خبریں

اہم خبریں: ہندوستانی بحریہ کے آئی این ایس وکرم آدتیہ میں آتشزدگی

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس 

ہندوستانی بحریہ کے آئی این ایس وکرم آدتیہ میں آتشزدگی

کروار: ہندوستانی بحریہ کا مال بردار جہاز آئی این ایس وکرم آدتیہ میں ہفتے کے روز علیٰ الصباح آگ لگ گئی، لیکن اس سے بحریہ کے اہلکاروں کے ساتھ ساتھ جہاز کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شپ میں معمولی آگ لگ گئی تھی جسے بحریہ کے اہلکاروں نے فوراً بجھا دیا۔ پریس ریلیز میں کہا گیا،’ڈیوٹی اسٹاف نے جنگی جہاز کے حصے سے دھواں نکلتے دیکھا جس میں ملاحوں کے لیے رہائش تھی‘۔ بیان میں کہا گیا،’جہاز کے ڈیوٹی اہلکاروں نے آگ بجھانے کے لیے فوری طور پر کام کیا۔ اس کے بعد تمام اہلکاروں نے بھی اس میں مدد کی اور کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ہے‘۔ ذرائع نے بتایا کہ آتشزدگی کے حادثے کی تفتیش کا حکم دے دیا گیا ہے۔ آئی این ایس وکرم آدتیہ ایک ترمیمی کیو-کٹیگری کا مال بردار جہاز ہے جسے سنہ 2013 میں روس سے ہندوستان نے خریدا تھا اور اس کا نام وکرم آدتیہ کے نام پر رکھا گیا۔

Published: 08 May 2021, 10:40 AM IST

بستر زون میں چار ماؤ نواز گرفتار

جگدلپور: چھتیس گڑھ کی بستر پولیس نے اینٹی نکسل آپریشن کے تحت چار ماؤ نوازوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضلع نارائن پور اور تین سکما ضلع میں تین ماؤ نوازکو گرفتار کیا گیا۔ نارائن پور ضلع کے گرفتار ملزمان کی شناخت گنیش رام، نوریٹی اور لکھمورام نوریٹی کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ضلع سکما کے گورڈنڈ گاؤں میں گرفتار ماؤ نواز کا نام بلرام کورم بتایا گیا ہے۔ ملزمان متعدد سنگین مجرمانہ وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

Published: 08 May 2021, 10:40 AM IST

طالبان نے کیا عید کے بعد تین دن تک جنگ بندی کا اعلان

کابل: افغانستان میں طالبان نے رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر عید الفطر کے بعد تین دن تک جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کے قریبی ذرائع نے یہ معلومات دی۔ ذرائع کے مطابق طالبان اپنے جنگجوؤں کو عید الفطر کے بعد تین دن تک لڑائی نہ کرنے کے لئے کہے گا ۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان حکومت اور طالبان کے نمائندوں کے مابین جاری امن مذاکرات کے باوجود پرتشدد جھڑپیں اور بم دھماکوں کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔

Published: 08 May 2021, 10:40 AM IST

ضلع پونچھ میں سڑک حادثہ، کمسن لڑکا از جان، تین شدید زخمی

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے منڈی تحصیل میں ہفتے کے روز ایک دلدوز سڑک حادثے میں ایک کمسن لڑکے کی موت جبکہ تین دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک ایم یو وی گاڑی منڈی سے راجپورہ کی طرف جا رہی تھی کہ وہ سڑک سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں اس میں سوار ایک کمسن کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوگئی جبکہ تین دیگر زخمی ہوگئے۔ متوفی کی شناخت ریاض احمد ولد غلام قادر ساکن راجپورہ کے بطور ہوئی ہے جبکہ زخمیوں کی شناخت غلام محمد، اعجاز احمد اور عبدالاحد ساکنان راجپورہ کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کے لئے ضلع اسپتال پونچھ منتقل کیا گیا ہے۔

Published: 08 May 2021, 10:40 AM IST

برازیل میں کووڈ سے 2165 افراد ہلاک

ماسکو: برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ- 19 کے نئے 78886 کیسز سامنے آنے سے کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 15,082,449 ہوگئی۔ وزارت صحت نے جمعہ کے روز یہ اطلاع دی۔ وزارت کے مطابق اسی دوران 2,165 ہلاکتوں سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 419,114 ہوگئی ہے۔ ایک دن قبل ملک میں کورونا کے 73,000 نئے کیسز اور 2550 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی تھی۔

Published: 08 May 2021, 10:40 AM IST

فجی میں زلزلے کے جھٹکے

ماسکو: فجی جزیرے میں ہفتہ کے روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق مقامی وقت کے مطابق 23.35 بجے آئے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.0 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز لیوکا شہر سے 340 کلومیٹردوراور سطح سے 398 کلومیٹرکی گہرائی میں تھا۔ زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصانات کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے اور سونامی الرٹ بھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔ فجی جزیرے میں جمعہ کے روز بھی بھی زلزلے کے 5.2 شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

Published: 08 May 2021, 10:40 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 08 May 2021, 10:40 AM IST