خبریں

اہم خبریں: پاکستان میں اندوہناک سڑک حادثہ، 34 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

تصویر سوشل یو این آئی
تصویر سوشل یو این آئی 

پاکستان: ڈیرہ اسماعیل خاں میں سڑک حادثہ، 34 افراد ہلاک، 40 زخمی

اسلام آباد: پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غاز ی خان میں پیر کے روز انڈس ہائی وے پر مسافر بس اور ٹرک کے تصادم میں کم از کم 34 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے حادثے کے وقت بس سیالکوٹ سے راجن پور جارہی تھی ڈیرہ غازی خان کے کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد راحت رساں موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال ڈی جی خان پہنچایا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ چار افراد کی حالت تشویشناک ہے، حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ پاکستان کے وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں 34 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ فواد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک حادثات سے بچنے کے لئے ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار بس تکنیکی اعتبار سے مس فٹ نکلی، اڑتالیس مسافر وں کی گنجائش تھی،بس میں اٹہتر افراد سوار تھے، ٹیکنیکل اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ پر متاثرہ بس کا معائنہ کرنے کے بعد یہ انکشاف کیا۔

Published: 19 Jul 2021, 9:40 AM IST

کانوڑ یاترا پر یوگی حکومت کے جواب سے سپریم کورٹ مطمئن

لکھنؤ: ساون کے مہینے کی کانوڑ یاترا کے تعلق سے اترپردیش حکومت نے پیر کے روز سپریم کورٹ میں اپنا جواب داخل کیا۔ یوپی حکومت نے کورٹ کو حلف نامہ کے ذریعہ سے کانوڑ یونینوں کی جانب سے یاترا ملتوی کرنے کی باضابطہ معلومات فراہم کی۔ ریاستی حکومت کے جواب سے مطمئن ہونے کے بعد کورٹ نے معاملے کو نمٹادیا ہے۔کانوڑ یاترا کے تعلق سے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے نوجولائی کو ہی تمام افسران کوہدایت دی تھی کہ اس تعلق سے کانوڑیونینوں سے بات چیت کی جائے اورانہیں اس سال بھی گزشتہ برس کی طرح کانوڑ یاتراملتوی کرنے کے لئے راضی کیا جائے جس کے بعد افسران کانوڑ یونینوں سے بات چیت کی گئی تھی۔ کورونا کی ممکنہ تیسری لہر کے پیش نظر کانوڑ یونین نے اس سال بھی یاترا ملتوی رکھنے کا فیصلہ کیا۔ساون مہینے کی مذہبی روایت کے تحت 25 جولائی سے کانوڑ یاتراشروع ہونی تھی۔

Published: 19 Jul 2021, 9:40 AM IST

قومی سلامتی ایکٹ کے تحت زیر حراست سیاسی کارکن کو رہا کرنے کی ہدایت

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو 5 بجے تک قومی سلامتی ایکٹ کے تحت زیر حراست منی پور کے سیاسی کارکن ارناڈرو لیچومبم کی رہائی کی ہدایت دی۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے ایڈوکیٹ شدن فراست کے دلائل سننے کے بعد ایک ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کی شرط پر شام 5 بجے تک ان کی رہائی کا حکم دیا۔ لیچومبم نے فیس بک پر پوسٹ کیا تھا کہ گائے کا گوبر یا گائے کا پیشاب کووڈ کا علاج نہیں کرسکتا۔ اس کے بعد اسے 13 مئی کو حراست میں لیا گیا تھا۔

انہوں نے یہ تبصرہ منی پور بی جے پی یونٹ کے صدر پروفیسر ٹیکندر سنگھ کی موت کے تناظر میں کیا تھا۔ اس پوسٹ سے ناراض ہوکر بی جے پی کے کچھ کارکنوں نے شکایت درج کروائی تھی۔ سالیسیٹر جنرل تشار مہتہ نے اس معاملے کو کل تک ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی لیکن عدالت نے کہا کہ "ہمارا موقف ہے کہ درخواست گزار کی مسلسل نظربندی ان کی زندگی اور آزادی کے حق کی خلاف ورزی ہے۔ ہم عبوری حکم کے طور پر عرضی گذار کو شام 5 بجے تک رہا کرنے کا حکم دیتے ہیں۔‘‘ لیچومبم کو 17 مئی کو ضمانت مل گئی تھی، لیکن اس کے بعد ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے قومی سلامتی ایکٹ کے تحت انھیں حراست میں جیل بھیج دیا تھا۔

