خبریں

اہم خبریں: امفان کے بعد مغربی بنگال میں طوفان ’گتی‘ کا امکان

دہلی کے جھنڈے والان مندر میں پوجا کے لیے لوگ بڑی تعداد میں صبح سویرے ہی پہنچ گئے اور لوگوں کے پہنچنے کا یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر 

محکمہ موسمیات نے خلیج بنگال میں گردابی طوفان 'گتی' کی آمد کا امکان ظاہر کیا

میڈیا ذرائع کے مطابق خلیج بنگال کے اوپر کم دباؤ والا علاقہ تیار ہو رہا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال کے مشرق وسطیٰ والے علاقہ پر گردابی اثرات کے سبب دباؤ والے علاقے میں گردانی طوفان ’گتی‘ پیدا ہو سکتا ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے یہ بات بھی کہی کہ اگر خلیج بنگال میں گردابی طوفان اٹھے گا بھی تو اس کی طاقت حال میں آئے گردانی طوفان امفان کے مقابلے کافی کم ہوگی اور اس سے جانی و مالی نقصان کا امکان بھی کم ہے۔

Published: 08 Jun 2020, 8:39 AM IST

دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ میں اب کیجریوال کی جگہ سسودیا ہوں گے شامل

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے میڈیا کو بتایا کہ ہے منگل کے روز دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہونے والی میٹنگ میں اب وزیر اعلیٰ کیجریوال کی جگہ وہ شریک ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ”کل دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ اپنے مقررہ شیڈیول کے مطابق ہوگی۔ وزیر اعلیٰ کیجریوال کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے، اس کی وجہ سے انھوں نے مجھے اس میٹنگ میں شامل ہونے کے لیے کہا ہے۔ کل میٹنگ میں اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش ہوگی کہ کیا دہلی کورونا کمیونٹی اسپریڈ کی حالت میں پہنچ گیا ہے۔“

Published: 08 Jun 2020, 8:39 AM IST

گجرات: احمد آباد میں پیرا میڈیکل اسٹاف کی کاٹی گئی تنخواہ، ناراض اسٹاف کی ہڑتال شروع

ہندوستان میں کورونا کے خلاف جنگ میں طبی اہلکار سب سے پہلی قطار میں کھڑے ہیں۔ پی ایم مودی نے انھیں کورونا واریرس کا نام دیا تھا۔ لیکن بی جے پی حکمراں ریاست گجرات میں طبی اہلکاروں کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ گجرات کے احمد آباد میں تنخواہ کاٹے جانے سے ناراض پیرا میڈیکل اسٹاف ہڑتال پر چلے گئے ہیں۔ احمد کے ایس وی پی اسپتال میں کورونا مریضوں کے علاج میں لگے پیرا میڈیکل اسٹاف کی تنخواہ کاٹی گئی ہے۔ پی پی پی کی بنیاد پر اسپتال میں ان اسٹاف کو رکھا گیا تھا۔

Published: 08 Jun 2020, 8:39 AM IST

مہاراشٹرا سمیت چھ ریاستوں میں 73 فیصد کورونا معاملے

نئی دہلی: مہاراشٹر، تمل ناڈو، دہلی، گجرات، راجستھان اور اتر پردیش میں کورونا وائرس 'کووڈ- 19' کے انفیکشن کے 185601 معاملے رپورٹ ہوئے ہیں جو کل متاثرہ معاملات کا 72.68 فیصد ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 9883 نئے کیس سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 256611 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس انفیکشن کی وجہ سے مجموعی طور پر 7135 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور 124095 افراد ٹھیک ہوئے ہیں۔

Published: 08 Jun 2020, 8:39 AM IST

دو دن میں 1.20 روپے مہنگا ہوا پٹرول-ڈیزل

نئی دہلی: پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پیر کے روز مسلسل دوسرے دن بھی اضافہ کیا گیا ہے جس سے قومی دارالحکومت دہلی میں دو دن میں یہ 1.20 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔ ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق قومی دارالحکومت دہلی میں آج دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں 60- 60 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ اتوار کے روز بھی ان کی قیمتوں میں انتا ہی اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کی وجہ سے دو دن میں ان کی قیمتوں میں 1.20 روپے فی لیٹر اضافہ ہوگیا ہے۔

Published: 08 Jun 2020, 8:39 AM IST

واشنگٹن سے 5000 نیشنل گارڈز کی واپسی کا آغاز

واشنگٹن: امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دارالحکومت واشنگٹن میں تعینات 5 ہزار نیشنل گارڈز کو واپس بھیجنے کے احکامات دے دیئے ہیں ۔ نیشنل گارڈ کے اہلکاروں کو اتوار کو جارج فلائیڈ کے حق میں مظاہرہ کرنے والوں سے نمٹنے کے لیے واشنگٹن میں تعینات کیا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ رات مظاہرین کی تعداد انتہائی کم رہ گئی تھی، واشنگٹن اب مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گارڈز کے جوان اپنے اپنے گھروں کو واپس جارہے ہیں، لیکن اگر ضرورت پڑی تو انہیں فوری طور پر واپس بلایا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ سیاہ فام شہری جارچ فلائیڈ کو امریکہ میں پولیس نے قتل کردیا تھا جس کے بعد واشنگٹن سمیت امریکہ کی مختلف ریاستوں اور شہروں میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

Published: 08 Jun 2020, 8:39 AM IST

ہند-چین سرحد تنازعہ کو لے کر راہل گاندھی نے امت شاہ پر کیا طنز

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے چین کے ساتھ ہندوستان کے سرحدی تنازعہ پر غالب کے ایک شعر کی مدد سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر طنز کے تیر چلائے ہیں۔ راہل گاندھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں غالب کے شعر میں تھوڑی سی تبدیلی کے ساتھ لکھا ہے کہ ”سب کو معلوم ہے ’سیما‘ کی حقیقت لیکن/دل کے خوش رکھنے کو ’شاہ-ید‘ یہ خیال اچھا ہے“۔

Published: 08 Jun 2020, 8:39 AM IST

دہلی: جھنڈے والان مندر میں پوجا کے لیے لگی لوگوں کی بھیڑ

آج سے ہندوستان میں مذہبی عبادت گاہیں کھل گئی ہیں اور صبح سویرے سے ہی کئی مندروں میں لوگ پوجا کے لیے جمع ہونے لگے ہیں۔ ایک طرف جہاں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گورکھپور واقع گورکھ دھام مندر میں صبح سویرے پوجا کی، وہیں دہلی کے جھنڈے والان مندر میں پوجا کے لیے لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو ملی۔

Published: 08 Jun 2020, 8:39 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 08 Jun 2020, 8:39 AM IST