آج کل کے ماحول میں لوگوں کو یہ سننے میں عجیب سا لگے کہ آرتی اور پوجا کے منتروں کے پڑھے جانے کے بعد اسی مائک سے محرم کی مجلس میں خطیب اپنا بیان دیں لیکن ممبئی کے علاقہ ممبرا میں ایسا آج کل ہی ہو رہا ہے ۔ گنیش اتسو اور محرم کے ایک ساتھ پڑ جانے کی وجہ سے ممبئی کے کچھ علاقوں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بہت خوبصورت مثالیں سامنے آ رہی ہیں ۔ ممبئی کے ممبرا علاقہ میں ایک ہی پنڈال میں گنپتی پوجا اور محرم کی مجلس ہو رہی ہیں۔
ممبرا کے سینک نگر میں ایک ہی پنڈال میں ایک جانب گنپتی کی پوجا بڑی دھوم دھام سے ہو رہی ہے تو دوسری جانب محرم کی مجلس میں واعض اپنا بیان فرما رہے ہیں ۔ یہاں کی حسینی کمیٹی ہر سال محرم کے دس دن اس جگہ پر مجلس کا اہتمام کرتی ہے اور ایک متر منڈل ہر سال اسی جگہ پر گنپتی کی مورتی استھاپت کرتا ہے لیکن ہر سال تاریخوں میں فرق ہونے کی وجہ سے کوئی مسئلہ سامنے نہیں آتا تھا مگر اس سال محرم کی تاریخوں کی وجہ سے دونوں ایک ہی تاریخوں میں آ گئے ۔ دراصل چاند کے کیلنڈر میں ہر سال دس دن کم ہو جاتے ہیں اس لئے چاند کے حساب سے مسلم تقریبات دس دن پیچھے ہو جاتی ہیں جیسے اس سال یکم محرم رائج کیلنڈر کے حساب سے11 ستمبر کو تھی تو اگلے سال یکم محرم یکم ستمبر کو یا اس سے ایک روز پہلے ہو سکتی ہے ۔ اس وجہ سے اس سال گنپتی پوجا اور محرم کی تاریخیں ایک ساتھ آ گئیں۔ لیکن اس سے کسی کو کوئی تکلیف نہیں ہوئی اور ایک ہی پنڈال میں دونوں مذہبی تقاضہ پورے کر لئے گئے ۔
اس پنڈال میں صرف مائک ہی نہیں باقی ضروری سامان بھی لوگ مل جل کر ہی استعمال کر رہے ہیں۔پوجا اور آرتی کے جےکاروں کے نعرہ ختم ہونے کے فورا بعد لاؤڈ اسپیکر سے کربلا کی حق کی لڑائی اور شہادت کے واقعات کی یاد کر کے پورا ماحول غم میں تبدیل ہو جاتا ہے ۔ جب مجلس ختم ہو جاتی ہے تو یہ مائک پھر گنپتی پوجا میں استعمال ہونے لگتا ہے ۔
اس خوبصورت ماحول کے لئے دونوں جانب کے مذہبی لوگ تو مبارکبات کے مستحق ہیں ہی ساتھ میں منتظمین کی بھی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز