدار میں گولہ بارود کے ساتھ حزب المجاہدین کا رکن گرفتار

جموں و کشمیر میں 26 نیشنل رائفلز (کماؤں) اور اسپیشل آپریشن گروپ کے ذریعہ کیے گئے ایک مشترکہ آپریشن میں حزب المجاہدین کا ایک زمینی کارکن گرفتار کیا گیا۔ اس کے پاس سے کثیر مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ ساتھ ہی اس کے پاس سے حزب المجاہدین کے کچھ لٹریچر بھی برآمد ہوئے ہیں۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

سونیا گاندھی اور شرد پوار کی ملاقات ختم، پوار نے دہرائی اپوزیشن میں بیٹھنے کی بات

این سی پی سربراہ شرد پوار اور کانگریس صدر سونیا گاندھی کے درمیان ملاقات ختم ہو گئی ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ ’’میں نے سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ میں نے انھیں مہاراشٹر کے سیاسی حالات کے تعلق سے تفصیلات دے دی ہیں۔‘‘ لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہم نے حکومت سازی کے تعلق سے کوئی بات چیت نہیں نہیں کی۔‘‘ شرد پوار نے واضح لفظوں میں کہا کہ انھیں عوام نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا مینڈیٹ دیا ہے اور اس وقت نہ ہی انھوں نے شیوسینا سے کوئی بات چیت کی ہے اور نہ ہی شیو سینا نے ہی ان سے حکومت سازی کے لیے کوئی رابطہ کیا ہے۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

دہلی: این سی پی سربراہ شرد پوار کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملنے ان کی رہائش پہنچے

مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لیے سرگرمیاں مزید تیز ہو گئی ہیں۔ ایک طرف فڑنویس نے سینئر بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری سے ملاقات کی ہے تو دوسری طرف شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے ریاست کے گورنر کوشیاری سے ملاقات کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے سیاسی ماحول پر ان سے بات چیت کی۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق این سی پی سربراہ شرد پوار بھی بی جے پی کے تئیں شوسینا کے سخت رخ کو دیکھ سرگرم ہو گئے ہیں اور وہ کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کے لیے دہلی واقع ان کی رہائش پہنچ گئے ہیں۔ اس ملاقات کو کافی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ دیکھنے والی بات یہ ہے کہ ان دونوں کی میٹنگ کیسی رہتی ہے اور ملاقات کے بعد کیا کوئی بات باہر نکلتی ہے!

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

جموں و کشمیر: سری نگر میں ہوئے گرینیڈ دھماکہ کا ویڈیو منظر عام پر

جموں و کشمیر میں مولانا آزاد روڈ کے پاس بازار میں ہوئے گرینیڈ حملے کا سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح ملی ٹینٹوں نے کس طرح سے بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں گرینیڈ پھینکا۔ گرینیڈ پھٹنے کے بعد لوگ اِدھر اُدھر بھاگتے ہوئے نظر آئے۔ واضح رہے کہ اس واقعہ میں جہاں اتر پردیش کے رنکو نامی ایک شخص کی موت ہو گئی وہیں 2 درجن سے زیادہ لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان میں سے تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

جموں و کشمیر: گرینیڈ دھماکہ میں ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق اتر پردیش سے

سری نگر میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے کیے گئے گرینیڈ دھماکہ میں جس ایک شخص کی موت ہوئی ہے، اس کی شناخت کر لی گئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس کا نام رنکو کمار ہے اور وہ اتر پردیش کا باشندہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ چھاپڑی فروش تھا اور سری نگر میں گونی کھن گلی کے داخلی پوائنٹ پر کھلونے فروخت کیا کرتا تھا۔

واضح رہے کہ جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے مصروف ترین تجارتی علاقہ ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں پیر کے روز ہونے والے ایک گرینیڈ حملے میں ایک غیر ریاستی چھاپڑی فروش ہلاک جبکہ تین سیکورٹی فورس اہلکاروں سمیت قریب 27 دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

پاکستان: مریم نواز کی ضمانت منظور

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی چودھری شوگر مل (سی ایس ایم) معاملے میں پیر کو ضمانت منظور کر لی۔
جسٹس علی بکر نجفی اور جسٹس سردار احمد نعیم پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ سماعت کے دوران مریم کے وکیل اور قومی احتساب بیورو (نیب) کے عہدیدار بھی عدالت میں موجود تھے۔ بنچ نے اس معاملے میں 31 اکتوبر کو سماعت مکمل کر کے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل عروج پر، شرد پوار اور سونیا گاندھی کی ملاقات آج!

