خبریں

اہم خبریں: صرف یکساں سول کوڈ ہی کیوں، نشہ بندی قانون بھی نافذ ہو... نتیش کمار

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی 

یکساں سول کوڈ ہی کیوں نشہ بندی بھی نافذ ہو: نتیش کمار

پٹنہ: بہار کے وزیرعلیٰ نتیش کمار نے آج کہا کہ آئین کے دفعات کا حوالہ دے کر صرف یکساں سول کوڈ ہی کیوں پورے ملک میں نشہ بندی کو بھی لاگو کیا جانا چاہئے۔ نتیش کمار سے پیر کو ’جنتا کے دربار میں وزیراعلیٰ‘ پروگرام کے بعد جب نامہ نگاروں نے یکساں سول کوڈ کے متعلق دہلی ہائی کورٹ کے تبصرے پر سوال کیا تب انہوں نے کہا کہ ’’کامن سول کوڈ کس نمبر پر ہے۔ دفعہ 44 کی بات ہو رہی ہے نہ، ذرا 47 بھی دیکھ لیجئے۔ بہار میں تو ہم لوگوں نے نشہ بندی کردی ہے“۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کامن سول کوڈ پر انہیں کچھ نہیں کہنا ہے۔ آئین کا ایک حصہ ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان سب چیزوں پر دھیان دینا ہے اس لئے جب ایک کو لاگو کرنے کی بات ہوتی ہے تو سب پر دھیان دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جب یکساں سول کوڈ سے متعلق بات ہورہی ہے تو پورے ملک میں شراب بندی بھی ہونی چاہئے۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

نیٹ (یوجی) 12 ستمبر کو منعقد ہوگا: پردھان

نئی دہلی: مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا ہے کہ کووڈ-19 کے پروٹوکول کے بعد 12 ستمبر کو ملک بھر میں نیٹ (یو جی) 2021 کا انعقاد کیا جائے گا۔ انھوں نے یہ جانکاری بذریعہ ٹوئٹ دی۔ اطلاع کے مطابق قومی ٹسٹ ایجنسی (این ٹی اے) کی ویب سائٹ پر درخواست کا عمل کل شام 5 بجے شروع ہوگا۔ دھرمیندر پردھان نے بتایا کہ جن شہروں میں امتحانات ہوں گے ان کی تعداد 155 سے بڑھا کر 198 کر دی گئی ہے۔ گذشتہ سال استعمال ہونے والے 3862 مراکز سے بھی امتحانی مراکز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ کووڈ-19 پروٹوکول پر عمل کو یقینی بنانے کے لئے امتحانی سنٹر میں تمام امیدواروں کو چہرے کے ماسک فراہم کیے جائیں گے۔ داخل ہونے اور نکلنے کے دوران بھی کورونا پروٹوکول کی پیروی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ کنٹیکٹ لیس رجسٹریشن، مناسب صفائی ستھرائی، سماجی دوری کے ساتھ بیٹھنا وغیرہ بھی یقینی بنایا جائے گا۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

قانون بنانے سے نہیں بلکہ خواتین کو تعلیم یافتہ بنا کر ہی آبادی پر کنٹرول ممکن: نتیش

پٹنہ: بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج کہا کہ قانون سے نہیں بلکہ خواتین کو تعلیم یافتہ بنا کر ہی آبادی پر کنٹرول ممکن ہے۔ نتیش کمار نے پیر کے روز ’جنتا کے دربار میں وزیراعلیٰ‘ پروگرام کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ ”جو ریاست جو کرنا چاہے اپنا کرے، لیکن میرا بہت صاف نظریہ ہے کہ آبادی کنٹرول کے لئے صرف قانون بنا کر کوئی تدبیر کریں گے تو ہندوستان جیسے ملک کے لیے یہ ممکن نہیں ہے۔ چین کی مثال سامنے ہے اور دیگر ممالک کی بھی کیا حالت ہے ہم سب دیکھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ جب خواتین پورے طور پر پڑھی لکھی ہوتی ہیں تب ان میں اتنی بیداری آ جاتی ہے کہ اس کی وجہ سے اپنے آپ فرٹیلیٹی شرح کم ہوجاتی ہے۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

