ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ پاکستان کے ممکنہ وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر بات کرنے کی خبروں کے بعد اب یہ بھی خبر آ رہی ہے کہ بہت جلد ان دونوں کی ملاقات ہو سکتی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نریندر مودی عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شامل ہو سکتے ہیں۔ یہ امکان پاکستانی ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کی وجہ سے ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دراصل پاکستان کے پارلیمانی انتخابات میں سب سے بڑی پارٹی کی شکل میں ابھری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اس کوشش میں ہے کہ عمران خان کی حلف برداری تقریب میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی سمیت سارک ممالک کے لیڈراں کو مدعو کیا جائے۔ پی ٹی آئی کے ایک قریبی نے بھی اس طرح کی کوششوں کی تصدیق کی ہے۔ ایک پی ٹی آئی لیڈر نے تو یہاں تک کہا ہے کہ ’’تحریک انصاف کی کور کمیٹی مودی حکومت اور سارک ممالک کے سربراہان کو مدعو کرنے پر غور کر رہی ہے اور اس پر جلد ہی فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔‘‘ پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری نے بھی اس طرح کے امکانات سے انکار نہیں کیا ہے اور کہا کہ ’’آنے والے دنوں میں وزارت خارجہ سے صلاح و مشورہ کر کے پارٹی کی طرف سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔‘‘
Published: undefined
چونکہ نریندر مودی نے 30 جولائی کو عمران خان سے فون پر بات چیت کی اور دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی خواہش ظاہر کی، اس لیے یہ امکان بڑھ گیا ہے کہ وہ پاکستان کے نئے وزیر اعظم کی حلف برداری تقریب میں شامل ہوں۔ ایک پی ٹی آئی لیڈر نے ہندوستانی وزیر اعظم کے ذریعہ عمران کو فون کیے جانے کو قابل استقبال قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں ممالک کے رشتوں کا ایک نیا باب شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ 65 سالہ عمران خان کی قیادت والی پی ٹی آئی 25 جولائی کو پاکستانی پارلیمنٹ کے ذیلی ایوان نیشنل اسمبلی کے لیے ہوئے انتخابات میں سب سے بڑی پارٹی کی شکل میں ابھری ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ اسے مکمل اکثریت حاصل نہیں ہوئی ہے لیکن وہ چھوٹی پارٹیوں کی مدد سے بہ آسانی حکومت بناتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی سربراہ عمران خان نے تو گزشتہ پیر کو یہ کہہ بھی دیا ہے کہ وہ 11 اگست کو وزیر اعظم عہدہ کا حلف لیں گے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined