خبریں

اہم خبریں: رام مندر تعمیر پر دو روزہ میٹنگ ختم، کھدائی کا کام 15 دسمبر کے بعد!

تصویر بذریعہ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹوئٹر ہینڈل
تصویر بذریعہ شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹوئٹر ہینڈل 

رام مندر تعمیر کے لیے کھدائی کا کام 15 دسمبر کے بعد ہوگا شروع، میٹنگ میں فیصلہ

ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے کھدائی کا کام آئندہ 15 دسمبر کے بعد شروع ہو جائے گا۔ اس سلسلے میں فیصلہ رام مندر تعمیر کمیٹی کی دو روزہ میٹنگ کے دورا ن لیا گیا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق عالی شان رام مندر تعمیر کے لیے بنیاد کی کھدائی کا کام تکنیکی ماہرین کے ذریعہ رام مندر ٹرسٹ و کمیٹی کو 15 دسمبر کو رپورٹ پیش کیے جانے کے بعد ہوگا۔ 7 اور 8 دسمبر کو ہوئی میٹنگ کے آخر میں مندر کے تعمیری کام پر گہرائی سے غور و خوض ہوا اور اس درمیان تعمیری کام سے جڑی ایجنسیوں کے سربراہان اور شری رام مندر تعمیر کمیٹی کے چیف نرپیندر مشرا موجود تھے۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

جنرل نروانے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے 6 روزہ دورے پر جائیں گے

نئی دہلی: آرمی چیف جنرل منوج مکند نروانے بدھ سے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے 6 روزہ دورے پر جا رہے ہیں۔ آرمی چیف کا دورہ اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ ایک ہندوستانی آرمی چیف پہلی بار متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کا دورہ کر رہا ہے۔ اس دوران جنرل نروانے دونوں ممالک کی افواج کے ہم منصب اور اعلی فوجی قیادت سے بات چیت کریں گے۔

آرمی چیف بدھ اور جمعرات کو متحدہ عرب امارات میں ہوں گے جہاں وہ دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے اور تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے سینئر فوجی افسران سے تبادلہ خیال کریں گے۔ اس دورے کے دوسرے مرحلے میں وہ 13 اور 14 دسمبر کو سعودی عرب میں ہوں گے جہاں وہ فوجی امور سے مختلف امور پر وسیع تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ سعودی عرب آرمی ہیڈ کوارٹرز نیز ملٹری اکیڈمی کا بھی دورہ کریں گے۔ آرمی چیف کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جانے اور وہاں کے انسٹی ٹیوٹ کے طلباء سے خطاب کرنے کا پروگرام ہے۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

بنگال میں بی جے پی اپنے ورکروں کو خود گولی مارکر ہلاک کر رہی ہے... ممتا بنرجی

کلکتہ: مغربی بنگال کی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے آج بی جے پی کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں انتشار پھیلانے کے لئے بی جے پی خود اپنے ورکروں کو مار رہی ہے۔ اترکنیا کے گھیراؤ کے درمیان پولیس جھڑپ میں بی جے پی ورکر کی موت پر ممتا بنرجی نے کہا کہ ایلن رائے کا پوسٹ مارٹم رپورٹ نے بی جے پی کو بے نقاب کردیا ہے۔

خیال رہے کہ کل سہ پہر شمالی بنگال کے ریاستی سکریٹریٹ اترکنیا سلی گوڑی میں بی جے پی مظاہرین کو روکتے ہوئے پولیس اور بی جے پی ورکروں کے درمیان جھڑپ ہوگئی تھی۔ پولیس نے جلوس کو منتشر کرنے کے لئے واٹر کینن، آنسو گیس اور لاٹھیوں کا بھی استعمال کیا تھا۔ پولیس نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی کارکنوں نے اینٹیں پھینکی ہیں۔

مبینہ طور پر پولیس کے لاٹھی سے ایلن رائے کے سر پر چوٹ پہنچی تھی۔ تشویشناک حالت میں نارتھ بنگال میڈیکل کالج اسپتال پہنچایا گیا۔ وہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جس گولی سے رائے کی موت ہوئی ہے وہ گولی پولیس استعمال نہیں کرتی ہے۔ اس کے بعد سے ہی ترنمول کانگریس نے بی جے پی کے خلاف حملہ شروع کردیا ہے۔ رانی گنج میں انتظامیہ کی میٹنگ میں ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی بنگال میں انتشار پھیلانے کے لئے یہ سب کچھ کر رہی ہے۔ اپنے ہی جلوس پر گولی چلائی جا رہی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگی۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

فائزر اور ماڈیرنا کے نمائندے ٹرمپ کی ویکسین کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے

واشنگٹن: کورونا وائرس کی ویکسین بنانے والی کمپنیاں فائزر اور ماڈیرنا منگل کے روز ہونے والی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ویکسین کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گی۔ امریکی سینئر انتظامی افسر نے آج یہ اطلاع دی۔ ایس ٹی اے ٹی نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فائزر کے سی ای او البرٹ بورلا اور ماڈیرنا کے سی ای او اسٹیفن بنسیل کو کانفرنس میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے اس دعوت کو مسترد کردیا۔ تاہم، سینئر عہدیدار نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے ریگولیٹری آفیسر پیٹر مارکس کی موجودگی کی وجہ سے وائٹ ہاؤس میں پھیر بدل کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے پیر کے روز کہا تھا کہ "ویکسین کانفرنس میں فائزر اور ماڈیرنا کمپنیوں کی شرکت پر سوالیہ نشان ہے۔ ہم اس سلسلے میں ان کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ آخر میں یہ طے پایا تھا کہ ایف ڈی اے کے پیٹر مارکس کانفرنس میں شریک ہوں گے"۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

چچا زاد بھائی نے 3 سالہ معصوم بچی کے ساتھ کی شرمسار کرنے والی حرکت

بدایوں: اترپردیش کے ضلع بدایوں میں تین سالہ معصومہ کو شرابی چچازاد بھائی نے اپنی جنسی ہوس کا نشانہ بنا کر انسانیت و رشتے کی پاکیزگی کو تار تار کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور متاثرہ کو میڈیکل جانچ کے لئے بھیجا ہے۔ پولیس نے آج یہاں بتایا کہ وزیر گنج علاقے کے ایک گاؤں میں تین سالہ معصومہ کے ساتھ اس کی چچازاد بھائی نے عصمت دری کی۔ ملزم متاثرہ کو ٹافی دلانے کے بہانے بلا کر لے گیا اور پھر اس کے ساتھ منھ کالا کیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنکلپ شرما اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پرشانت نے بھی موقع واردات کا جائزہ لیا ہے۔ شرما نے بتایا کہ شراب کے نشے میں مدہوش گاؤں کا ہی ایک نوجوان جو بچی کا چچازاد بھائی ہے بچی کو ٹافی دلانے کے بہانے کچھ دور واقع ٹیوب ویل کے نزدیک لے گیا۔ وہاں ملزم نے معصومہ کے ساتھ عصمت دری کی۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

کیجریوال کو نظر بند کئے جانے کی دہلی پولیس نے تردید کی

دہلی پولیس نے دہلی کی برسراقتدار جماعت عام آدمی پارٹی کے ان الزامات کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو خانہ نظر بند رکھا گیا ہے۔ ڈی سی پی نارتھ ڈیلی انٹو الفونس نے کہا، ’’یہ بیان سراسر غلط ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ ہونے کے ناطہ وہ (اروند کیجریوال) جہاں چاہے جانے کے لئے آزاد ہیں۔‘‘

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

وزیر اعلیٰ کیجریوال کو پولیس نے خانہ نظربند رکھا ہوا ہے: عام آدمی پارٹی

دہلی کی برسراقتدار جماعت عام آدمی پارٹی نے دہلی پولیس پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کی طرف سے ٹوئٹ کیا گیا، ’’بی جے پی کی دہلی پولیس نے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو کسانوں کی تحریک میں شامل ہونے کے بعد سے خانہ نظر ند رکھا ہوا ہے۔ ان کی رہائش میں کسی کے بھی آنے جانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔‘‘ خیال رہے کہ اروند کیجروال نے گزشتہ روز سنگھو بارڈر کا دورہ کیا تھا اور کسانوں کی تحریک کو حمایت دی تھی۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

راجستھان: پنچایتی انتخابات کی گنتی شروع

جے پور: راجستھان کے 21 ضلعوں کے 636 ضلع کونسل ارکان اور 4371 پنچایت کمیٹیوں کے ارکان کے لئے چار مرحلوں میں ہوئے انتخابات کی گنتی آج سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ضلع ہیڈ کوارٹر پر صبح 9 بجے شروع ہوگئی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق 21 ضلع ہیڈ کوارٹروں پر گنتی شروع ہوگئی ہے۔ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرائے جانے سے نتائج جلد آنے کا امکان ہے۔ چار مرحلوں میں ہوئے انتخابات میں 636 ضلع کونسل ارکان کے لئے 1778 امیدوار اور 4371 پنچایت کمیٹی ارکان کے لئے 12663 امیدواروں کی قمست کا فیصلہ ہوگا۔

واضح رہے کہ ضلع کونسل اور پنچایت کمیٹی ارکان کے لئے چار مرحلوں میں 23 نومبر، 27 نومبر، یکم دسمبر اور پانچ دسمبر کو ووتنگ ہوئی تھی۔ گنتی کے بعد پردھان اور مکھیہ کا انتخاب 10 دسمبر اور نائب پردھان یا نائب مکھیہ کا 11 دسمبر کو انتخاب ہوگا۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

امریکہ میں ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کے ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے پر روک

واشنگٹن: امریکہ میں ایک وفاقی جج نے چین کی کمپنی بائٹ ڈانس کے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹکٹ ٹاک پر پابندی لگانے کے ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے پر روک لگادی ہے۔

پیر کے روز عدالتی دستاویزات میں بتایا گیا ’’ٹک ٹاک ایپ پر پابندی عمل میں آنے سے روکنے کےلئے ابتدائی حکم امتناعی جاری کیا گیا ہے۔ اس میمورنڈم اوپینئن کے ساتھ ایک آرڈر دیا جائے گا‘‘۔ جج نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اپنے اختیار سے باہر جاکر ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی اور اس کے کام کو من مانا اور ڈراونا قرار دیا۔‘‘

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے چین حکومت کے ذریعہ امریکی شہریوں کے ڈاٹا چوری کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔ امریکہ میں ٹک ٹاک پر 20 دسمبر سے پابندی عمل میں آنی تھی لیکن بعد میں انتظامیہ نے کمپنی کو اپنی جائیداد فروخت کرکے امریکہ سے جانے کا حکم دیا، جس کے سبب اس میں تاخیر ہوئی۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

ہردوئی: کار حادثے میں تین افراد ہلاک، پانچ زخمی

ہردوئی: اترپردیش کے ضلع ہردوئی کے شاہ آباد کوتوالی علاقے میں ہوئے شدید سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔ یہ سبھی لوگ شادی کی تقریب سے واپس لوٹ رہے تھے۔

یہ اطلاع آج یہاں پولیس کے ذرائع نے دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شاہجہان پور ضلع کے کٹرا بازار سہما پور کے رہنے والے آٹھ افراد لکھنؤ کے ملیح آباد شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے آئے تھے۔ شادی کے بعد پیر کی رات تقریباً 12 بجے یہ لوگ شاہجہان پور واپس جارہے تھے۔

اسی دوران شاہ آباد کوتوالی علاقے کے ہردوئی - شاہجہاں پور روڈ پر ادھرنپور گاؤں کے نزدیک ایک تیز رفتار کارسڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ یہ ٹکر اتنی زبردست تھی کہ کار کے پرخچے اڑگئے اور دیویندر، سنیل اور اکھلیش کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ مہلوکین میں کار ڈرائیور بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور کار میں پھنسے زخمی آشیش ، دنیش ، شیوم آکاش اور چھوٹے لال کو باہر نکالا اور اسپتال بھیج دیا۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