نئی دہلی: مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے سلسلے میں چل رہی کھینچ تان کے درمیان نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار پیر کو کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کریں گے سیاسی گلیاروں میں ایسی تذکرہ ہے کہ مہاراشٹر میں حکومت بنانے کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور شیو سینا کے درمیان رضامندی قائم نہیں ہوتی ہے، تو کانگریس اور این سی پی شیو سینا کو حمایت دینے پر غور کر سکتی ہے۔مہاراشٹر میں حکومت بنانے اور محکموں کی تقسیم کے معاملے میں دونوں پارٹیوں میں تعطل برقرار ہے۔واضح رہے کہ مہاراشٹر میں حالیہ ہوئے اسمبلی انتخابات میں 288 سیٹوں میں سے بی جے پی نے 105 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ شیو سینا 56 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی ۔ ادھر سیاسی تعطل کے درمیان شیو سینا لیڈر سنجے راوت نے این سی پی لیڈر اجیت پوار کو پیغام بھیجا تھا ۔ موبائل پر بھیجے گئے پیغام میں مسٹر راوت نے لکھا’’ نمسکار میں سنجے راوت، جے مہاراشٹر‘‘۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

جموں و کشمیر: دہشت گردوں نے کیا گرینیڈ سے حملہ، 1 شہری ہلاک، متعدد زخمی

جموں و کشمیر کے سری نگر واقع مولانا آزاد روڈ پر دہشت گردوں کے ذریعہ گرینیڈ حملہ کیے جانے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اس حملہ میں ایک شہری کے ہلاک ہونے کی بھی خبر ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق 20 دیگر شہری زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

ایودھیا معاملے میں عدالت کے فیصلے کا احترام کریں: نریندر گری

پریاگ راج: اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد کے صدر نریندر گری نے سادھو سنتوں اور عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایودھیا معاملے میں سپریم کورٹ کے ہر فیصلے کا احترام کرتے ہوئے سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والا کوئی قدم نہ اٹھائیں۔ مہنت گری نے پیر کو کہا کہ بی جے پی کے سکریٹری سنیل بنسل سے انہوں نے کل لکھنؤ میں ملاقات کی تھی، ملاقات کے دوران ایودھیا معاملے میں سپریم کورٹ کے ممکنہ فیصلے پر تبادلہ خیال کے ساتھ سماجی ہم آہنگی کو قائم رکھنے کے سلسلے میں بھی بات ہوئی ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے آنے والے فیصلے کو دیکھتے ہوئے سادھوں۔سنتوں اور سبھی افراد سے امن و امان بنائے رکھنے کی اپیل کی ہے۔ اکھاڑے کے صدر نے کہا کہ قومی سالمیت اور اتحاد کو یقینی بنانے سماجی ہم آہنگی کا ہونا ضروری ہے۔ دہائیوں پرانے متنازعہ زمین معاملے میں عدالت کا جوبھی فیصلہ ہو سبھی کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

مغربی دہلی میں شدید آگ، فائر بریگیڈ کے تین اہلکار جھلسے

نئی دہلی: مغربی دہلی کے پیراگڑھی علاقے میں ایک چار منزلہ عمارت میں پیر کو شدید آگ لگ گئی جس پر قابو پانے کے دوران فائربریگیڈ کے تین اہلکار جھلس گئے۔ فائربریگیڈ کے ذرائع نے پیر کو بتایا کہ آج صبح آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد فائربریگیڈ کے 25 اہلکاروں کو جائے وقوع پر روانہ کیا گیا ہے۔ آگ پر قابو پانے کی مہم کے دوران عمارت گر گئی۔ اس دوران فائربریگیڈ کے تین اہلکار جھلس گئے۔ اس حادثے میں کسی دیگر کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

دہلی کی تیس ہزار کورٹ میں تصادم، وکلا کی حمایت میں حیدرآباد کی عدالتوں میں کام کا بائیکاٹ

حیدرآباد: دہلی کے تیس ہزاری کورٹ احاطہ میں ہفتہ کو دہلی پولس اور وکلا کے تصادم کے واقعہ پر وکلا کی حمایت میں تمام عدالتوں کے کام کا وکلا نے بائیکاٹ کیا ہے۔ ان وکلا نے پولس کی کارروائی کی مذمت کی ہے۔ تلنگانہ کے وکلا نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے قریب ریلی نکالی اور وکلا کے ساتھ زیادتی کرنے والی پولس کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان وکلا نے پولس کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

سپریم کورٹ کے باہر وکلاء نے کیا مظاہرہ

دہلی کی تیس ہزاری کورٹ میں 2 نومبر کو پولس کے ساتھ جھڑپ میں زخمی ہوئے وکلاء کو 10-10 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا مطالبہ سمیت مختلف مسائل کو لے کر سپریم کورٹ کے باہر وکلاء نے احتجاج کیا۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

تیس ہزاری کورٹ کے بعد اب کڑکڑڈوما کورٹ میں ہنگامہ، وکلاء نے پولس اہلکار کو پیٹا

دہلی کی تیس ہزاری کورٹ میں ہوئے تشدد کے بعد کڑکڑڈوما کورٹ میں پولس اور وکلاء کے درمیان تصادم کی خبر آ رہی ہے، بتایا جا رہا ہے کہ وکلاء نے ایک پولس اہلکار کی پٹائی کر دی ہے، موقع پر بڑی تعداد میں پولس پہنچ گئی ہے۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

سمندری لٹیروں نے ناروے کے جہاز کے 9 اراکین کو بنایا یرغمال

اوسلو: سمندری لٹیروں نے مغربی افریقی سمندری سرحد کےعلاقے میں ناروے کے ایک بحری جہاز پر حملہ کرکے ان کے پائلٹ عملے کے 9 ارکان کو یرغمال بنا لیا ہے۔ شپنگ کمپنی جے جے اگلینڈ نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ ’’ہزارا جہاز ایم وی بونٹا پر سمندری لٹیروں نے ہفتہ کی صبح اس وقت حملہ کیا جب وہ سامان خالی کرنے کے لئے كوتو نوؤ میں رکا ہوا تھا۔ لیٹروں نے پائلٹ عملے کے 9 ارکان کو اغوا کر لیا۔ کمپنی کی ڈیزاسٹر ریلیف فورس کی ٹیم جانچ میں مصروف ہے اور متعلقہ حکام کو بھی اس واقعہ کے متعلق معلومات دے دی گئی ہے‘‘۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اہل خانہ کو اغوا کرنے کے معاملے میں اطلاع دے دی گئی ہے۔ یرغمال بنائے گئے پائلٹ عملے کے ارکان کی حفاظت کے پیش نظر اس واقعہ پر زیادہ تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔ ناروے کی وزارت خارجہ کے ترجمان گری سولبرگ نے ناروے نیوز ایجنسی کو بتایا کہ اس واقعہ میں ناروے کے شہری ملوث نہیں ہیں۔ ناروے کے میڈیا نے ناروے شپ اونرس ایسوسی ایشن کے حوالے سے بتایا کہ سمندری لٹیرے فلپائن کے شہری ہیں۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

عدالتی فیصلے سے قبل ایودھیا زمینی تنازعہ سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹ پر لگی روک

ایودھیا کے ڈی ایم انوج کمار جھا نے ایودھیا زمینی تنازعہ معاملہ پر آنے والے فیصلے کے پیش نظر سوشل میڈیا پر پیغامات نشر کرنے اور پوسٹر چسپاں کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ ڈی ایم انوج کمار جھا کے مطابق ان سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی خراب ہوسکتی ہے۔ یہ حکم 28 دسمبر، 2019 تک لاگو رہے گا۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

ایران کی مہان ایئر نے دسمبر سے اٹلی کے لئے فضائی خدمات معطل کی

تہران: ایران کی مہان ایئر نے دسمبر سے اٹلی کے لئے اپنی پروازوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن آف ایرانی ایئر لائنز ( اے آئی اے) کے سربراہ مسعود اسدی سلمانی نے گزشتہ روز کہا کہ ایران کی مہان ایئر نے دسمبر سے اٹلی کے لئے پروازوں کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اٹلی کے روم اور میلان شہروں کے لئے 21 دسمبر تک پروازیں جاری رہیں گی۔ امریکہ کے دباؤ میں اٹلی نے مہان ایئر پر پابندی عائد کی ہے۔ امریکہ اس اقدام کے ذریعے ایران کے ہوا بازی صنعت کو نشانہ بنا رہا ہے۔ واضح ر ہے کہ ہفتہ کو اٹلی کے ایوی ایشن حکام نے کہا تھا کہ ایران کی مہان ایئر کی روم اور میلان کے لیے پروازوں کو دسمبر سے روک دیا جائے گا۔ گزشتہ برس دسمبر میں دو یورپی ممالک جرمنی اور فرانس نے مہان ایئر کی پروازوں پر پابندی عائد کی تھی۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 04 Nov 2019, 10:12 AM IST