خبریں

اہم خبریں: ماؤنواز بھی بن رہے ہیں کورونا کا شکار

کورونا وائرس، تصویر یو این آئی
کورونا وائرس، تصویر یو این آئی 

ماؤنواز بھی بن رہے ہیں کورونا کا شکار

دنتے واڑہ: چھتیس گڑھ کے ماؤ نواز متاثرہ دنتے واڑہ ضلع میں متعدد ماؤنوازوں کے کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ دنتے واڑہ پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ابھیشیک پلّو کے مطابق پولیس کو اس بات کی پختہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ 25 لاکھ روپے انعامی ماؤ نواز سُجاتا کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔ ایک ماؤ نواز کی موت اور متعدد ماؤ نوازوں کے بیمار ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ ماؤ نواز گاؤں والے سے بھی میل جول رکھے ہوئے ہیں، اس لئے گاؤں میں بھی کورونا انفیکشن پھیلنے کی خدشات بنے ہوئے ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ ماؤ نوازوں کو پولیس کے سامنے خود سپردگی کرنی چاہیے۔

Published: 09 May 2021, 8:40 AM IST

خاتون نے پھانسی لگا کر کی خودکشی

راجکوٹ: گجرات میں راجکوٹ شہر کے بی ڈویژن علاقے میں ایک خاتون نے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس نے اتوار کے روز بتایا کہ ہڈکومیو۔ کوارٹر کے رہنے والے وپل بھائی پڈالیہ کی اہلیہ مولیک بین (25) نے کسی وجہ سے اپنے ہی گھر میں پھانسی لگا لی۔ بے ہوشی کی حالت میں اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ وہ ایک بیٹی کی ماں تھی۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے جانچ شروع کر دی ہے۔

Published: 09 May 2021, 8:40 AM IST

تلنگانہ میں کورونا کی دوسرے ڈوز  کےلئے طویل قطاریں

حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا کے دوسرے ڈوز کی لئے لوگوں کی قطاریں دوسرے دن بھی دیکھی جا رہی ہیں صرف دو دن ہی دوسرا ڈوز دینے حکومت کے اعلان کے بعد ضعیف العمر افراد مختلف کووڈ ٹیکہ اندازی کے مراکز پر دیکھے گئے جہاں انہوں نے دوسرا ڈوز لیا۔ ریاست کے مختلف مقامات پر ان ضعیف افراد کی بڑی تعداد ٹیکہ اندازی کے مراکز پرصبح 8 بجے سے ہی دیکھی گئی۔ دوسرے ڈوز کے لئے آن لائن رجسٹریشن کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ مراکز کے قریب ہی رجسٹریشن کی وجہ سے ٹیکہ اندازی کے عمل میں کافی تاخیر ہوئی۔

Published: 09 May 2021, 8:40 AM IST

اروناچل میں کووڈ- 19 کے 244 نئے کیسز

ایٹانگر: اروناچل پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ ۔19 کے 244 نئے کیسز کے سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 20046 ہوگئی۔ ایٹا نگر ڈائریکٹو ریٹ آف ہیلتھ سروس کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن کے مطابق کورونا نئے کیسز میں ایٹانگر میں سب سے زائد 77 ، اس کے بعد توانگ میں 33، وادی دیبانگ اور لوہت میں 20 کیسز سامنے آئے ہیں۔ راحت کی بات یہ ہے کہ 135 مریض اس وبا سے صحتیاب ہوکر اسپتالوں سے فارغ ہو گئے ہیں، جس سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 17984 ہوگئی۔ ایکٹو کیسز 2002 پر مستحکم ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد 60 پہنچ گئی ہے۔

Published: 09 May 2021, 8:40 AM IST

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مسلسل دوسرے روز مستحکم

نئی دہلی: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آج مسلسل دوسرے دن بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور یہ تاریخی بلند ترین سطح پر رہیں۔ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مسلسل چار دن تک بڑھتی ہوئی جمعہ کے روز ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔ آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق اتوار کے روز قومی دارالحکومت میں پٹرول 91.27 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 81.73 روپے فی لیٹر پر مستحکم رہا۔ اس سے قبل ہفتے کے روز بھی ان کی قیمتیں مستحکم رہی تھیں۔

دیگر شہروں میں بھی ان کی قیمتوں میں آج کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ ممبئی میں ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 97.61 روپے، چنئی میں 93.15 روپے اور کولکتہ میں 91.41 روپے رہی۔ ڈیزل کی قیمت ممبئی میں 88.82 روپے، چنئی میں 86.65 روپے اور کولکتہ میں 84.57 روپے فی لیٹر رہی۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر ہر روز صبح چھ بجے سے نئی قیمتیں لاگو ہو جاتی ہیں۔

Published: 09 May 2021, 8:40 AM IST

بھاگل پورمیں نوجوان کی لاش برآمد

بھاگل پور: بہارمیں ضلع بھاگل پور کے مدھوسودن پورتھانہ علاقہ سے پولیس نے گزشتہ ایک نوجوان کی لاش برآمد کی ہے۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ مقامی افراد سے ملی اطلاع کی بنیاد پر کجھیا گاوں کے نزدیک بائی پاس روڈپر سڑک کے کنارے ایک نوجوان کی لاش برآمد کی گئی ہے۔ نوجوان کا گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مرنے والے نوجوان کی عمر تقریباً 25 سال ہے اوراس کی فوری طورپر شناخت نہیں کی جاسکی ہے۔ واقعہ کی اطلاع کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو پاسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔

Published: 09 May 2021, 8:40 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 09 May 2021, 8:40 AM IST