خبریں

اہم خبر: دہلی میں شدید گرمی سے لوگوں کا برا حال

امتابھ بچن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پروفائل تصویر کے علاوہ ان کا تعارف بھی تبدیل کر دیا گیا، جس میں لکھا گیا ’’اداکار. .. خیر کم سے کم کچھ تو ابھی ایسا کہہ رہے ہیں ... لو پاکستان‘‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

دہلی میں شدید گرمی سے لوگوں کا برا حال

نئی دہلی: دہلی میں منگل کو بھی لوگوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑا اور یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو اس موسم کے اوسط سے سات ڈگری سیلسیس زیادہ ہے۔

پیر کے مقابلے یہاں درجہ حرارت میں آج اگرچہ تھوڑی کمی درج کی گئی۔ کل یہاں پالم میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو یہاں گزشتہ پانچ سالوں میں جون میں ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹے کے دوران یہاں دھول بھری آندھی یا بارش کے آثار ظاہر کیے ہیں۔ اس سے دارالحکومت کے لوگوں کو کچھ راحت ملنے کا امکان ہے۔

Published: 11 Jun 2019, 10:07 AM IST

باراتیوں سے بھری بولیرو درخت سے ٹکرائی، 5 کی موت

ہمیر پور: اترپردیش کے ضلع ہمیر پور کے مودہا علاقے میں باراتیوں سے بھری بولیرو سڑک کے کنارے لگے درخت سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں بولیرو سوار پانچ لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ دیگر چھ شدید طور سے زخمی ہوگئے۔

پولیس اطلاعات کے مطابق سسولر علاقے کے لیوا گاؤں سے چھترپور کے گھٹاری گاؤں بارات گئی تھی۔ شادی کے بعد 11 باراتی بولیرو میں سوار ہوکر واپس لوٹ رہے تھے۔ بولیرو مودہا علاقے کے چاندی گاؤں کے نزدیک پہنچی کہ اسی اثنا میں بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے لگے درخت سے جاٹکرائی۔ اس حادثے میں،سمیرا(70)، سوامی ستیہ نند (65)، مہاویر (60)، ببو (68)، بندرا (66) کی جائے وقوع پر ہی موت ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ڈرائیور سمیت چھ لوگ زخمی ہوگئے۔ سبھی زخمیوں کو ضلع اسپتال میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں دو کی حالت نازک ہے۔

Published: 11 Jun 2019, 10:07 AM IST

کرنٹ لگنے سے دو لوگوں کی موت کا کیرالہ ہائی کورٹ نے ازخود نوٹس لیا

کوچی: کیرالہ میں ترواننتپورم کے پیٹاه علاقے میں دو لوگوں کوکرنٹ لگنے کے واقعے کا کیرالہ ہائی کورٹ نے از خود نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ہائی کورٹ نے منگل کے روز ریاستی بجلی بورڈ (کے ایس ای بی) اور ریاست کے چیف سکریٹری سے اس معاملے میں وضاحت طلب کی ہے۔

جسٹس دیوان راماچندرن نے کہا ہے کہ عدالت نے ایسے واقعات کاخود کار طریقے سے نوٹس لے کر مقدمہ درج کیا ہے تاکہ كے ایس ای بی مستقبل میں اپنی طرف سے ان واقعات کو رو كنے کے لئے قدم اٹھائے۔

کرنٹ لگنے سے مرنے والے دونوں افراد کی شناخت رادھا کرشنن اور پریسنا کماری کے طور پر کی گئی ہے اور بارش کا پانی گھر کے باہر جمع ہونے سے وہاں پڑے تار کا کرنٹ پھیل گیا تھا، جس پر پاؤں رکھنے سے دونوں کی موت ہو گئی تھی۔

Published: 11 Jun 2019, 10:07 AM IST

8 دن بعد لاپتہ اے این -32 طیارہ کے ملبے کا سراغ ملا

نئی دہلی: آسام کے جورہاٹ سے پرواز کے بعد لاپتہ ہونے والے فضائیہ کے اے این -32 طیارے کا ملبہ آٹھ دن بعد منگل کو اروناچل پردیش میں مغربی ضلع سيانگ کے لپو گاؤں سے 16 کلومیٹر دور ملا ہے۔