ہریانہ: اشتعال انگیز بیان دینے والا رام بھکت گوپال گرفتار

جنوری 2020 میں دہلی کے جامعہ علاقہ میں برسرعام طمنچہ لہرانے والا رام بھکت گوپال ہریانہ پولیس کے ذریعہ گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کی گرفتاری ہریانہ کے پٹودی علاقہ میں منعقد ایک مہاپنچایت کے دوران اشتعال انگیز بیان دینے کے الزام میں ہوئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق رام بھکت گوپال کو عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

یکساں سول کوڈ ملک کے مفاد میں نہیں ہے: مولانا عرفی قاسمی

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ کے حالیہ مشورے پر جس میں عدالت نے یکساں سول کوڈ کے نفاذ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے اور مرکزی حکومت سے اس سلسلے میں اقدام کرنے کے لئے رائے عامہ ہموار کرنے کا مشورہ دیا ہے، اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے آل انڈیا تنظیم علماء حق دہلی کے قومی صدر مولانا محمد اعجاز عرفی قاسمی نے کہا کہ ملک میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ اور ایک ملک ایک قانون کی راہ ہموار کرنے کی بات کوئی نئی نہیں ہے بلکہ منشا پر سوال ہے اور یہ ملکی مفاد میں نہیں ہے۔ مولاناعرفی قاسمی نے کہا کہ یکساں سول کوڈ کے حامیوں کو یہ بات ضرور نظر میں رکھنی چاہیے کہ یہ ملک ایک سیکولر اسٹیٹ ہے، یہ مختلف مذاہب اور مختلف تہذیب و ثقافت کے حامل افراداور مختلف بولی بولنے والے انسانوں کا مسکن رہاہے، یہاں اس قسم کی کوشش سے ملک کے اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچنے کا قوی اندیشہ ہے۔ انھوں نے دعوی کیا ہے کہ اس سے پہلے بھی اقلیتوں کے معاملات پر مسلم مخالف رخ بے نقاب ہوچکا ہے اور ہمارے علماء و دانشوروں نے عدالتوں میں اس وقت کی حکومتوں کے اسلام اور قرآن مخالف فیصلوں کو کامیابی کے ساتھ چیلنج کیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ اس موقع پر تمام نمائندہ تنظیموں اور سول سوسائٹی کو آگے آنا چاہیے اور ہمیں اپنے مسلکی، جماعتی اور گروہی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر نہ صرف عدالت کے سامنے قانون و دستور کی روشنی میں ملنے والے حقوق کی روشنی میں اپنا موقف رکھنے اور مرکز کی بی جے پی حکومت کی اس مبینہ سازش کا منہ توڑ جواب دینے کی بھی ضرورت ہے۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

مال گاڑی کی زد میں آنے سے خاتون سمیت دو کی موت

گورکھپور: اترپردیش کے گورکھپور میں مگھر ریلوے اسٹیشن کے نزدیک مال گاڑی کی زد میں آنے سے ایک خاتون سمیت دو افراد کی موت ہوگئی۔ سرکاری ریلوے پولیس نے پیر کو یہاں بتایا کہ شمال مشرقی ریلوے ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 30 کلو میٹر دور مگھر اسٹیشن کے نزدیک کل رات مال گاڑی کی زد میں آنے سے ایک خاتون اور نوجوان کی موت ہوگئی۔ نوجوان کی شناخت گورکھپور ضلع کے کھجنی علاقے کے بھیسہی گاؤں باشندہ رام ورچھ کے طوپر ہوئی ہے جبکہ خاتون کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آس پاس کے گاؤں میں پولیس اس کے بارے میں پتہ لگا رہی ہے۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

بغاوت کے آئینی جواز کے خلاف دائر عرضی پر سماعت ملتوی

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے تعزیرات ہند کی دفعہ 124 اے (بغاوت) کے آئینی جواز کو چیلنج کرنے والی عرضی کی سماعت دو ہفتوں کے لئے مؤخر کر دی۔ جسٹس ادے امیش للت اور جسٹس اجے رستوگی کی ڈویژن بنچ نے دو صحافیوں کی جانب سے دائر کی جانے اس درخواست کی سماعت 27 جولائی تک ملتوی کر دی۔ اس درخواست پر عدالت عظمی نے 30 اپریل کو اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال کو ذاتی طور پر پیشی کا نوٹس جاری کیا تھا۔ آج سماعت کے دوران، وینوگوپال نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں حلف نامہ داخل کرنے کے لئے دو ہفتے کا اضافی وقت دیں۔ اس کے بعد عدالت نے معاملے کی سماعت 27 جولائی تک ملتوی کر دی۔ صحافی کشورچندر وانگ کھیمچہ اور کنہیا لال شکلا کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ بغاوت سے متعلق تعزیرات ہند کی دفعہ 124A آئین کے آرٹیکل 19 (1) (اے) کے تحت شہریوں کی دی گئی اظہار رائے کی آزادی کے بنیادی حق کی خلاف ورزی پر مبنی ہے۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 15 مریضوں کی موت

