دہلی میں کورونا کی تیز رفتاری جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں راجدھانی میں کورونا کے 2495 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ فکر انگیز بات یہ ہے کہ اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں سات افراد کی اس وائرس کی وجہ سے موت ہو چکی ہے۔ دہلی میں انفیکشن کی شرح اس وقت 15.41 فیصد بتائی جا رہی ہے۔
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
بی جے پی سے اتحاد توڑنے کے بعد نتیش کمار نے مہاگٹھ بندھن میں شامل ہونے کا فیصلہ جیسے ہی کیا، اس بات کو لے کر قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ وہ ایک بار پھر وزیر اعلیٰ بنیں گے تو ان کی حلف برداری کب ہوگی۔ اس سلسلے میں خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ دن اور وقت کا تعین ہو چکا ہے۔ حلف برداری کے لیے کل یعنی 10 اگست کو 2 بجے کا وقت طے کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ (تیجسوی یادو) بھی اپنے عہدہ کا حلف لیں گے۔ یہ جانکاری آر جے ڈی کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر دی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سات پارٹیوں کے تعاون سے بہار میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت تشکیل ہونے والی ہے اور بی جے پی بہار میں بالکل الگ تھلگ پڑ گئی ہے۔
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
جنتا دل یو لیڈر نتیش کمار نے بی جے پی سے اتحاد توڑ کر ایک بار پھر آر جے ڈی اور کانگریس سے ہاتھ ملانے کا اعلان کر دیا ہے۔ جلد ہی مہاگٹھ بندھن حکومت کی تشکیل ہوگی، لیکن اس درمیان آر جے ڈی ذرائع سے خبر سامنے آئی ہے کہ نتیش کمار نے تیجسوی یادو سے پرانی باتیں بھولنے کی گزارش کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں آر جے ڈی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ ’’جنتا دل یو لیڈر نتیش کمار نے آر جے ڈی کے تیجسوی یادو سے کہا، 2017 میں جو ہوا اسے بھول جائیں اور ایک نیا باب شروع کریں۔‘‘
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
این ڈی اے سے تعلقات ختم کرنے کے اور گورنر کو اپنا استعفی پیش کرنے کے بعد بعد نتیش کمار رابڑی دیوی سے ملاقات کے لئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔ اس سے یقینی ہو گیا ہے کہ وہ مہا گٹھ بندھن میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔ اس سے پہلے مہاگٹھ بندھن کے کئی لیڈران کہہ چکے ہیں کہ اگر نتیش کمار این ڈی اے سے تعلقات توڑ لیتے ہیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج گورنر پھاگو سنگھ سے راج بھون میں ملاقات کی اور انہیں اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔ استعفی دینے کے بعد انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کے تمام ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی نے متفقہ طور پر فیصلہ لیا ہے کہ ہمیں این ڈی اے کا ساتھ چھوڑ دینا چاہئے۔ قبل ازیں میڈیا رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پارٹی کے اجلاس کے دوران نتیش کمار نے کہا تھا کہ بی جے پی ان کی پارٹی کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کوئی ان کی پارٹی کو کسی بھی طرح سے توڑے یہ مناسب نہیں ہے۔ نتیش کمار اب مہا گٹھ بندھن کے ساتھ مل کر حکومت سازی کر سکتے ہیں۔
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
وزیر اعظم نریندر مودی نے یوم عاشورہ کے موقع پر حضرت امام حسینؑ کی قربانی، سچائی سے وابستگی اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کو یاد کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا ’’آج کا دن حضرت امام حسین کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔ انہیں سچائی کے ساتھ ان کی غیر متزلزل وابستگی اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ وہ مساوات اور بھائی چارے کو بھی بہت اہمیت دیتے تھے۔‘‘
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
بہار میں چل رہے سیاسی گھمسان کے درمیان گورنر پھاگو چوہان نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ملاقات کے لئے شام 4 بجے کا وقت دیا ہے۔ دریں اثنا، وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی ہے۔
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
کئی دنوں کی کشمکش کے بعد آج مہاراشٹر کی ایکناتھ شندے اور دیویندر فڈنویس کی مخلوط حکومت کی کابینہ کی توسیع عمل میں آئی۔ مہاراشٹر کے گورنر نے بی جے پی اور شیو سینا کے شندے دھڑے سے 9-9 وزرا کو حل دلایا۔
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
بہار میں چل رہی سیاسی ہلچل کے دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے گورنر پھاگو سنگھ چوہان سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔ کئی دنوں سے یہ قیاس آرائیاں چل رہی ہیں کہ بہار کی بی جے پی - جے ڈی یو کی مخلوط حکومت گرنے جا رہی ہے۔ ادھر، آر جے ڈی، بی جے پی، اور جے ڈی یو تمام سیاسی جماعتوں کے اجلاس جاری ہیں۔ نتیش کمار آج دوپہر 12 بجے سے ایک بجے کے درمیان گورنر سے ملاقات کا وقت مانگا ہے۔
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے پولیس ذرائع کے حوالہ سے اطلاع دی ہے کہ بی جے پی کے لیڈر شری کانت تیاگی کو نوئیڈا کے قریب سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تیاگی پر نوئیڈا کی گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں خاتون سے بدسلوکی کرنے کا الزام ہے۔ کچھ روز قبل اس کی خاتون کو نازیبا الفاظ کہنے والی ویڈیو وائرل ہو گئی تھی۔ جس کے بعد شری کانت کے خلاف کئی ایف آئی آر درج کی گئیں اور وہ تبھی سے فرار چل رہا تھا۔
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
مہاراشٹر کی بی جے پی اور ایکناتھ شندے دھڑے کی مخلوط حکومت کی کابینہ کی آج توسیع ہو رہی ہے۔ پارٹی کی جانب فہرست جاری کر کے بتایا گیا ہے کہ 18 وزرا حلف لینے جا رہے ہیں۔ اس فہرست میں شیو سینا کے لیڈر عبدالستار کا نام بھی شامل ہے۔ سیلوڈ، اورنگ آباد سے رکن اسمبلی ادھو ٹھاکرے حکومت میں بھی وزیر تھے۔
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
بہار میں نتیش کمار کی قیاد والی این ڈی اے حکومت پر خطرے کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ دریں اثنا، آر جے ڈی کے تمام ارکان اسمبلی اور لیڈران لالو پرساد یادو کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔ یہاں 11 بجے اہم اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے۔ آر جے ڈی کے ساتھ لیفٹ فرنٹ کے ارکان اسمبلی بھی لالو کی رہائش پر نظر آ رہے ہیں۔ ادھر، جے ڈی یو نے بھی اپنے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے۔
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Aug 2022, 10:17 AM IST