خبریں

اہم خبریں: بہار میں سی اے اے-این آرسی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا مظاہرہ 15 فروری کو

پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ دہلی کے پنجابی باغ علاقہ کے رانی باغ کے رہائشی بھگوتی شرما اپنی اہلیہ، دو بیٹوں اور بہو کے ساتھ سہارن پور شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے آئے تھے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر 

بہار: سی اے اے، این آرسی اور این پی آر کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا مظاہرہ 15 فروری کو

پٹنہ: شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)، این آر سی اور این پی آر کے خلاف اپوزیشن کا مشترکہ مظاہرہ پندرہ فروری کو سبھی ضلعی ہیڈکوارٹروں پر ہوگا۔ راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آر ایل ایس پی) کے قومی جنرل سکریٹری و ترجمان فضل امام ملک نے اپنے پریس اعلانیہ میں مذکورہ باتیں کہیں اور کہاکہ اس میں یکساں نظریات کی تمام جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔ پہلے یہ مظاہرہ 10 فروری کو ہونا تھا لیکن انٹر کے امتحان کی وجہ سے اب یہ مظاہرہ پندرہ فروری کو ہوگا۔

فضل امام ملک نے بتایا کہ آر ایل ایس پی کی تمام ضلعی اکائیاں اس میں پوری طاقت کے ساتھ شریک ہوںگی اور اس کالے قانون کے خلاف شدت کے ساتھ آواز بلند کی جائے گی ۔ آر ایل ایس پی سی اے اے اور این آر سی کے خلاف شروع سے ہی سڑکوںپر ہے اور پارٹی صدر اپندر کشوا ہا کی قیادت میں سمجھو۔ سمجھاﺅ، دیش بچاﺅ یاترا نکال کر لوگوں کو اس کے خطرات سے آگاہ کیاجارہا ہے۔ پندرہ فروری کے مظاہرہ میں سیاسی جماعتوںکے علاوہ سیکولر نظریات کی حامل سماجی تنظیمیں بھی حصہ لیں گی۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

شہریت ترمیمی قانون: پولس کارروائی میں تقریباً 100 جامعہ طلبا زخمی

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق پارلیمنٹ مارچ نکالنے کے لیے بضد جامعہ طلبا کو دہلی پولس نے روکنے کی کوشش کی، جس کے بعد دونوں کے درمیان تصادم کا ماحول پیدا ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پولس نے طلبا کے ساتھ دھکا-مکی کی اور لاٹھی سے بھی ان پر حملہ کیا۔ اس ہنگامہ میں کم و بیش 100 طلبا زخمی ہو گئے جن میں کئی طالبات بھی شامل ہیں۔ اس واقعہ میں میران حیدر نامی ایک طالب علم بھی زخمی ہوا جسے کچھ دیر پہلے الٹرا ساؤنڈ کے لیے قریبی لیب میں لے جایا گیا ہے۔ جامعہ کے ایک طالب علم نے ’قومی آواز‘ کو فون پر بتایا کہ زخمی طلبا کو ہولی فیملی اسپتال، الشفا اسپتال اور انصاری ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

ممبئی سے گرفتار ڈاکٹر کفیل خان کو علی گڑھ کی عدالت سے ملی ضمانت

ڈاکٹر کفیل خان کو گزشتہ دنوں ممبئی میں گرفتار کیا گیا تھا اور پھر انھیں اتر پردیش لا کر حراست میں رکھا گیا تھا۔ آج علی گڑھ کی چیف جیوڈیشیل مجسٹریٹ عدالت نے انھیں ضمانت دینے کا فیصلہ سنایا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جلد انھیں رہائی حاصل ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ وہ ممبئی باغ میں شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ہو رہے مظاہرے سے خطاب کرنے والے تھے جب گرفتار کر لیا گیا۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

ممبئی سلسلہ وار دھماکہ کے ملزم مناف ہلاری موسیٰ ممبئی ائیر پورٹ سے گرفتار

گجرات اے ٹی ایس کے پولس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے کے پٹیل نے کہا کہ ’’ہم نے کل ممبئی سلسلہ وار دھماکہ کا ملزم مناف ہلاری موسیٰ کو ممبئی ائیر پورٹ سے گرفتار کیا ہے۔ وہ دوبئی روانگی کی تیاری کر رہا تھا۔ ہم نے اس کے قبضے سے ایک پاکستانی پاسپورٹ برآمد کیا ہے۔‘‘

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

شہریت قانون: جامعہ طلبا پر پولس کی مبینہ لاٹھی چارج، کئی طالبہ بھی زخمی

جامعہ کوآرڈنیشن کمیٹی نے شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پارلیمنٹ تک احتجاجی مارچ نکالا لیکن اسے دہلی پولس نے ہولی فیملی اسپتال کے قریب ہی روک لیا۔ جامعہ کے طلبا اس عمل سے کافی ناراض ہوئے اور وہ پارلیمنٹ تک مارچ نکالنے کے لیے بضد نظر آئے۔ اس درمیان موصولہ اطلاعات کے مطابق پولس نے طلبا پر مبینہ لاٹھی چارج کر دیا جس میں کئی طالبات بھی زخمی ہو گئی ہیں۔ ادھر خبریں یہ بھی ہیں طلباء بھگدڑ میں زخمی ہوئے اور کوئی لاٹھی چارج نہیں ہوا۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

لوک سبھا: ریزرویشن معاملہ پر کانگریس اراکین پارلیمنٹ نے کیا واک آؤٹ

مرکزی وزیر تھاور چند گہلوت نے ریزرویشن سے متعلق جب لوک سبھا میں اپنا بیان دیا تو اس کے بعد کانگریس اراکین ناراضگی میں ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ کانگریس اراکین کا کہنا تھا کہ بی جے پی ایس سی/ایس ٹی ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتی ہے جسے کسی بھی حال میں منظور نہیں کیا جائے گا۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

دہلی: جامعہ کو آرڈنیشن کمیٹی نے سی اے اے، این آر سی و این پی آر کے خلاف نکالا مارچ

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبا کا شہریت ترمیمی قانون، این آر سی و این پی آر کے خلاف غیر معینہ مدت کا دھرنا و مظاہرہ جاری ہے۔ اس درمیان جامعہ کوآرڈنیشن کمیٹی نے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پارلیمنٹ تک ان سیاہ قوانین کے خلاف مارچ نکالا۔ مارچ میں بڑی تعداد میں طلبا و طالبات کے ساتھ ساتھ اساتذہ بھی شریک ہوئے۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریات ریزرویشن کے خلاف: راہل گاندھی

ایس سی / ایس ٹی ریزرویشن معاملے پر راہل گاندھی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریات ریزرویشن کے خلاف ہیں، وہ کبھی نہیں چاہتے ہیں کہ ایس سی / ایس ٹی ترقی کرے، وہ آئینی ڈھانچے کو توڑ رہے ہیں، میں ایس سی / ایس ٹی / او بی سی اور دلتوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ریزرویشن کو کبھی ہم ختم نہیں ہونے دیں گے، موہن بھاگوت یا مودی جی چاہے کتنا ہی بڑا خواب دیکھیں۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

شاہین باغ میں مظاہرین کو روڈ سے ہٹانے والی درخواست پر سپریم کورٹ نے دیا حکومت کو نوٹس

دہلی کے شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کر رہے لوگوں کو روڈ سے ہٹانے کے معاملے پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی، معاملے کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے۔

معاملے کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے تجویز دی کہ احتجاج عوامی سڑک پر غیر معینہ مدت کے لئے نہیں کیا جا سکتا ہے، اس طرح کے احتجاجی مظاہروں کے لئے ایک مخصوص جگہ کا انتخاب کرنا چاہیے۔ اب اس معاملے کی اگلی سماعت 17 فروری کو ہوگی۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

خواتین کمیشن کا گارگی کالج کے دورے کا فیصلہ

نئی دہلی: قومی خواتین کمیشن نے دہلی یونیورسٹی کی گارگی کالج کی طالبات کے ساتھ جنسی استحصال کے مسئلے پر از خود نوٹس لیا ہے اور کمیشن جلد ہی جائے وقوع کا دورہ کرے گا۔ کمیشن کے ذرائع نے پیر کو یہاں بتایا کہ کمیشن نے اخبارات میں شائع اس واقعہ کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ کمیشن کی ایک ٹیم جلد ہی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے کالج جائے گی۔