اسلام آباد: پاکستان کے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 808 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 15 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 670 کورونا مریض شفایاب جبکہ ایکٹیو کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 84 فیصد ہو گئی۔ پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار597 جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 75 ہزار 92 ہو چکی ہے۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

یورو کپ 2020 فائنل، میچ کے دوران جھڑپیں، 45 افراد گرفتار

لندن: اتوار کے روز لندن کے تاریخی ویمبلے اسٹیڈیم میں یو ای ایف یورو 2020 فٹ بال چیمئن شپ کے فائنل کے دوران مداحوں اور آفیشئل کے درمیان جھڑپوں کے معاملے میں پولیس نے 45 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ’’یورو کپ 2020 کے فائنل کے دوران پولیسنگ کرتے ہوئے 45 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کئی افسر ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ ویمبلے یا سنٹرل لندن چھوڑنے والے شائقین کی مدد کی جا رہی ہے۔ ہم آپ کی حفاظت کے لئے یہاں موجود ہیں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ یورو 2020 کے فائنل میں انگلینڈ اور اٹلی کی ٹیم 1-1 سے برابر رہی تھی، اضافی وقت کے باوجود بھی کسی نتیجے کے بغیر پنالٹی شوٹ آؤٹ میں اٹلی نے انگلینڈ کو 3-2 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

ماروتی سوئفٹ اور تمام سی این جی کاروں کی قیمتوں میں 15 ہزار روپے تک کا اضافہ

نئی دہلی: ملک کی مسافر گاڑیاں بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا نے ہیچ بیک سوئفٹ اور اپنی سی این جی کاروں کی قیمتوں میں 15000 روپے تک اضافے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ لاگت میں اضافے کی وجہ سے اس نے ہیچ بیک سوئفٹ اور اپنی تمام سی این جی گاڑیوں کی قیمتیں بڑھادی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے دہلی میں ایکس شوروم قیمت میں 15000 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

ٹیکساس میں فائرنگ سے ایک ہلاک، پانچ زخمی

واشنگٹن: امریکی ریاست ٹیکساس میں ال پاسو کے باہر صحرائی علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مقامی میڈیا نے یہ رپورٹ دی ہے۔ ’ال پاسو ٹائمز‘ نے کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے حوالے سے بتایا ہے کہ فائرنگ اتوار کے روز مقامی وقت کے مطابق 09:15 بجے ال پاسو کے باہر پارٹیوں کے لئے بنائی گئی ایک مشہور جگہ پر ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں سوکرو اسکول ڈسٹرکٹ کے ایکٹیویٹی کمپلیکس کے قریب ایک 21 سالہ شخص ہلاک اور کم از کم پانچ دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کی تفتیش جاری ہے اور ابھی تک فائرنگ کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

گوا میں ریاست گیر کرفیو میں 19 جولائی تک توسیع

پنجی: گوا حکومت نے ریاست گیر کرفیو میں 19 جولائی تک توسیع کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی پرومود ساونت نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’ریاست گیرکرفیو میں 19 جولائی کی صبح 7 بجے تک توسیع کی جائے گی، جس میں 50 فیصد گنجائش کے ساتھ جم، ناظرین کے بغیر کھیل کمپلیکس، مذہبی مقامات میں 15 لوگوں تک کے داخلے کی اجازت ہوگی۔ حکومت نے پہلے 9 مئی کو ریاست میں کرفیو نافذ کیا تھا اور تب سے اس میں توسیع کی جا رہی ہے۔ ساحلی ریاست میں اس وبا کی دوسری لہر میں سب سے زیادہ 51 فیصد کووڈ پازیٹیویٹی دیکھی گئی۔ گوا میں اتوار کو کووڈ 19 کے 131 نئے کیسزسامنے آئے اور دو افراد کی موت ہوئی۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 12 Jul 2021, 9:40 AM IST