خبریں

اہم خبریں: بی جے پی بلاک پرمکھ الیکشن کو بھی دھوکہ سے جیتنا چاہتی ہے... اکھلیش

اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی
اکھلیش یادو، تصویر یو این آئی PHOOL CHANDRA

بلاک پرمکھ الیکشن کو فریب دہی سے جیتنا چاہتی ہے بی جے پی: اکھیش

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے کہاہے کہ ضلع پنچایت انتخابات میں جمہوریت کا مذاق بنانے والی بی جے پی بلاک پرمکھ انتخاب کو بھی فریب دہی سے جیتنا چاہتی ہے۔ ریاست میں بی جے پی کے مقابلے سماج وادی پارٹی کے زیادہ ضلع پنچایت اراکین جیتے تھے لیکن بی جے پی نے دھن ،بل،دھوکہ دھڑی اور ضلع انتظامیہ کے ذریعہ جیتے ہوئے ضلع پنچایت اراکین پر استحصال کی کاروائی کر کے ہاری بازی نام نہادجیت میں بدل کر اپنے ضلع پنچایت صدور جیت لئے اور جمہوریت کا قتل کردیا۔اب بی جے پی بلاک پرمکھوں کے انتخاب میں وہی کہانی دوہرانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیسی ستم ظریفی ہے کہ اب بلاک پرمکھوں کے انتخاب میں انچارج انسپکٹر چھیتر پنچایت اراکین اور حامیوں کی فہرست مانگ رہے ہیں۔ یہ جمہوریت کا گلا گھونٹنے کی دوسری کوشش ہے کیونکہ بی جے پی جانتی ہے کہ اپنی طاقت کے ذریعہ کوئی الیکشن جیتنا اس کے بس میں نہیں ہے۔ دھوکہ، فریب،دہشت اور جھوٹے مقدموں میں پھنسانے کی ترکیبیں اسے آتی ہیں۔

Published: 07 Jul 2021, 7:05 PM IST

مغربی بنگال: بی جے پی رکن پارلیمنٹ سومترا خان نے بغاوت کی شروعات کی

کولکاتا: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے بعد سے ہی بی جے پی میں انتشار کا سلسلہ ختم نہیں ہورہا ہے۔اب بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ سومترا خان نے مرکزی کابینہ میں شامل نہیں کئے جانے کے بعد بنگال بی جے پی یوتھ فرنٹ کے صدرسے استعفیٰ دیتے ہوئے ریاستی صدر دلیپ گھوش اور اسمبلی میں اپوزیشن شوبھندو ادھیکاری کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں دہلی قیادت کو گمراہ کررہے ہیں۔

سومترا نے خان نے کہا کہ وہ نریندر مودی کو دیکھ کر بی جے پی میں آئے تھے مگر اب یہاں کچھ لوگ خود کو ہی پارٹی کے طور پر پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے شوبھندو ادھیکاری کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہلی بار بار جاکر پارٹی قیادت کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے شوبھندو ادھیکاری سے متعلق کہا کہ وہ دعویٰ کررہے ہیں کہ ان کی ہی قیادت میں سب کچھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جس طریقے سے کام کررہے ہیں ایسے حالات میں وہ یوتھ فرنٹ کی قیادت نہیں کرسکیں گے۔ اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے کام کرنے کے بجائے بار بار دہلی جاکر پارٹی لیڈر شپ کو گمراہ کررہے ہیں۔ خود کو ایک بڑے لیڈر کے طور پر پیش کررہے ہیں۔

Published: 07 Jul 2021, 7:05 PM IST

ڈیڑھ گھنٹے میں 15 کابینہ وزیر اور 28 وزیر مملکت نے لیا حلف

پی ایم مودی کی کابینہ توسیع کا پروگرام راشٹرپتی بھون میں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ مودی کابینہ میں 15 کابینہ وزیر، 28 وزیر مملکت نے حلف برداری کی۔ سونووال، رانے، سدنھیا سمیت کئی لیڈروں نے کابینہ وزیر کا حلف لیا اور کئی نئے چہروں کی کابینہ میں انٹری ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں کئی پرانے لیڈروں نے وزارتی عہدہ سے استعفیٰ بھی دے دیا ہے۔

Published: 07 Jul 2021, 7:05 PM IST

چچا پارس کو مودی کابینہ میں شامل کیے جانے سے ناراض چراغ پاسوان پہنچے دہلی ہائی کورٹ

مرکزی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے آج جن 43 لیڈروں کو راشٹرپتی بھون میں حلف دلایا گیا، ان میں ایل جے پی کی طرف سے آنجہانی رام ولاس پاسوان کے بھائی اور چراغ پاسوان کے چچا پشوپتی پارس کا نام بھی شامل ہے۔ اس خبر سے چراغ پاسوان بہت ناراض ہیں دہلی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ انھوں نے پارٹی آئین کا حوالہ دیتے ہوئے دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا ہے۔ چراغ کا کہنا ہے کہ پارٹی مخالف سرگرمی اور اعلیٰ قیادت کو دھوکہ دینے کے سبب ایل جے پی سے پشوپتی کمار پارس کو پہلے ہی باہر کا راستہ دکھایا جا چکا ہے اور انھیں مرکزی کابینہ میں شامل کرنے پر پارٹی سخت اعتراض درج کراتی ہے۔

Published: 07 Jul 2021, 7:05 PM IST

مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر اور روی شنکر پرساد نے بھی دیا استعفیٰ

ایک طرف مودی کابینہ کی توسیع کا اعلان کر دیا گیا ہے، اور دوسری طرف لگاتار مرکزی وزراء کے ذریعہ استعفیٰ کا سلسلہ جاری و ساری ہے۔ مرکزی وزیر رمیش پوکھریال نشنک اور ڈاکٹر ہرش وردھن سمیت 11 مرکزی وزراء نے پہلے ہی مودی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا، اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر اور روی شنکر پرساد نے بھی اپنا اپنا استعفیٰ نامہ پیش کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جن وزراء کے کام سے پی ایم مودی ناراض ہیں، انھیں استعفیٰ دینے کے لیے کہا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج صبح سے ہی یکے بعد دیگرے کئی وزراء نے مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

Published: 07 Jul 2021, 7:05 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 07 Jul 2021, 7:05 PM IST