نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کورونا وبا کے کچھ کم معاملوں اور پورے ملک میں آہستہ آہستہ جاری ان لاک کے عمل کے دوران وزیراعظم قوم سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم آفس نے پیر کو ٹوئٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ "وزیر اعظم نریندر مودی 7 جون کو شام 5 بجے قوم سے خطاب کریں گے۔ "واضح رہے کہ سونامی کی طرح آنے والی کورونا وبا کی دوسری لہر نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور اس دوران لاکھوں افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اب ملک کے بیشتر علاقوں میں وبا کے اثرات کچھ کم ہو رہے ہیں اور مختلف ریاستوں نے آہستہ آہستہ ان لاک کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ایسی صورتحال میں وزیر اعظم کا خطاب بہت اہم سمجھا جا رہا ہے۔
Published: 07 Jun 2021, 9:40 AM IST
حیدرآباد: تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں پیش آئے سڑک حادثہ میں دو خواتین ہلاک ہوگئیں، جن میں ایک سینی ٹیشن ورکر بھی شامل ہے۔ یہ حادثہ پیر کی صبح ضلع کے ریاکل روڈ کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ایس یو وی گاڑی کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھو دیا، جس کے نتیجہ میں اس گاڑی نے چار دیگر افراد کے ساتھ ساتھ دوخواتین کو ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دو خواتین موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گاڑی کے ڈرائیور نے نیند کی کمی کی وجہ سے اسٹرنگ پر سے اپنا کنٹرول کھو دیا۔ مہلوکین کی شناخت ضلع کے مدن پور کی رہنے والی جاروب کش 45 سالہ چندرما اور نہرو نگر کی رہنے والی 44 سالہ پٹنم وٹم کے طورپر کی گئی ہے۔ چندرماں، نارائن کھیڑ بلدیہ میں جاروب کش کا کام کرتی تھی۔ اس حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی کمشنر بلدیہ ملاریڈی نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے چندرماں کے ارکان خاندان کو تمام طرح کی مدد کی یقین دہانی کروائی۔ پولیس نے کہا کہ لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی کا ڈرائیور حالت نیند میں تھا۔
Published: 07 Jun 2021, 9:40 AM IST
سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ علاقے میں پیر کی صبح ایک 24 سالہ مزدور ریت نکالنے کے دوران پھسل کر دریائے جہلم میں ڈوب گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے کاکہ پورہ علاقے میں دریائے جہلم کے کنارے پر پیر کی صبح مزدوروں کا ایک گروپ ریت نکال رہا تھا کہ اس دوران ایک مزدور پھسل کر دریائے جہلم میں ڈوب گیا۔ انہوں نے بتایا واقعہ رونما ہوتے ہی مزدور کو پانی سے نکالنے کے لئے بچاؤ آپریشن شروع کیا گیا۔ مزدور کی شناخت منظور احمد ولد مشتاق احمد ساکن حیات پورہ کے بطور ہوئی ہے۔
Published: 07 Jun 2021, 9:40 AM IST
سوپول: بہار کے ضلع سوپول کے صدر تھانہ علاقے میں ایک نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ سوپول کے سب ڈویژنل کانسٹیبل افسر کمار اندر پرکاش نے پیر کو یہاں بتایا کہ سوپول گاؤں کے رہائشی وکاس کمار (28) اور جیتو کمار کے مابین پیسوں کے لین دین کے بارے میں تنازع چل رہا تھا۔ اتوار کی رات، وکاس کمار اس معاملے سے متعلق جیتو کمار کے گھر پہنچا، جہاں دونوں کی لڑائی ہوگئی۔ اس دوران جیتو کمار نے اپنے کچھ ساتھیوں کے ہمراہ وکاس کمار پر حملہ کیا اور اسے گولی مار کر زخمی کردیا۔ وکاس کمار نے بتایا کہ زخمی وکاس کمار کو سوپول صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران تاخیر شب اس کی موت ہوگئی۔ نعش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے۔ پولیس ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہے۔
Published: 07 Jun 2021, 9:40 AM IST
لوساکا: زامبیا میں کورونا وائرس (کووڈ۔ 19) سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہاں کورونا کی تیسری لہر میں انفیکشن نے زور پکڑ لیا ہے۔ پچھلے 4 گھنٹوں کے دوران زامبیا میں 738 نئے کیس درج ہوئے اور اس کے بعد اب تک اس جان لیوا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 100278 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہاں کووڈ 19 کے 6987 ٹیسٹ ہوئے۔ اس دوران، یہاں اس وبا کی وجہ سے 5 افراد کی موت کے بعد اموات کی تعداد 1308 ہوگئی ہے۔ وہیں 338 مریضوں کی شفایابی کے بعد کورونا سے نجات پانے والے افراد کی تعداد 93374 ہوگئی۔ وزارت صحت میں مستقل سکریٹری کینیڈی مالامہ نے کہا ’’ہم نے تیسری لہر کے آغاز پر نئے معاملات میں اضافہ دیکھا ہے۔ اب ہم اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھ رہے ہیں۔ پچھلے ایک ہفتہ سے، ہم ایک دن میں اوسطا پانچ افراد کھو رہے ہیں۔
Published: 07 Jun 2021, 9:40 AM IST
میکسیکو سٹی: میکسیکو کی شمالی کوہوایلا ریاست میں زیرزمین ایک کان حادثے میں کم از کم چار کانکن ہلاک ہوگئے ہیں۔ میکسیکو کے لیبر اینڈ سوشل ویلفیئر سیکرٹریٹ نے پیر کو اس بارے میں اطلاع دی۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کے روز کم از کم سات مزدور کوہوایلا زیر زمین کان میں پھنس گئے تھے۔ ایک دن پہلے ہی، بارش کے باعث کان ڈیہہ گئی تھی۔ موقع پر ریسکیو کا کام جاری تھا۔ وزارت محنت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج مقامی وقت کے مطابق 9 بجکر 20 منٹ پر چوتھے کانکن کی لاش برآمد کی گئی۔ اس سے قبل مقامی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ کان سے تین مزدوروں کی لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں۔
Published: 07 Jun 2021, 9:40 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Jun 2021, 9:40 AM IST
تصویر: پریس ریلیز