فضائیہ نے آج ایک ٹوئٹ کر کے اس کی اطلاع دی۔ اس نے بتایا کہ تلاشی مہم میں لگے ایم آئی -17 ہیلی کاپٹر نے لاپتہ ہونے والے اے این -32 طیارے کا ملبہ تلاش کیا ہے۔ لپو گاؤں سے 16 کلومیٹر دور ٹاٹو تحصیل کے شمال مشرق میں سطح سمندر سے 12 ہزار فٹ کی اونچائی پر طیارے کا ملبہ دیکھا گیا ہے۔

جورہاٹ سے تین جون کو دوپہر بعد 12.25 بجے پرواز کرنے والا اے این -32 طیارہ اروناچل پردیش کے مغربی ضلع سيانگ میں واقع میچكا ایڈوانس لینڈنگ گراؤنڈ جا رہا تھا۔ راستے میں دوپہرایک بجے کے قریب متعلقہ ایجنسیوں سے طیارے کا رابطہ ٹوٹ گیا۔ طیارے میں عملہ کے آٹھ رکن اور پانچ دیگر فوجی سوار تھے۔ فضائیہ نے بتایاکہ "اب طیارے میں سوار لوگوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے"۔

Published: 11 Jun 2019, 10:07 AM IST

پونچھ میں ایل او سی پر زخمی ہونے والا فوجی اہلکار دم توڑ گیا

جموں: جموں کشمیر کے ضلع پونچھ کے شاہپور علاقے میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی شام کو ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ بارے کے تبادلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا فوجی اہلکار منگل کی صبح دم توڑ گیا۔

فوجی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیوندر آنند نے بتایا کہ پیر کی شام کو شاہپور علاقے میں ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا لانس نائیک محمد جاوید ساکن کھاگریہ بہار نامی فوجی اہلکار منگل کی صبح زخموں کی تاب نہ لانے کے سبب دم توڑ گیا۔

بتادیں کہ پیر کی شام طرفین کے درمیان شدید گولہ باری کے تبادلے کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار شدید زخمی ہوئے تھے جنہیں علاج و معالجے کے لئے فوری طور نزدیکی فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ایک فوجی اہلکار کی ہسپتال پہنچاتے ہی موت واقع ہوئی تھی تاہم دوسرا فوجی اہلکار لانس نائیک محمد جاوید منگل کی صبح دم توڑ گیا۔

Published: 11 Jun 2019, 10:07 AM IST

ٹیم انڈیا کو جھٹکا، انگلینڈ سے میچ سے قبل شکھر دھون ٹیم سے باہر

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ سے ہونے والے میچ سے پہلے جھٹکا لگا ہے۔ سلامی بلے باز شکھر دھون انگوٹھے میں فریکچر ہونے کی وجہ سے انگلینڈ میں جاری عالمی کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔

دھون نے اتوار کو آسٹریلیا کے ساتھ ہوئیے مقابلہ میں شاندار 117 رن اسکور کئے تھے اور مین آف دی میچ قرار دئے گئے، اسی دوران دھون کو چوٹ لگی تھی۔ ہندوستان نے یہ میچ 36 رنوں سے جیت لیا تھا۔

میچ میں بلے بازی کے دوران دھون کے انگوٹے میں کولٹر نائل کی گیند لگ گئی تھی۔ وہ فیلڈنگ کے لئے بھی میدان میں نہیں اتر سکے تھے۔ رویندر جڈیجا نے دھون کے لئے فیلڈنگ کی تھی۔

Published: 11 Jun 2019, 10:07 AM IST

امریکہ میں کثیر المنزلہ عمارت پر ہیلی کاپٹر گر کر ہوا تباہ، ایک ہلاک

نیویارک: امریکہ کے شہر مینہٹن میں ایک کثیر المنزلہ عمارت پر اترنے کے دوران ہیلی کاپٹر کے گر کر تباہ ہونے سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ نیویارک کے محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق پیر کو مینهٹن میں ایک 54 منزلہ عمارت پر ہیلی کاپٹر اترنے کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔

وفاقی ایوی ایشن انتظامیہ نے بتایا کہ ابتدائی خبروں سے پتہ چلتا ہے کہ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں صرف پائلٹ ہی سوار تھا۔ حادثے سے عمارت کی چھت پر آگ لگ گئی۔ چھت پر ہیلی کاپٹر کے اترنے کے لئے ہیلی پیڈ نہیں بنا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور علاقے کو خالی کر دیا گیا، حکام نے اس علاقے کی سڑکوں کو بند کرنے کا اعلان کیا اور لوگوں سے اس جانب جانے سے بچنے کی درخواست کی ہے۔

