خبریں

اہم خبریں: قاتلانہ حملے میں گولی لگنے سے دوران علاج پردھان امیدوار کی موت

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس 

قاتلانہ حملے میں گولی لگنے سے دوران علاج پردھان امیدوار کی موت

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ کوتوالی لال گنج علاقے کے ہدیراہی گاوں میں گزشتہ 17 روز قبل قاتلانہ حملے میں گولی لگنے سے زخمی پردھان امیدوار کی علاج کے دوران کانپور کے ایک اسپتال میں دوشنبہ کو موت ہوگئی۔ پولیس کو لاش یہاں پہنچنے پر لوگوں کے اشتعال کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ آکاش تومر نے آج بتایا کہ تھانہ کوتوالی لال گنج علاقے کے ہدیراہی گاوں کے ورون تیواری عرف چھیدی 45 پردھان عہدے کا امیدوار تھا، وہ گزشتہ 23/ اپریل کو ٹیوب ویل سے گھر واپس آرہا تھا کہ انتخابی رنجش میں مخالفین نے اس کو گولی مار دی۔ زخمی کا پریاگ راج میں علاج چل رہا تھا، جہاں حالت نازک ہونے کے سبب کانپور کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، وہیں دوران علاج دوشنبہ کی شام اس کی موت ہو گئی۔ پولیس وقوعہ کے متعلقہ میں سات ملزمان کے خلاف کیس درج کر خصوصی ملزم ننہے لال ورما سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر جیل بھیج چکی ہے۔ اس معاملے قتل کی دفعات کا اضافہ کر قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

Published: 11 May 2021, 8:40 AM IST

بریلی میں عاشق جوڑے کی ٹرین سے کٹ کر موت

بریلی: اترپردیش میں ضلع بریلی کے فتح گنج مشرق میں بِلپور ریلوے اسٹیشن کے پاس ایک شخص اور لڑکی کی کٹ کر موت ہو گئی۔ معاملے کو معاشقے سے متعلق بتایا جا رہا ہے۔ ایس پی دیہات راج کمار اگروال نے منگل کے روز بتایا کہ لڑکا اور لڑکی کے درمیان معاشقہ چل رہا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق وہ رات سے غائب تھے۔ دونوں کی موت کی اطلاع ملنے پر فتح گنج مشرق پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔

ضلع شاہجہاں پور میں تھانہ جیتی پور کے گاؤں مگن پور کی باشندہ 15 برس کی لڑکی درجہ آٹھ کی طالبہ تھی جس کا 25 برس کے شیام سنگھ کے بیٹے انوپ سنگھ سے کافی دنوں سے معاشقہ چل رہا تھا۔ لڑکی رشتے میں لڑکے کی بھتیجی بتائی جا رہی ہے۔ پیر کی رات دونوں گھر سے غائب ہو گئے اور منگل کی صبح تقریباً چھ بجے دونوں کی لاش ضلع بریلی کی بِلپور ریلوے اسٹیشن کے پاس ریلوے ٹریک پر پڑی ملی۔

Published: 11 May 2021, 8:40 AM IST

مودی نے قومی یوم ٹیکنالوجی پر سائنسدانوں کو سلام پیش کیا

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی یوم ٹیکنالوجی کے موقع پر سائنسدانوں اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں دن رات کام میں مصروف لوگوں کی تعریف کی ہے۔ وزیر اعظم نے منگل کے روز سلسلہ وار ٹوئٹ میں کہا ’’قومی یوم ٹیکنالوجی کے موقع پر ہم اپنے سائنسدانوں کی کڑی محنت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں سخت محنت کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم 1998 کے نیوکلائی تجربات کو فخر کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔ ان تجربات نے ہندوستان کی سائنسی اور تکنیکی صلاحیت کا مظاہرہ کیا تھا۔ ہمارے سائنسدان اور موجد مشکل وقت میں ہمیشہ کھرے اترے ہیں اور انہوں نے چیلنج کا بخوبی مقابلہ بھی کیا۔ گزشتہ سال سے کووڈ وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ میں ان کے جذبے اور جوش کی ستائش کرتا ہوں‘‘۔

