بگوٹا: کولمبیا کے کواکیٹا علاقے کے گورنر آرنلفو گاسکا تروجیلو کے قافلے کے راستے میں دیسی ساختہ بم دھماکے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔ نیشنل پولیس چیف جنرل جارج لوئس ورگاس والینسیا نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ "ہم اس بزدلانہ دہشت گردانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہیں جس کی وجہ سے آج کواکیٹا میں ہمارے گشتی ارکان ولیم ایکویریا اور میگوئل برنال کی موت واقع ہوئی۔" پولیس چیف کا کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد پولیس اہلکاروں نے گورنر آرنلفو گاسکا ترجیلو کو گھیرے میں لے لیا۔ حملے میں گورنر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ انہیں کواکیٹا کے دارالحکومت فلورنسیا میں فوج کے ایک بریگیڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
Published: 30 Jan 2022, 9:00 AM IST
گزشتہ چار سالوں میں بے تحاشہ بے روزگاری پر مبنی ایک رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا کہ حکومت کی ترجیح روزگار ہونا چاہئے لیکن وہ ملک کے شہریوں کی جاسوسی کرنے میں مصروف ہے۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’حکومت کی ترجیح ہونی چاہئے نوجوانوں کے لئے ملازمت لیکن بی جے پی حکومت کی ترجیح شہریوں کی جاسوس ہے۔ ملک کو نوجوان ایجنڈہ چاہئے، ملک کو نوجوانوں کے لئے روزگار کا روڈ میپ چاہئے۔
پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے جس کے مطابق ملک میں 3.03 کروڑ نوجوان بے روزگار ہیں اور یہ تعداد لاک ڈاؤن کے دور سے بھی زیادہ ہے۔
Published: 30 Jan 2022, 9:00 AM IST
دہلی کی ایک عدالت نے 'بُلّی بائی' ایپ کے تخلیق کار نیرج بشنوئی کی درخواست ضمانت نامنظور کر دی ہے۔ نیرج بشنوئی ہر ایپ کے ذریعے مسلم خواتین صحافیوں کو بدسلوکی کا نشانہ بنانے اور ان کی توہین کرنے کا الزام ہے۔ عدالت نے یہ مشاہدہ کرتے ہوئے درخواست کو نامنظور کیا کہ ملزم کے عمل سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی یقینی طور پر برا اثر پڑے گا۔
Published: 30 Jan 2022, 9:00 AM IST
آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے اتوار کے روز منگلورو سے پارتی کے رکن اسمبلی یو ٹی قادر کو کرناٹک اسمبلی میں کانگریس قانون ساز پارٹی کا نائب قائد مقرر کیا ہے۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کے ذریعہ جاری کردہ ایک پریس بیان میں یہ اطلاع فراہم کی گئی۔ قادر منگلورو سے چار مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں اور ریاست کی گزشتہ کانگریس حکومت میں وزیر صحت، شہری ترقیات اور ہاؤسنگ کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
Published: 30 Jan 2022, 9:00 AM IST
جموں وکشمیر پولیس اور فوج نے ضلع پونچھ کے شندرا علاقے میں مشترکہ آپریشن کے دوران 250 ڈٹونیٹر برآمد کرکے اُنہیں بعد میں تباہ کیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے شندرا علاقے میں ملی ٹینسی مخالف آپریشنز کے دوران ایک مشتبہ بیگ برآمد ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ تلاشی کے دوران بیگ سے قریباً 250 ڈٹونیٹر برآمد ہوئے جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکارڈ کو طلب کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق بی ڈی ایس ٹیم نے بعد میں ان سبھی ڈٹونیٹرس کو تباہ کیا۔
Published: 30 Jan 2022, 9:00 AM IST
چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا ہے کہ دہلی سے امر جوان جیوتی کو بجھا دیا گیا ہے لیکن اب اسے چھتیس گڑھ میں روشن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، ’’امر جوان جوتی کو بجھا دیا گیا۔ وہ لوگوں کے جذبات سے کھیل رہے ہیں۔ کانگریس امر جوان جیوتی کو چھتیس گڑھ لے کر آئے گی۔ راہل گاندھی 3 فروری کو اس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔‘‘
بھوپیش بگھیل نے کہا، ’’کانگریس کا نظریہ گاندھی سے متاثر ہے، یہ سچائی اور عدم تشدد پر مبنی ہے، جبکہ مودی جی کا نظریہ ساورکر اور گوڈسے سے متاثر ہے اور یہ تشدد اور سازش پر مبنی ہے۔ کانگریس اور بی جے پی ایک دریا کے دو کنارے ہیں۔‘‘
Published: 30 Jan 2022, 9:00 AM IST
بابائے قوم مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی راج گھاٹ گئے اور باپو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس سے قبل راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ایک ہندوتواوادی نے گاندھی جی کو گولی ماری تھی اور وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
Published: 30 Jan 2022, 9:00 AM IST
مرکزی وزارت صحت کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2 لاکھ 34 ہزار 281 نئے معاملے درج کئے گئے۔ اس دوران 893 افراد کی جان چلی گئی، جبکہ 3 لاکھ 52 ہزار 784 مریضوں نے شفایابی حاصل کر لی۔
فی الحال ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 18 لاکھ 84 ہزار 937 ہے جو کہ مجموعی کیسز کا 4.59 فیصد ہے۔ جبکہ یومیہ پازیٹوٹی کی شرح 14.50 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا ویکسین کی ایک ارب 65 کروڑ 70 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔
Published: 30 Jan 2022, 9:00 AM IST
جموں و کشمیر میں گزشتہ 12 گھنٹوں میں دو مقامات پر ہونے والے تصادم میں کل 5 ملی ٹینٹ کو ہلاک کیا یگا ہے۔ مارے جانے والے ملی ٹینٹوں میں جیش محمد کا کمانڈر زاہد وانی اور ایک پاکستانی ملی ٹینٹ بھی شامل ہے۔ آئی جی پی کشمیر کے مطابق 4 ملی ٹینٹ پلوامہ جبکہ ایک ملی ٹینٹ بڈگام میں ہلاک کیا گیا اور تمام پانچوں ملی ٹینٹ پاکستان اسپانسرڈ تھے۔
Published: 30 Jan 2022, 9:00 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 30 Jan 2022, 9:00 AM IST
تصویر: پریس ریلیز