اتر پردیش کے ایڈیشنل سکریٹری برائے داخلہ اونیش کمار اوستھی نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ”کسی بھی عوامی مقامات پر تھوکنا سختی کے ساتھ منع ہے، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔“ اس کے ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ مذہبی مقامات، دفاتر، مال، ہوٹل اور ریستورانوں میں اندر جانے سے پہلے ہاتھوں کو الکحل والے سینیٹائزر سے سینیٹائز کیا جائے گا۔
Published: 06 Jun 2020, 8:30 AM IST
انڈرورلڈ سرغنہ داؤد ابراہیم کی کورونا انفیکشن سے موت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ میڈیا چینل خصوصی ذرائع کے حوالے سے اس طرح کی خبریں چلا رہے ہیں لیکن ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ جمعہ کے روز خفیہ ایجنسیوں کے حوالے سے یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ داؤد ابراہیم اور اس کی بیوی کورونا وائرس انفیکشن کی زد میں ہے اور کراچی کے فوجی اسپتال میں ان کا علاج چل رہا ہے۔ خبریں یہ بھی سامنے آئی تھیں کہ داؤد کے نجی اہلکاروں اور گارڈس کو کوارنٹائن کیا گیا ہے۔ حالانکہ داؤد ابراہیم کے بھائی انیس ابراہیم نے ایسی خبروں کو خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ داؤد ابراہیم اور اس کی فیملی پوری طرح سے صحت مند ہے۔
Published: 06 Jun 2020, 8:30 AM IST
ہندوستان اور چین کے درمیان رشتوں میں پیدا تلخی پر یوگ گرو بابا رام دیو نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت چین کے سامان کا بائیکاٹ کرنا ضروری ہے۔ انھوں نے ایک ہندی نیوز چینل کے خصوصی پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرحدوں کی سیکورٹی کرنے میں ہماری فوج پوری طرح اہل ہے۔ چین کو شکست دینے کے لیے اسلحہ سے زیادہ اس کے سامانوں کا بائیکاٹ ضروری ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ 15 سے 20 لاکھ کروڑ کا کاروبار چین ہمارے ملک سے کرتا ہے۔ ملک میں آج ٹائلٹ کی سیٹ سے لے کر کھلونا سمیت چین سے منگائے جاتے ہیں۔
Published: 06 Jun 2020, 8:30 AM IST
ایل جے پی لیڈر چراغ پاسوان کے ذریعہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر دیا گیا بیان موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ اس درمیان آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ”چراغ پاسوان کی حالت جوانی کے اڈوانی جیسی ہو گئی ہے۔ جس طرح سے اڈوانی جی کو سینئر لیڈر ہونے کے باوجود توجہ نہیں دی جا رہی ہے وہی حال چراغ بھائی کا ہے۔ ان کو نہ کوئی اِدھر پوچھ رہا ہے نہ کوئی اُدھر پوچھ رہا ہے۔“
Published: 06 Jun 2020, 8:30 AM IST
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی کے کچھ اسپتالوں پر کورونا کے مریض نہ لینے کی دھمکی دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے آج میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ”دہلی کے کچھ اسپتال اتنے طاقت ور ہو گئے ہیں کہ سبھی پارٹیوں کے اندر ان کی رسائی ہے۔ انھوں نے دھمکی دی ہے کہ ہم کورونا کے مریض نہیں لیں گے جو کرنا ہے کر لو۔ میں ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ کورونا کے مریض تو تم کو لینے ہی پڑیں گے۔“
Published: 06 Jun 2020, 8:30 AM IST
مہاراشٹر پولس کو کئی دنوں کے بعد ایک اچھی خبر یہ ملی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کسی بھی پولس اہلکار کی کورونا رپورٹ پازیٹو نہیں آئی ہے۔ ہاں یہ افسوسناک ضرور ہے کہ پہلے سے ہی کورونا پازیٹو دو پولس اہلکاروں کی موت گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہو گئی۔ اس کے بعد مہاراشٹر میں پولس اہلکاروں کی ہلاکت کی مجموعی تعداد 33 ہو گئی ہے۔
Published: 06 Jun 2020, 8:30 AM IST
دہلی کے خان مارکیٹ واقع لوک نایک بھون میں موجود انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ہیڈکوارٹر میں کورونا وائرس کے 5 پازیٹو کیس سامنے آئے ہیں۔ اس بات کا پتہ چلتے ہی جمعہ کے روز بلڈنگ کو سینیٹائز کیا گیا اور یہ بلڈنگ اتوار تک کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔
Published: 06 Jun 2020, 8:30 AM IST
ہندوستان میں کورونا وائرس انفیکشن کے نئے معاملے روزانہ ریکارڈ قائم کر رہے ہیں۔ آج جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں اب تک کے سب سے زیادہ 9887 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور سب سے زیادہ 294 اموات بھی ہوئیں۔ ان اعداد و شمار کو دیکھ کر لوگوں میں خوف کا ماحول ہے اور حکومت بھی متفکر ہے کہ اس پر کس طرح قابو پایا جائے۔
Published: 06 Jun 2020, 8:30 AM IST
8 جون سے مذہبی عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات عام لوگوں کے لیے کھولنے کی تیاریاں چل رہی ہیں۔ اسی کے تحت دہلی واقع بنگلہ صاحب گرودوارہ میں بھی سینیٹائزیشن کا انتظام کیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی فلاح کے ذریعہ جاری ایس او پی (رہنما ہدایات) کو سامنے رکھتے ہوئے بنگلہ صاحب گرودوارہ میں لوگوں کے لیے انتظام کیا جا رہا ہے۔
Published: 06 Jun 2020, 8:30 AM IST
امریکہ کے شہر جارجیا میں ایک چھوٹا طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔ اس واقعہ میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس طیارہ میں ایک ہی فیملی کے ان 4 لوگوں کی بھی موت ہو گئی جو کسی کی آخری رسومات کی تقریب میں حصہ لینے جا رہے تھے۔
Published: 06 Jun 2020, 8:30 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 06 Jun 2020, 8:30 AM IST
تصویر: پریس ریلیز