خبریں

بڑی خبر: محمد خان کانگریس کے قومی میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر

رندیپ سرجے والا نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ راہل گاندھی نے شمع محمد، ایشوریہ مہادیو، عادل بوپارے، امن پوار، سنجے چھوکر، انل دھنتوری اور ایس لیٹفلنگ کو پارٹی کا قومی میڈیا پینلسٹ بنایا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

کانگریس نے سات رکنی قومی میڈیا پینل تشکیل دیا، محمد خان قومی میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر

نئی دہلی: کانگریس نے اپنا سات رکنی قومی میڈیا پینل تشکیل دیا ہے جس میں محمد خان کو نیا قومی میڈیا کو آرڈینیٹر بنایا گیا ہے۔ کانگریس مواصلاتی شعبے کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے پیر کے روز یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ پارٹی صدر راہل گاندھی نے ڈاکٹر شمع محمد، محترمہ ایشوریہ مہادیو، عادل بوپارے، امن پوار، سنجے چھوکر، انل دھنتوری اور محترمہ ایس لیٹفلنگ کو پارٹی کا قومی میڈیا پینلسٹ بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر محمد خان کو قومی میڈیا کو آرڈینیٹر بنایا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی مسٹر سنجے کو قومی میڈیا کو آرڈینیٹر کا چیف برقرار رکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں منوج تیاگی کو بھی قومی میڈیا کو آرڈینیٹر کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST

لوک پال نافذ نہ کرنے والی مودی حکومت کے خلاف انا ہزارے کی تحریک 30 جنوری سے

نئی دہلی: بزرگ سماجی کارکن انا ہزارے نے بدعنوانی کی روک تھام کے لئے ریاستوں میں لوک آیکت قانون بنانے کے مطالبے پر 30 جنوری سے اپنے گاؤں رالیگان سدھی میں تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ مسٹر انا ہزارے نے لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن اور راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نايڈ کو اس سلسلے میں خط بھیج کر اطلاع بھی دے دی ہے۔

انا ہزارے نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ بدعنوانی کو روکنے والا لوک پال قانون تو بن گیا۔ اب صرف قانون پر عمل در آمد کرنا ہے۔ مودی حکومت کو اقتدار میں آئے ہوئے ساڑھے چار سال ہو گئے لیکن اب تک لوک پال قانون پر عمل نہیں ہو پایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی حکومت کو 32 مرتبہ خط لکھے لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔ سپریم کورٹ نے بھی مرکزی حکومت کو اس مسئلے پر کئی بار پھٹکار لگائی ہے۔ اس کے باوجود بہانہ بازی کر کے لوک پال قانون کے نفاذ کو حکومت ٹالتی رہی ہے۔‘‘

انا ہزارے کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں یہ قانون بنا لیکن حکومت اس پر عمل درآمد نہیں کر رہی ہے۔ لوک پال قانون بننے کے بعد ایک سال میں ہر ریاست میں لوک آیکت قانون بنانا تھا، لیکن پانچ سال ہو گئے ریاستوں میں لوک آیکت قانون بھی نہیں بنے۔ معروف سماجی کارکن نے مزید کہا کہ بدعنوانی کو روکنے کے لئے لوک پال و لوک آیکت قانون بنانے کا مطالبہ ملک کے عوام کئی برسوں سے کر رہے ہیں لیکن ابھی تک مایوسی ہی ہاتھ لگی ہے۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST

مظفر پور: بیکری میں آگ لگنے سے 5 مزدور ہلاک

مظفر پور: بہار میں ضلع مظفر پور کے بوچہا تھانہ علاقہ واقع ایک بیکر ی (بسکٹ فیکٹری) میں آج علی الصبح آگ لگنے سے پانچ مزدور وں کی موت ہوگئی۔ اس حادثہ میں چار دیگر زخمی بھی ہوگئے۔ سنیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج کمار نے یہاں بتایا کہ بنشی پنچایت کے باجت پور گاﺅں واقع ایک بیکری میں علی الصبح تین بجے اچانک آگ لگ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں 5 مزدوروں کی جھلس کر موت ہوگئی جبکہ دو دیگر مزدور لاپتہ ہیں۔ لاشیں اس قدر جل گئی ہیں کہ مزدوروں کو پہچاننا مشکل ہو گیا ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ حالانکہ انگیٹھی سے آگ لگنے کا امکان ظاہر کیاجارہاہے۔

