خبریں

اہم خَبر: دہلی میں پٹاخہ جلانے کے دوران 44 افراد کی آنکھیں زخمی

آگ کی وجہ سے بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی ہے اور اب تک 30 ہزار ایکڑ کا رقبہ جل کر خاک ہو چکا ہے۔ کیلیفورنیا کے گورنر نے ریاست میں ایمر جنسی نافذ کر نے کا اعلان کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

دہلی: دیوالی تقاریب میں پٹاخے جلانے کے دوران 44 افراد کی آنکھیں زخمی

حیدر آباد: دیوالی تقاریب میں پٹاخہ جلانے کے دوران تقریباً 44 افراد کی آنکھیں زخمی ہو گئیں۔ سروجنی دیوی آئی اسپتال کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ ان 44 کے منجملہ 7 کو اسپتال میں شریک کروالیا گیا، کیونکہ ان کی حالت تشویشناک ہے۔ 7 میں سے 3 افراد کی سرجری کی گئی۔ اتوار کی دوپہر سے پیر کی صبح کے درمیان 44 افراد اسپتال سے رجوع ہوئے۔

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST

سوپور میں جنگجوؤں نے سلامتی دستہ پر کیا گرینیڈ سے حملہ، 12 افراد زخمی

سری نگر: جموں کشمیر کے سوپور میں جنگجوؤں نے پیر کے روز ایک بس اڈہ کے نزدیک سلامتی دستوں کی گشتی ٹیم کو نشانہ بناکر گرینیڈ حملہ کیا جس کی زدمیں آکر کم سے کم 12 افراد زخمی ہوگئے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق جنگجوؤں نے وہاں سلامتی دستوں کی گشتی ٹیم کو نشانہ بناکر گرینیڈ پھینکا لیکن یہ نشانہ چوک جانے کی وجہ سے بس اڈہ پر کھڑے لوگوں کے بیچ گرکر پھٹ گیا جس میں کم سے کم 12 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں تین کی حالت سنگین بتائی جاتی ہے۔ دھماکہ کے بعد فورا پولس اور سلامتی دستہ کے جوانوں نے علاقہ کا محاصرہ کرلیا اور زخمیوں کو وہاں سے نکال کر اسپتال پہنچایا۔گزشتہ تین دنوں میں جنگجوؤں کے ذریعہ کیاگیا یہ دوسرا حملہ ہے اور اس سے پہلے کرن نگر علاقہ میں ایک گرینیڈ حملہ میں سی آر پی ایف کے چھ جوان زخمی ہوگئے تھے۔ سوپوربس اڈہ پر ہوئے حملہ کی فی الحال کسی بھی تنظیم نے ذمہ داری نہیں لی ہے۔

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST

اتر پردیش: ممنوعہ جانور کا گوشت برآمد، ایک گرفتار

پرتاپ گڑھ:28 اکتوبر(یواین آئی) اترپردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ کے مہیش گنج علاقے میں پولس نے پیر کو گاڑی چیکنگ کرنے کے دوارن ایک مویشی اسمگلر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 70 کلو ممنوعہ گوشت برآمد کیا ہے۔ پولس نے بتایا کہ ماگھی مور کے نزدیک پولس نے گاڑی چیکنگ کے دوران دو مشتبہ افراد کو روک کر ان کی تلاشی لی اور 70 کلو ممنوعہ گوشت برآمد کیا۔ اس سلسلے میں اسلام عرف پپو کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ دوسرا پولس سے نظریں بچا کر فرار ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار اسمگلر دہیاوا تھانہ ہولا گڑھ پریاگ راج کا رہنے والا ہے۔ دونوں ماگھی گاؤں کے سونو، مونو اور زبید کے گھر گوشت خرید کر فروخت کرنے جارہے تھے۔

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST

مراد آباد 40 سالہ سادھو سمیت دو افراد کا قتل

مرادآباد: اترپردیش کے ضلع مرادآباد کے ٹھاکر دورا علاقے میں ایک سادھو سمیت دو افراد کا اینٹوں سے کچل کر قتل کردیا گیا۔ پولس نے پیر کو بتایا کہ دیوالی کی رات شمشان گھاٹ میں سادھو راجیندر گری(40) اور ایک دیگر کی نامعلوم بدمعاشوں نے اینٹ سے سر کچل کر قتل کردیا۔ دونوں کی خون سے لت پت لاش آج صبح ملی۔ انہوں نے بتایا کہ دوسری لاش کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امت پاٹھک نے جائے وقوع پہنچ کر واردات سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے دوہرے قتل کے جلد خلاصے کی ہدایت دی ہے۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہیں۔

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST

زمبابوے: قحط سالی سے نیشنل پارک میں 55 ہاتھی ہلاک

ہرارے: زمبابوے میں قحط سالی کے نتیجے میں 2 ماہ کے دوران 55 ہاتھی مر گئے۔ میڈیارپورٹوں کے مطابق زمبابوے کے سب سے بڑے نیشنل پارک میں موجود 55 ہاتھی مر گئے جس کی وجہ خوراک اور پانی کی کمی بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خشک سالی کے نتیجے میں نیشنل پارک میں موجود شیر اور دیگر جانور بھی بیمار ہوگئے اور ان کی زندگیوں کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ انتظامیہ نے نیشنل پارک میں ہاتھیوں کے مرنے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST

چنئی: ڈاکٹروں کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال چوتھے دن بھی جاری