Published: 19 Jul 2021, 9:40 AM IST

اعظم خان کی طبیعت پھر بگڑ گئی، لکھنؤ کے لئے ریفر

سماج وادی پارٹی کے رہنما اعظم خان کی طبیعت پھر خراب ہونے پر انہیں یوپی کے سیتا پور ضلع اسپتال سے لکھنؤ کے میدانتا اسپتال کے لئے ریفر کر دیا گیا ہے۔ انہیں سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے۔ سانس لینے میں ہو رہی دشواری کی خبر کے بعد ڈاکٹروں کی ایک ٹیم علاج کے لئے سیتا پور جیل پہنچی۔ جب ان کی صحت بہتر نہیں ہوئی تو انہیں ضلع اسپتال لے جایا گیا۔ جب ضلع اسپتال میں بھی ان کی صحت بہتر نہیں ہوئی تو ڈاکٹروں نے انہیں لکھنؤ کے میدانتا اسپتال ریفر کردیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کی آکسیجن کی سطح 88 ہے۔

Published: 19 Jul 2021, 9:40 AM IST

پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 2452 نئے معاملے

اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ۔ 19) کے مزید 2452 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے پاکستان میں جان لیوا وبا کے متاثرین کی مجموعی تعداد 991727 ہوگئی ہے۔ ’’جیو نیوز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے 2452 نئے کیسز درج ہوئے۔ گزشتہ پانچ دنوں سے ہر روز کورونا وائرس کے دو ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

Published: 19 Jul 2021, 9:40 AM IST

جنوبی کشمیر کے ہانجی دنتر اننت ناگ میں 33 سالہ مزدور بجلی کا کرنٹ لگنے سے فوت

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ہانجی دنتر علاقے میں پیر کی صبح ایک 33 سالہ مزدور کی لکڑی کے ایک کارخانے میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے موت واقع ہوگئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع اننت ناگ کے ہانجی دنتر علاقے میں پیر کی صبح ایک مزدور کو ایک لکڑی کے کارخانے میں کام کے دوران بجلی کا کرنٹ لگ گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ مزدور کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا۔ متوفی مزدور کی شناخت ماجد احمد بٹ ولد محمد سلطان بٹ ساکن ہانجی دنتر اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے۔

Published: 19 Jul 2021, 9:40 AM IST

شوپیاں میں تصادم، لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر سمیت دو ملی ٹنٹ ہلاک

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے چک صدیق خان علاقے میں ایک شبانہ مسلح تصادم کے دوران لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر اشفاق ڈار عرف ابو اکرم سمیت دو ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں۔ کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر آئی جی پی وجے کمار کے حوالے سے لکھا گیا کہ 'کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کے اعلیٰ اشفاق ڈار عرف ابو اکرم، جو سال 2017 سے سرگرم تھا، کو ہلاک کیا گیا ہے۔ پولیس اور سیکورٹی فورسز مبارکبادی کے مستحق ہیں'۔ قبل ازیں اسی ٹوئٹر ہینڈل پر کہا گیا کہ چک صدیق خان میں ایک مسلح تصادم کے دوران دو ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا گیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اس ملی ٹنٹ مخالف آپریشن میں جموں و کشمیر پولیس، فوج کی 34 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے حصہ لیا ہے۔

Published: 19 Jul 2021, 9:40 AM IST

دہلی میں بارش ہونے سے موسم ہوا خوشگوار

نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں پیر کی صبح سویرے بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ نئی دہلی اور پالم علاقوں میں پیر کی الصبح شروع ہونے والی بارش سے درجہ حرارت میں گراوٹ آئی اور لوگوں کو شدید گرمی سے کچھ راحت ملی۔ صبح 5.30 بجے نئی دہلی میں درجہ حرارت کم ہو کر26.2 ڈگری سنٹی گریڈ اور پالم میں 27 ڈگری سنٹی گریڈ پر آگیا۔ اس دوران نمی بڑھنے سے حبس میں بھی اضافہ ہوا۔ بارش کی وجہ سے کچھ مقامات پر صبح صبح پانی بھر گیا۔ محکمہ موسمیات نے دہلی میں 22 جولائی تک دہلی میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

Published: 19 Jul 2021, 9:40 AM IST

پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ریکارڈ سطح پر مستحکم

نئی دہلی: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آج کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ پٹرول کی قیمت مسلسل دوسرے دن ریکارڈ سطح پر مستحکم رہی ۔ ڈیزل کی قیمت میں مسلسل چوتھے روز بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ معروف آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق اتوار کے روز دہلی میں پٹرول 101.84 روپے اور ڈیزل 89.87 روپے فی لیٹر پرمستحکم رہا۔ ملک کے دوسرے شہروں میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مستحکم رہی۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا یومیہ جائزہ لیا جاتا ہے اوراسی بنیاد پرروزانہ صبح 6 بجے سے نئی قیمتیں لاگو کی جاتی ہیں۔

آج ملک کے چار بڑے شہروں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مندرجہ ذیل ہیں:

شہر —— پٹرول —— ڈیزل

دہلی ————— 101.84 —————— 89.87

ممبئی ۔————— 107.83 —————— 97.45

چنئی —————- 102.49 -—————-- 94.39

کولکتہ ———— 102.08 —————— 93.02

Published: 19 Jul 2021, 9:40 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 19 Jul 2021, 9:40 AM IST