Published: 11 May 2021, 8:40 AM IST

مہاراج گنج میں کار حادثہ، پانچ کی موت، تین افراد زخمی

مہاراج گنج: اترپردیش میں مہاراج گنج کے فریندا-مہاراج گنج روٹ پر کرہیہ کے پاس ہائی وے پر پیر کی دیر رات باراتیوں سے بھری کار کی سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکر ہو گئی، جس میں کار سوار پانچ باراتیوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور سنگین طور پر تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کی حالت سنگین ہونے کے پیش نظر گورکھپور میڈیکل کالج بھیج دیا گیا۔ پولیس نے آج یہاں کہا کہ مہاراج گنج کے فریندا علاقے کے لیجار مہادیوا ٹولا لیلا چھاپر سے ایک بارات کیمپئرگنج علاقے کے ایک گاؤں میں جا رہی تھی۔ رات 12 بجے کے بعد کہریا کے پاس فریندا کی جانب سے آنے والے ٹرک سے کار کی زور دار ٹکر ہو گئی۔ حادثے میں متھلیش، سُگریو، سُدیش کمار اور راجو کی موقع پر موت ہو گئی۔ وہیں ابھیشیک نے اسپتال لے جاتے وقت راستے میں دم توڑ دیا۔ شیلیش، کرشن مُراری اور ایک دیگر کو ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔

Published: 11 May 2021, 8:40 AM IST

ٹیکسی مالک اور ڈرائیور دھوکہ دہی کے معاملے میں گرفتار

شہڈول: مدھیہ پردیش کے شہڈول میڈیکل کالج کے نزدیک ٹیکسی کو ایمبولینس بنا کر مریضوں کے اہل خانہ سے دھوکہ دہی کرنے پر ضلع کی سوہاگ پور پولیس نے ٹیکسی مالک بوبی لمبا اور ڈرائیور وشوناتھ کشواہا کو گرفتارکر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ٹیکسی کو ایمبولینس میں تبدیل کرنے کی اجازت بھی حکومت سے نہ لے کر دھوکہ دہی کی گئی تھی۔ سوہاگ پور پولیس نے شکایت کی بنیاد پر کارروائی کی ہے۔ ملزم بابی پہلے ہی فوجداری معاملےمیں پکڑا گیا ہے۔

Published: 11 May 2021, 8:40 AM IST

اننت ناگ کے ویلو گاؤں میں تصادم، ایک ملی ٹنٹ ہلاک، آپریشن جاری

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے کے ویلو گاؤں میں منگل کی صبح ملی ٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شروع ہونے والے تصادم میں ایک ملی ٹنٹ ہلاک ہو گیا، جبکہ ابھی آپریشن جاری ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ ککرناگ کے ویلو گاؤں میں ملی ٹنٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جاری تصادم آرائی میں ایک ملی ٹنٹ ہلاک ہوا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’ضلع اننت ناگ کے ککر ناگ علاقے کے ویلو گاؤں میں تصادم چھڑ گیا ہے، پولیس اور سیکورٹی فورسز کام پر لگے ہوئے ہیں‘۔

Published: 11 May 2021, 8:40 AM IST

امریکہ میں اب 12 سے 15 کے بچوں کو لگے گا کورونا ٹیکہ

واشنگٹن: امریکہ کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے 12 سے 15 سال کی عمر کے نابالغوں کو فائزر بائیوینٹیک کی کورونا ویکسین کے ہنگامی ٹیکے لگانے کی منظوری دے دی ہے۔ ایف ڈی اے نے پیر کے روزایک بیان جاری کر کے کہا ’’آج امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے کورونا وائرس ( کووڈ- 19) کی روک تھام کے لئے فائزر بائیوینٹیک ویکسین کے ہنگامی استعمال کو وسعت دی ہے۔ اب اس میں 12 سے 15 سال کی عمر کے نابالغوں کو شامل کیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ امریکہ کورونا وائر سے متاثر ہونے کے معاملے میں سرفہرست ہے۔

Published: 11 May 2021, 8:40 AM IST

وارانسی: اتر پردیش کے وارانسی میں پیر کے روز کورونا کے 561 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر 11,157 ہوگئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کاشی ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) سے موصولہ 3744 جانچ رپورٹوں میں 561 میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ضلع میں متاثرین کی موجودہ تعداد 11,157 ہو گئی۔ متاثرہ افراد کا علاج شہر کے مختلف اسپتالوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ مریضوں کے گھروں میں بھی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 75,455 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 63,656 صحتیاب ہو گئے ہیں اور علاج کے دوران 642 افراد کی موت ہو گئی۔

Published: 11 May 2021, 8:40 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 11 May 2021, 8:40 AM IST