مسٹر کمار نے بتایا کہ اس حادثہ میں چار دیگر مزدور جھلس گئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت کافی نازک بنی ہوئی ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لئے شری کرشن میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
موقع سے پانچ لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ دو دیگر کی تلاش کی جا رہی ہے۔ آگ پر قابو پالیا گیا ہے، راحت اور بچاﺅ کا کام جاری ہے۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST

بڑودہ کے منگل بازار علاقہ میں لگی آگ، 2 افراد ہلاک

بڑودہ: گجرات کے بڑودہ شہر کے منگل بازار علاقے کی ایک عمارت میں آج علی الصبح آگ لگ جانے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ منشی کی گلی واقع تین منزلہ پرانی عمارت ستیہ بھاما کامپلیکس میں بہت ہی کم لوگ رہتے تھے اور اس کے بڑے حصے کو بطور گودام استعمال کیا جاتا تھا۔ آگ صبح پانچ بجے لگی۔ آگ لگنے کا سبب پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس حادثے میں دیپک نام دیو اور بابوشفاوالا نامی دو افراد کی جل کرموت ہوگئی۔ گودام میں رکھے سبھی سازوسامان جل کر راکھ ہوگئے۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST

رافیل معاملہ پر حکومت پاریکر کی پوزیشن واضح کرے: کانگریس

نئی دہلی:کانگریس نے کہا ہے کہ گوا کے وزیر اعلی منوہر پاریکر کا رافیل سودے سے متعلق جو بیان میڈیا میں گردش کررہا ہے وہ کئی طرح کے شبہات کوجنم دیتا ہے اس لئے حکومت کو اس سلسلے میں اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔

کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے آج پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ اخبارات میں شائع ایک خبر کے مطابق پاریکر نے اپنی کابینہ کی میٹنگ میں غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھلے ہی وہ علیل ہیں لیکن انہیں کوئی ہٹا نہیں سکتا کیوں کہ ان کے پاس رافیل سودے سے متعلق کچھ اہم دستاویزات ہیں۔

سرجے والا نے کہا کہ سابق وزیر دفاع کی اس ناراضگی سے خدشہ پیدا ہوتا ہے کہ رافیل گھپلے کے سلسلے میں ان کے پاس ضرور کوئی اہم فائل ہے جس کی وجہ سے وہ حکومت کو دھمکی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاریکرطویل عرصے سے علیل ہیں لیکن انہیں عہدے سے ہٹایا نہیں جارہاہے۔ کانگریس پہلے بھی ان کو ہٹانے کا مطالبہ کرچکی ہے لیکن اس پر توجہ نہیں دی جارہی ہے۔

کانگریس کے ترجمان نے کہا کہ حکومت رافیل سے متعلق دستاویزات پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں داخل کرنے کے لئے تیار نہیں ہے۔ اس گھپلے کے سلسلے میں پاریکر کا بیان کافی شبہ پیدا کرنے والا ہے اس لئے حکومت کو پوزیشن واضح کرتے ہوئے یہ بتانا چاہیے کہ کس سبب سے علالت کے باوجود پاریکر کو وزیر اعلی کے عہدہ سے ہٹایا نہیں جارہا ہے۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST

بغیر تین طلاق بل پیش ہوئے راجیہ سبھا کی کارروائی 2 جنوری تک ملتوی

تین طلاق بل پر اپوزیشن کے زبردست ہنگامے کے بعد راجیہ سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی ہو گئی ہے۔ اب ایوان کی کارروائی 2 جنوری کو ہوگی۔ اس سے قبل اپوزیشن کی کئی پارٹیوں نے طلاق ثلاثہ بل کی مخالفت کرتے ہوئے اسے پہلے سلیکٹ کمیٹی کو بھیجے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST

افغانستان: صدارتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان

کابل: افغانستان کے انتخابی کمیشن نے 20 اپریل سے 20 جولائی تک ہونے والے صدارتی انتخابات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انتخابی کمیشن کے چیئرمین عبدالبدیع صیاد نے اتوارکو صدارتی انتخابات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے اکتوبرمیں پارلیمانی انتخابات کے دوران سامنے آنے والے مسائل، طالبان کے ساتھ امن معاہدے کی تیاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے صدارتی انتخابات کو ملتوی کرنےکا اعلان کیا۔

افغان حکومت نے صدارتی انتخابات کی نئی تاریخ کو تسلیم کرلیا ہے۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات کےلیے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا آغاز 22 دسمبرکو ہوگیاتھالیکن صدارتی عہدے کے کسی بھی امیدوار نے ابھی تک اس عمل کو مکمل نہیں کیاتھا۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST

طلاق ثلاثہ بل پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ، ایوان کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی

طلاق ثلاثہ بل کو لے کر راجیہ سبھا میں بھاری ہنگامہ اور شور شرابہ ہوا ہے، جس کے بعد راجیہ سبھا کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک کے ملتوی کر دی گئی ہے۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST

بی جے پی مسلم مخالف ہے، پاس نہ ہونے دیں 3 طلاق بل: چندرا بابو

آندھرا پردیش کے وزیر اعلی این چندرا بابو نائیڈو کا کہنا ہے ’’میں ٹی ڈی پی کے راجیہ سبھا ممبران پارلیمنٹ سے اپیل کرتا ہوں کہ مسلمانوں پر ہو رہے تشدد کو روکیں، تمام اپوزیشن جماعتوں کو بی جے پی کے مسلم مخالف رویہ کے خلاف متحد ہوکر ایک ساتھ جدوجہد کرنا چاہیے. حکومت کی طرف سے طلاق ثلاثہ بل کو مسلط کیا جانا سیکولرازم اور قومی سالمیت کے لئے خطرہ ہے۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST

غازی پور تشدد معاملے میں اب تک 27 افراد گرفتار، پتھراؤ میں ہیڈ کانسٹیبل کی ہوئی تھی موت

اتر پردیش کے غازی پور کے نونهرا تھانہ علاقے میں مظاہرے کے دوران پتھراؤ کے نتیجے میں پولس اہلکار کی موت کے معاملے کی جانچ جاری ہے، خبروں کے مطابق پولس نے اس معاملے میں اب تک 27 افراد کو گرفتار کیا ہے، نونهرا تھانہ میں بہت سے لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST

ترکی نے داعش کے 30مشتبہ شدت پسندوں کو کیاگرفتار

انقرہ: ترکی پولس نے راجدھانی انقرہ سے داعش کے 30 مشتبہ شدت پسندوں کوگرفتارکیا ہے۔ ترکی کی خبررساں ایجنسی انادولو نے اتوار کو یہ اطلاع دی ہے۔

ایجنسی نے ایک پولس اہلکارکے حوالے سے یہ اطلاع دی کہ گرفتار کیے گئے سبھی مشتبہ افراد غیر ملکی ہیں۔ ان سبھی کو راجدھانی انقرہ میں سال نو کے موقع پر حملوں کا منصوبہ بنانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولس نے چھاپے میں غیر قانونی دستاویزات برآمد کیے ہیں۔ پولس نے حالانکہ اس بارے میں کوئی دیگر معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔ ترکی پولس نے جمعہ کو داعش کے 52 مشتبہ افراد کوگرفتارکیا تھا۔ جو کہ سبھی عراق کے شہری تھے۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 31 Dec 2018, 10:09 AM IST