خبروں کے مطابق کالج کے سالانہ پروگرام کے دوران کالج کیمپس میں باہر سے لوگ گھس آئے اور طالبات کے ساتھ برا برتاؤ کیا۔ اس سلسلے میں کچھ طالبات نے جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے۔ طالبات کا کہنا ہے کہ کالج انتظامیہ نے ان کی کوئی مدد نہیں کی ہے۔ طالبات کے ایک گروپ نے اس سلسلے میں ایف آئی آر بھی درج کرائی ہے۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

دگوجے نے پلوامہ کے شہیدوں کا معاملہ اٹھایا

بھوپال: سینئر کانگریس رہنما اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی دگوجے سنگھ نے پلوامہ حملے کے شہیدوں کا معاملہ اٹھاتے ہوئے آج کہا کہ شہیدوں کے گھروالوں کو ایک سال گزرنے کے باوجود مدد نہیں ملی ہے۔ راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ دگوجے سنگھ نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ پلوامہ حملے کو ایک سال پورا ہوگیا ہے۔ شہیدوں کی بیویاں مدد کے لئے گہار لگا رہی ہیں۔ اب تو حکومت کو سننا چاہیے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ ’’مودی-شاہ‘کو یاد کیوں آئےگی، 2024 میں دیکھ لیں گے۔

دگوجے سنگھ نے مودی بھکتوں پر بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ہندوتوا صرف ہندوؤں کو دیگر مذاہب کے خلاف نفرت پھیلا کر ووٹ حاصل کرنے کا ہے۔ یہ پلوامہ کے شہیدوں کے گھر والوں کے بارے میں بھی نہیں سوچ رہے ہیں، جنہیں ایک سال بعد بھی مدد نہیں ملی ہے۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

تین منزلہ عمارت کی مُنڈیرکی دیوار گرنے سے ایک شخص ہلاک

حیدرآباد: تین منزلہ عمارت کی مُنڈیرکی دیوار کے ٹی اسٹال پر گرپڑنے کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع ورنگل کے پوچماں میدان علاقہ میں پیش آیا۔ مہلوک کی شناخت محمد جلال الدین کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ اور دوسرے بعض افراد چائے پی رہے تھے کہ اچانک ان پر مُنڈیر کی دیوار گر گئی۔ پولیس نے کہا کہ زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جلال الدین کے فرزند کی شکایت پر ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی گئی۔ شبہ کیا جارہا ہے کہ یہ دیوار ہفتہ کی شب ہوئی اچانک بارش کے نتیجہ میں کافی بوسیدہ ہوگئی تھی۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

بہار: پٹنہ میں بم دھماکہ، 5 افراد زخمی، دو گھروں کو پہنچا نقصان

بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں ایک گھر میں بم دھماکہ ہوا ہے، اس دھماکے میں 5 لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے، زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ دھماکے سے دو گھروں کو نقصان پہنچا ہے، پولیس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

سہارنپور: خوفناک سڑک حادثہ میں ایک ہی کنبہ کے چار افراد کی موت

سہارنپور: اترپردیش میں ضلع سہارنپور کے نانگل علاقہ میں ہونے والے خوفناک سڑک حادثے میں کار سوار ایک ہی کنبہ کے چار ارکان کی موت ہو گئی، جبکہ ایک کی حالت نازک ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ (دیہات) ودیا ساگر مشرا نے پیر کو یہاں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ دہلی کے پنجابی باغ علاقہ کے رانی باغ کے رہائشی بھگوتی شرما اپنی اہلیہ، دو بیٹوں اور بہو کے ساتھ سہارن پور شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے آئے تھے۔ اتوار کی رات تقریباً 12 بجے شادی کی تقریب کے بعد گھر کے کے پانچوں رکن کار سے دہلی واپس لوٹ رہے تھے۔ نانگل علاقے میں سبری بھٹے کے پاس تیز رفتار کار ایک ٹرالی سے جا ٹکرا گئی۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں بھگوتی شرما (55) ان کی اہلیہ ممتا شرما (50) بیٹا گورو شرما (28) اس کی اہلیہ ندھی شرما (24) کی موت ہو گئی۔ حادثہ میں زخمی گورو کے بھائی پرتیک شرما کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے اور اس کی حالت بھی سنگین بتائی جا رہی ہے۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 10 Feb 2020, 10:13 AM IST