خبریں

اہم خبریں: معروف شاعر منور رانا کے بیٹے تبریز رانا پر نامعلوم افراد کا حملہ

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس 

شاعر منور رانا کے بیٹے پر گولیوں سے حملہ، پولیس تحقیقات شروع

موصولہ اطلاعات کے مطابق مشہور و معروف شاعر منور رانا پر کچھ بدمعاشوں نے گولیوں سے حملہ کر دیا ہے جس کے بعد علاقے میں افرا تفری کا ماحول ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق واقعہ رائے بریلی کا ہے جہاں ایک پٹرول پمپ پر تبریز رانا تیل بھرانے کے لیے جا رہے تھے تبھی دو نامعلوم افراد نے ان پر گولیوں سے حملہ کر دیا۔ تبریز نے کسی طرح کار میں جھک کر اپنی جان بچائی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات شروع کر دی۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST

ہماچل پردیش: شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل، اندوہناک حادثہ میں 9 افراد ہلاک

ہماچل پردیش کے سرمور ضلع سے دردناک حادثہ کی خبر موصول ہو رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق شیلائی کے تحت ٹمبی-بکراس سڑک پر پشوگ نامی جگہ پر پیر کی شام ایک بولیرو کیمپر ایچ پی-17 سی 4137 گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔ حادثہ میں گاڑی میں سوار 9 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سبھی لوگ بارات میں جا رہے تھے۔ اس حادثہ کی وجہ سے شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئی ہیں۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر سبھی 9 لاشوں کو کھائی سے نکال لیا ہے۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST

چُلّو بھر پانی میں ڈوب مرو نتیش-بی جے پی سرکار: رندیپ سرجے والا

کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے بہار کی جے ڈی یو-بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’شرمناک اور تلخ حقیقت! چُلّو بھر پانی میں ڈوب مرو نتیش-بی جے پی حکومت‘۔ اس ٹوئٹ کے ساتھ کانگریس لیڈر نے ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی ایک خبر کا لنک لگایا ہے جس کا عنوان ہے ’آر ٹی آئی: 11 کروڑ سے زیادہ آبادی والے بہار میں صرف 19 کورونا مریضوں کا آیوشمان بھارت کے تحت ہوا علاج‘۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST

کار پلٹنے سے ایک کی موت، دو زخمی

پرتاپ گڑھ: اترپردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ میں گزشتہ دیر رات میں تھانہ سکردہا کے نزدیک ایک کار پلٹ گئی جس سے گاڑی ڈرائیور کی موت ہوگئی اور دو زخمی ہوگئے۔ پولیس نے آج یہاں کہا کہ دونوں کا علاج پریاگ راج کے پرائیویٹ اسپتال میں چل رہا ہے۔ گاڑی کو نہر سے نکلوا لیا گیا ہے۔ آگے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST

ٹھانے ضلع میں کورونا کے 16 مریضوں کی موت

ٹھانے: ممبئی سے ملحق ٹھانے ضلع میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) انفیکشن کے 480 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی اور 16 مریضوں کی موت ہوگئی۔ حکام نے پیر کو بتایا کہ ضلع میں اتوار کو 480 نئے مریضوں کے متاثر ہونے کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد بڑھ کر 5,31,200 تک پہنچ گئی اور مزید 16 مریضوں کی موت ہو جانے سے اموات کے اعداد و شمار بڑھ کر 10645 ہوگئے ہیں۔ ضلع میں اموات کی شرح دو فیصد ہے۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST

ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کی خودکشی

کھرگون: مدھیہ پردیش کے کھرگون ضلع کے بھکن گاؤں ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راجیش باہیتی نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر پھانسی لگا کر خودکشی کرلی ہے۔ بھیکن گاؤں تھانہ کے سٹی انسپکٹر جگدیش گوئل نے بتایا کہ 56 سالہ راجیش باہیتی نے گزشتہ رات اپنی سرکاری رہائش گاہ پر پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ انہوں نے بتایا کہ کل رات اندور میں مقیم ان کے کنبہ کے ممبران کی جانب سے لگائے گئے فون کا جب کوئی جواب نہیں ملا تو پولیس کو مطلع کیا گیا جس کی بناء پر آج سرکاری رہائش گاہ کو سیل کرنے کے بعد ایف ایس ایل ٹیم کو ضروری معائنہ کے لئے بلایا گیا ہے۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST

ایٹمی صلاحیتوں سے لیس ’اگنی-پی‘ میزائل کا کامیاب تجربہ

نئی دہلی: ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے جوہری صلاحیتوں سے لیس اگلی نسل کے میزائل ’اگنی پی‘ کا کامیابی کے ساتھ تجربہ کیا۔ یہ ٹسٹ پیر کے روز صبح 10:55 بجے اڈیشہ کے بالاسور میں واقع ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام جزیرے میں کیا گیا۔ میزائل کے لانچ ہونے کے بعد اس پر مختلف اسٹیشنوں اور راڈاروں سے نظر رکھی گئی۔ میزائل نے تجربے کے دوران اپنے تمام مقاصد کو انجام دیا، لانچنگ کے موقع پر اس کا ہدف درست تھا۔ ’اگنی-پی‘ میزائل اگلی نسل کا جدید ترین میزائل ہے جو 1000 سے 2000 کلومیٹر کی حد تک مار کرنے کے قابل ہے۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST

سعودی عرب میں 12 سے 18 سال کی عمر کے لئے کوڈ ویکسینیشن کا آغاز

الریاض: سعودی عرب کی حکومت نے ملک میں 12 سے 18 سال کی عمر کے نوعمروں کے لئے کووڈ ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت صحت نے اپنے آفیشل ٹوئٹر پیج پر لکھا ’’وزارت صحت نے فائزر کووڈ ویکسین کے ساتھ 12 سے 18 سال کی عمر کے نوعمروں کو حفاظتی ٹیکے لگانا شروع کر دیا ہے‘‘۔ وزارت کے مطابق اب تک ملک میں 1.70 کروڑ افراد کو کوڈ ویکسین کی خوراک دی جاچکی ہے۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق مملکت سعودی عرب میں اب تک 483221 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور 7775 مریض اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST

جنوبی افریقہ کے صدر نے کیا ملک میں سخت لاک ڈاؤن کا اعلان

جوہانسبرگ: دنیا میں ہلاکت خیز اورموذی کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے جس کے سبب ان ممالک نے ایک بار پھر لاک ڈاؤں لگانا شروع کر دیا ہے۔ اسی حوالہ سے جنوبی افریقہ کے صدر نے ٹی وی پر قوم سے خطاب کے دوران ملک بھر میں سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ پابندیوں کے سبب ہوٹل میں ’ڈائن ان‘ کی سہولت ختم کردی گئی ہے، صرف ’ٹیک اوے‘ اور ’ہوم ڈلیوری‘ کی اجازت ہوگی، رات میں لگنے والے کرفیو میں بھی ایک گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ میں میں وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ہجوم والی تقریبات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST

ویکسین سے متعلق سپریم کورٹ میں مودی سرکار کا حلف نامہ، ملک کو حقیقت کی توقع تھی: راہل گاندھی

کانگریس کے سانق صدر اور رہنما راہل گاندھی نے ویکسین پر سپریم کورٹ میں مودی سرکار کے ذریعہ داخل حلف نامہ پر اپنا ردعمل طاہر کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ملک کو ان سے حقیقت کی توقع تھی۔ واضح ہو کی مودی حکومت نے مئی کے مہینے میں 216 کروڑ ویکسین کے ٹیکہ دینے کا وعدہ کیا تھا، اب وہ اس وعدے سے منحرف ہوگئے ہیں اور سپریم کورٹ میں داخل حلف نامہ میں کہا کہ وہ اب 135 کروڑ ٹیکے دیں گے۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST

آسمانی بجلی کی زد میں آنے کے سبب ایک شخص کی موت، چار جھلسے

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپگڑھ ضلع ہیڈکواٹر سے تیس کلومیٹر مسافت پر تھانہ کوتوالی پٹّی علاقے کے زمینے گاوں میں اتوار کی تاخیر شام بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے سبب کرنٹ کی زد میں آنے سے مندر کے احاطہ میں کھڑے ایک شخص کی موت ہوگئی۔ جبکہ چار لوگ شدید طور سے جھلس گئے۔ ایس ایچ او گنیش پرساد نے بتایا کہ آج تاخیر شام بارش کے دوران بارش سے بچنے کے لئے زمینے گاوں کے نزدیک ایک مندر کے احاطہ میں راج بہادر 28 مع اپنی چچازاد بہن کسم 16، آباد علی 29 مع بیٹے انس 6، روہت 26 و ناگیندر 24 کھڑے تھے کہ اچانک آسمانی بجلی گرنے کے سبب کرنٹ کی زد میں آنے سے سبھی پانچوں لوگ جھلس گئے، جبکہ انس بال بال بچ گیا۔ سبھی زخمیوں کو علاج کے لئے مقامی سی ایچ سی لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے راج بہادر کو مردہ قرار دیا۔ وہیں آباد و کسم کی حالت نازک دیکھتے ہوئے ضلع اسپتال ریفر کر دیا۔ جبکہ روہت و ناگیندر زیر علاج ہیں۔ لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے قبضے میں لیا گیا۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 28 Jun 2021, 9:40 AM IST