خبریں

اہم خبریں: ہماچل پردیش کے پانچ اضلاع میں اچانک سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری

علامتی تصویر، تصویر یو این آئی
علامتی تصویر، تصویر یو این آئی 

ہماچل پردیش: پانچ اضلاع میں اچانک سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری

شملہ: ہماچل پردیش میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شدید بارش ہونے کے امکان کے سبب الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ راجدھانی سمیت ریاست کے کئی حصوں میں آج بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور درجہ حرارت میں کمی درج کی گئی ہے۔ موسمیات سائنس مرکز کی پیشین گوئی کے مطابق ریاست کے لئے اچانک سیلاب آنے کی گائڈنس جاری کی ہے۔ اس کے تحت بدھ کو پانچ اضلاع میں چمبا، کانگڑہ، منڈی، کلو اور شملہ میں شدید بارش کا خطرہ ہے۔ سیاحوں اور مقامی لوگوں سے ندی-نالوں سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔

وزیراعلی جے رام ٹھاکر نے حکام سے کہا کہ جہاں بھی سڑک خراب ہوتی ہے اس کی مرمت کی جائے۔ انہوں نے سیاحوں سے گزارش کی کہ وہ ندی، نالوں اور پانی والی جگہوں پر نہ جائیں۔ شدید بارش سے ندی نالے طغیانی پر ہیں۔ ایسے میں ان کے نزدیک جانا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کے مدنظر انتظامیہ نے احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے۔

دوسری طرف چمبا میں بھرمور۔پٹھان کوٹ نیشنل ہائی گہرا کے پاس اور چمبا۔تیسا روڈ شدید بارش کے بعد تودے گرنے سے نکروڈ بازار کے نزدیک بند ہوگیا۔ ہائی وے پر گاڑیوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہے۔ منڈی سے کلو براستہ کٹولہ سڑک کماند کے نزدیک تودے گرنے کی وجہ سے رخنہ پڑا۔

کانگڑہ ضلع کے نور پور میں 131، ڈلہوزی اور نادون میں 77، دہراگو پیپور میں 63، دھرمشالہ 60، بلودوارا 44، ناہان 43، کاہو 42، سولن 41، گمرور اور گلیر میں 37، منڈی اور کفری 36، دھمر پور اور نگروٹا میں 35، کھدرالہ 33 اور شملہ میں 25ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔ ریاست میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں معمول سے چار سے پانچ ڈگری کم رہا۔ کلپا میں 20.2، شملہ 22.6، سندر نگر 28.3، بھنتر 28.1، دھرمشالہ 26.8، اونا 27.4، کیلانگ 17.3، سولن 28.2، منالی 21.0، کانگڑہ 25.0، منڈی 26.3ڈلہوزی 16.8 اور کفری 18.3ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔

Published: 20 Jul 2021, 5:29 PM IST

تمام پنجابی بھگت سنگھ سے طاقت لیں، ’حق تے سچ دی لڑائی‘ پرنکلیں: سدھو

نواں شہر: پنجاب کانگریس کے نومنتخب صدر نوجوت سنگھ سدھو نے منگل کو شہیدبھگت سنگھ کے آبائی گاوں کھٹکر کلاں میں ان کی یادگار پر سرجھکایا۔ اس موقع پران کے ساتھ پارٹی کے ورکنگ صدر کلجیت ناگرا اور چھ دیگر ممبران اسمبلی انگد سینی، درشن ایس منگو پور، راجکمار ویرکا، سکھپال بھلر، اندربیر سنگھ بولاریہ اور گورپریت جی پی بھی موجود تھے۔ مسٹرسدھو نے اپنے آبائی علاقے امرتسر کی جانب بڑھتے ہوئے کھٹکرکلاں میں شہیدبھگت سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید اسمارک پر۔ شہیدا تیری سوچ تے، پہرادیں گے ٹھوک کے‘ کے نعرے بھی لگائے۔ انہوں نے اسمارک مقام پر میڈیا سے کہا، ’’میں یہاں شہید کی سرزمین سے ہدایات لینے آیا ہوں ۔ میں چاہتا ہوں کی تمام پنجابی بھگت سنگھ سے طاقت لیں اور ’حق تے سچ دی لڑائی‘ پرنکل جائیں۔ ریاست کی خوشحالی کے لئے جاری جستجو میں ہر پنجابی کو خود کو ایک اسٹیک ہولڈر سمجھنا چاہیے۔

Published: 20 Jul 2021, 5:29 PM IST

یوگی نے دی عیدالاضحی پر ریاست کے باشندوں کو مبارکباد، گھر پر ہی نماز پڑھنے کی اپیل

لکھنؤ: اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے عیدالاضحی کے تیوہار پر ریاست کے باشندوں کو دلی مبارکباد دی اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل درآمد کرتے ہوئے گھر پر ہی نماز پڑھنے اور عیدالاضحی منانے کی اپیل کی ہے۔ آج یہاں جاری ایک تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ عید الاضحی کا تیوہار ہر کسی کو مل جل کر رہنے اور سماجی بھائی چارہ قائم رکنے کی ترغیب دیتا ہے۔ یوگی نے کووڈ-19 کے نقطۂ نظر سے عوام سے سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کرتے ہوئے گھر پر ہی نماز پڑھنے اور عیدالاضحی منانے کی اپیل کی ہے۔

Published: 20 Jul 2021, 5:29 PM IST

شرد پوار کی اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات

اورنگ آباد/ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ اور ایوان بالا (راجیہ سبھا) کے رکن شرد پوار نے منگل کے روز پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے اہم لیڈروں کے ساتھ آل پارٹی میٹنگ میں شامل ہوئے۔ شرد پوار نے ٹوئٹ کرکے اپوزیشن لیڈروں کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں شامل ہونے کی اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیشن میں بحث کیے جانے والے ایشوز کے جائزہ کے حوالہ سے یہ میٹنگ ہوئی ہے۔ میٹنگ میں کانگریس لیڈر ملیکارجن کھڑگے اور شیو سینا کے سنجے راوت سمیت دیگر سرکردہ لیڈر شامل ہوئے۔

Published: 20 Jul 2021, 5:29 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 20 Jul 2021, 5:29 PM IST