امریکی پابندیوں شاخسانہ: ایران کورونا ویکسین خریدنے سے قاصر

ایران کے سینٹرل بینک نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں نے ایران کو عالمی صحت تنظیم کے ذریعہ کورونا ویکسین خریدنے کے لئے رقم کی ادائیگی سے روک دیا ہے۔

بینک کے گورنر عبدالناصر نے پیر کو انسٹا گرام پر لکھا ’’چونکہ کورونا وائرس ویکسین کی خریداری کوویکس سے سرکاری طور پر ڈبلیو ایچ او کے ذریعہ کرنی ہوگی۔ امریکی حکومت کی غیر انسانی پابندیوں اور غیر ملکی اثاثہ کنٹرول کے دفتر (امریکی محکمہ خزانہ) سے اجازت حاصل کرنے کی ضرورت کے سبب اب تک ضروری فنڈز کی منتقلی کے لئے ہماری تمام کوششوں میں رکاوٹ پیدا کردی ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے دباؤ اور دھمکیوں کی وجہ سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے ایران کو انسانی قرض دینے سے انکار کردیا ہے۔ اس کے باوجود ایران فنڈ منتقل کرنے کے دیگر ذریعہ اور ویکسین حاصل کرنے کے متبادل راستے تلاش کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا ’’وزارت صحت دیگر ممالک سے ویکسین خریدنے کے معاملے پر بات چیت کررہا ہے۔ ایک ملکی کورونا وائرس ویکسین تیار کرنے کے بارے میں خبریں حوصلہ افزا ہے‘‘۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

کیلیفورنیا: کورونا ایپ کے لئے بڑی تکنیکی کمپنیوں سے معاہدہ

امریکہ کے ریاست کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے کہا ہے کہ کیلیفورنیا نے ایپل اور گوگل کے ساتھ ایک ایسے ایپلی کیشن کو لانچ کرنے کے لئے معاہدہ کیا ہے جو کورونا وائرس کے رابطہ میں آنے کی معلومات فراہم کرے گا۔

مسٹر نیوسم نے پیر کو کہا ’’کیلیفورنیا نے گوگل اور ایپل کے ساتھ کوویڈ ۔19 کے بارے میں معلومات فراہم کرانے والے سی اے نوٹیفائی ایپ کو لانچ کرنے کے لئے معاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایپ جمعرات کو لانچ کیا جائے گا، جو مکمل طور پر نجی اور محفوظ ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ کیلیفورنیا میں اب تک 13 لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور اس کی وجہ سے 19،800 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

جنرل لائیڈ آسٹن امریکہ کے پہلے سیاہ فام وزیر دفاع ہوں گے

امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وہ جمعہ کو وزیر دفاع کے نام کا باقائدہ اعلان کریں گے مگر خبروں کے مطابق انہوں نے ریٹائرڈ آرمی جنرل لائیڈ آسٹن کو اپنا وزیر دفاع بنایا ہے ۔ جنرل آسٹن امریکہ کے پہلے سیاہ فام وزیر دفاع ہوں گے۔ وزیر دفاع کی دوڑ میں محکمہ دفاع کی سابق پالیسی سربراہ میشل فلورنائے بھی تھیں اور وہ بھی اگر وزیر دفاع بنتیں تو وہ امریکہ کی پہلی خاتون وزیر دفاع ہوتیں۔

مسٹر بائیڈن نے پیر کو وزیر دفاع اور اٹارنی جنرل کے انتخاب کے پیش نظر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں نامہ نگاروں کو بتایا ’’میں آپ کے لئے بدھ اور جمعہ کو اعلان کروں گا۔ دفاع سے متعلق اعلان جمعہ کو‘‘۔ توقع کی جارہی ہے کہ مسٹر بائیڈن بدھ کے روز اٹارنی جنرل کے نام کا اعلان کرسکتے ہیں لیکن اس مرتبہ انہوں نے نامہ نگاروں کے سوالوں کا واضح طور پر جواب نہیں دیا۔ جنرل آسٹن سابق امریکی صدر براک اوبامہ کے قریبی مانے جاتے ہیں۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 08 Dec 2020, 8:33 AM IST