چنئی میں فیڈریشن آف گورنمنٹ ڈاکٹرس ایسو سی ایشن کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال آج چوتھے دن بھی جاری ہے۔ وہ تنخواہ بڑھانے اور مزید ڈاکٹروں کی تقرری کے مطالبے کو لے کر یہ ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST

کانگریس کا مودی حکومت سے سوال ’’بینکوں میں لوگوں کا پیسہ محفوظ کیوں نہیں؟‘‘

بینکوں میں پیسہ محفوظ نہیں ہونے پر کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت سے سوال پوچھا ہے۔ کانگریس نے پوچھا ’’بینکوں میں عام آدمی کا پیسہ محفوظ کیوں نہیں ہے؟ جو پیسہ بینکوں میں محفوظ نہیں ہے، اس کے لیے حکومت کیا کر رہی ہے؟ لوگوں کی فکر دور کرنے کے لیے کیا کر رہی ہے؟ آپ پی ایم سی بینک کی حالت دیکھیے۔‘‘

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST

تلنگانہ آر ٹی سی کی خاتون کنڈکٹر نے خودکشی کرلی

حیدرآباد: تلنگانہ آر ٹی سی کی ایک خاتون کنڈکٹر نے خودکشی کرلی۔ آر ٹی سی کی ہڑتال کے سبب تنخواہ نہ ملنے اور ملازمت چلی جانے کے خوف و مایوسی کے عالم میں قبل ازیں بعض افراد کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوگئی تھی جبکہ ایک شخص نے خودسوزی بھی کی تھی۔ تازہ واقعہ کھمم ضلع میں پیش آیا جس میں کھمم ڈپو سے وابستہ خاتون کنڈکٹر نیرجا نے ضلع کے کوی راج نگر علاقہ میں واقع اپنے مکان میں پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ وہ ضلع کے ستوپلی ڈپو سے وابستہ تھی اور اس ہڑتال کے سبب مایوس تھی۔ نیرجا دیوالی منانے کے لئے اپنے دو بچوں کے ساتھ پلے گوڑم علاقہ میں واقع اپنے مائیکے گئی تھی تاہم ہڑتال میں شرکت کرنے کے لئے اس کے دیگر ساتھی ملازمین سے فون کال آنے کے بعد نیرجا نے اپنے بچوں اور شوہر کو اپنے مائیکے میں ہی چھوڑ دیا اور اپنے مکان میں آکر یہ انتہائی اقدام کیا۔ اطلاع ملتے ہی پولس وہاں پہنچی جس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال بھیج دیا۔ اس واقعہ کی اطلاع پر آرٹی سی کی جے اے سی کے لیڈروں نے اس کے گھر پہنچ کر غمزدہ ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور اس واقعہ پر گہرے دکھ کا بھی اظہار کیا۔

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST

پٹاخوں کی دکان میں آگ لگنے سے تین افراد کی موت

کونڈاگاؤں: چھتیس گڑھ کے کونڈا گاؤں ضلع کے ماکڑی میں پٹاخوں کی ایک دکان میں آگ لگنےسے تین افراد کی موت ہوگئی۔ پولس ذرائع کے مطابق دیوالی کی رات دکان بند کرنے کے بعد دکان کے مالک اور اس کے دو نوکر دکان کے اندر بیٹھ کر کھانا کھارہے تھے، اسی دوران دکان میں آگ لگ گئی، جس میں تینوں کی جلنے سے موت ہوگئی۔ بتایا جارہا ہے کہ اس حادثے کے وقت دکان کا شٹر اندر سے بند تھا، جس کی وجہ سے انہیں بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملا۔ ہلاک شدگان کی شناخت وکاس سین، شیولال شریمالی، برن سنگھ نیتام کے طورپر ہوئی ہے۔ پولس کی ابتدائی جانچ میں آگ لگنے کی وجہ کا انکشاف نہیں ہوسکا ہے۔

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST

معیشت اور بے روزگاری پر راہل گاندھی کی مودی حکومت کو نصیحت

ملک کی بگڑتی معیشت اور بے روزگاری پر راہل گاندھی نے مودی حکومت کو نصیحت دی ہے، انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان کی طاقت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور غیر رسمی علاقہ ہیں، اگر آپ ان کی حمایت کرتے ہیں اور ان چھوٹے اور درمیانے کاروبار کو ترجیح دیتے ہیں اور انہیں بڑے کاروباروں میں تبدیل کر دیتے ہیں تو آپ کو نوکریاں مل جائیں گی‘‘

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST

کیلیفورنیا کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی، ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت

واشنگٹن: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں آگ بے قابو ہو نے کے بعد گورنر نے ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ بعد ازاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں خطرناک آتشزدگی، تیز ہواؤں کی وجہ سے پھیلتی آگ نے سینکڑوں گھروں کو لپیٹ میں لے لیا۔ ایک لاکھ 80 ہزار افراد کو گھر خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ ڈور بیل کیمرے میں ریکارڈ کی گئی فوٹیج میں لوگوں کوگھر خالی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ آگ کی وجہ سے لاکھوں افراد تک بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی ہے اور اب تک 30 ہزار ایکڑ کا رقبہ جل کر خاک ہو چکا ہے۔ کیلیفورنیا کے گورنر نے ریاست میں ایمر جنسی نافذ کر نے کا اعلان کیا ہے۔

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 28 Oct 2019, 10:12 AM IST