نیویارک فائر بریگیڈ کے سربراہ تھامس رچرڈسن نے کہا، ’’اونچی بلند عمارتوں میں لگی آگ پر قابو پانا ہمارے لئے مشکل ہوتا ہے کیونکہ اتنی بلندی تک پانی کا پریشر نہیں پہنچتا ہے لیکن ہمارے پاس ایسی صورت حال سے نمٹنے کا مکمل سسٹم ہے۔

اس درمیان امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ انہیں حادثے سے مطلع کیا گیا ہے اور انتظامیہ امداد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

Published: 11 Jun 2019, 10:07 AM IST

صحافی پرشانت کی گرفتاری پر سپریم کورٹ نے یوگی حکومت کو لگائی پھٹکار، پوچھا گرفتاری کیوں؟

یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر سوشل میڈیا پر پوسٹ لکھنے والے صحافی پرشانت قنوجيا کی گرفتاری کو لے کر سپریم کورٹ نے یوگی حکومت کو پھٹکار لگائی ہے، ساتھ ہی کورٹ کی جانب سے پرشانت قنوجيا کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے، کورٹ نے اس گرفتاری کو لے کر سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک شہری کے حقوق کی خلاف ورزی نہیں کی جا سکتی ہے، اس بچائے رکھنا ضروری ہے۔

صحافی پرشانت قنوجيا کی گرفتاری پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ کسی کو ایک ٹوئٹ کے لئے 11 دن تک جیل میں نہیں رکھے سکتے ہیں، عدالت نے یوگی حکومت سے کہا کہ یہ کوئی قتل کا معاملہ نہیں ہے، کورٹ نے کہا کہ مجسٹریٹ کا آرڈر درست نہیں ہے، اسے فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔

Published: 11 Jun 2019, 10:07 AM IST

شوپیاں میں تصادم، 2 ملی ٹنٹ ہلاک

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے آونیرہ میں پیر اور منگل کی درمیانی رات کے دوران ہونے والے ایک تصادم میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے۔ کشمیر زون پولس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا 'شوپیاں تصادم میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے۔ اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ مارے گئے ملی ٹنٹوں کی شناخت اور تنظیمی وابستگی معلوم کی جا رہی ہے'۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق شوپیاں کے آونیرہ جنگلات میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی ایک راشٹریہ رائفلز، جموں وکشمیر پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ کو گزشتہ رات محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود ملی ٹنٹوں اور فورسز کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے۔

انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع شوپیاں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔

Published: 11 Jun 2019, 10:07 AM IST

امیتابھ بچن کا ٹوئٹر ہینڈل ہیک

نئی دہلی: بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن کے ٹوئٹر ہینڈل کو ہیک کر کے پروفائل میں ان کی تصویر کی جگہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی تصویر لگا دیئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پیر کی رات ہیکر نے امیتابھ بچن کی تصویر کی جگہ عمران خان کی تصویر لگا دی۔

امتابھ بچن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پروفائل تصویر کے علاوہ ان کا تعارف بھی تبدیل کر دیا گیا، جس میں لکھا گیا ’’اداکار. .. خیر کم سے کم کچھ تو ابھی ایسا کہہ رہے ہیں ... لو پاکستان‘‘۔

Published: 11 Jun 2019, 10:07 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 11 Jun 2019, 10:07 AM IST

,
  • انتخابی نتائج LIVE: پرینکا گاندھی کی انتخابی سیاست میں زوردار انٹری، وائناڈ پارلیمانی سیٹ پر 4.11 لاکھ ووٹوں سے حاصل کی جیت

  • ,
  • امریکی صدارتی انتخاب کے بعد ایلون مسک کی دولت میں بے تحاشہ اضافہ، تاریخ کے سب سے امیر شخص بنے

  • ,
  • کانگریس نے بی جے پی پر لگایا مہاراشٹر میں ’داؤ پیچ‘ کے استعمال کا الزام، انتخابی نتیجہ کو بتایا ’عجیب‘ اور ’ناقابل یقین‘