خبریں

اہم خبریں: ستیندر جین کو صبح سے کچھ زیادہ ہی تھکن اور چکّر کا احساس ہو رہا ہے... کیجریوال

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ستیندر جین کو صبح سے ہی تھکن اور چکّر کا احساس ہو رہا ہے: کیجریوال

دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی طبیعت خراب ہونے اور میکس اسپتال میں منتقل کیے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ ”آج سی ٹی اسکین رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ ان کے پھیپھڑوں میں نمونیا کے پیچ بڑھ گئے ہیں۔ انھیں صبح سے زیادہ تھکن اور چکر کا احساس ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر جو بھی مشورہ دیں گے، اس پر عمل کیا جائے گا۔“

Published: 19 Jun 2020, 8:40 AM IST

وزیر صحت ستیندر جین کو میکس اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ، پلازمہ تھیراپی سے ہوگا علاج

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی طبیعت کافی خراب ہے اور ان کے پھیپھڑوں میں بھی انفیکشن بڑھ گیا ہے۔ کورونا متاثر ستیندر جین کو اب ساکیت واقع میکس اسپتال لے جایا جا رہا ہے جہاں انھیں کووڈ-19 کے لیے پلازمہ تھیراپی دی جائے گی۔

Published: 19 Jun 2020, 8:40 AM IST

پھیپھڑوں میں انفیکشن بڑھنے کے بعد ستیندر جین کو آکسیجن سپورٹ پر رکھا گیا

کورونا انفیکشن کے شکار دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کی طبیعت مزید خراب بتائی جا رہی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن بڑھنے کے بعد انھیں آکسیجن سپورٹ پر رکھا گیا ہے۔

Published: 19 Jun 2020, 8:40 AM IST

نوجوانوں کے ساتھ نا انصافی منظور نہیں: پرینکا گاندھی

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے یو پی ٹیچر گھوٹالہ معاملہ میں ایک بار پھر اتر پردیش کی یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”جن نوجوانوں نے محنت کر کے امتحان دیا، جو سال بھر سے اپنی محنت کا پھل ملنے کا انتظار کر رہے تھے ان کو انصاف چاہیے۔“ انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ”اتنے بڑے گھوٹالے میں حکومت ’لیپا پوتی موڈ‘ میں ہے کیونکہ اس میں برسراقتدار طبقہ سے جڑے لوگوں کا نام سامنے آ گیا۔ نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی منظور نہیں۔“

Published: 19 Jun 2020, 8:40 AM IST

دہلی میں کورونا ٹیسٹنگ کی رفتار دوگنی ہوئی

مرکزی وزارت داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ کے ذریعہ لیے گئے فیصلوں پر فوری عمل کرتے ہوئے دہلی میں سیمپل ٹیسٹنگ کی رفتار دوگنی کر دی گئی ہے۔ دہلی میں 15 سے 17 جون 2020 تک کل 27263 سیمپل اکٹھے کیے گئے جب کہ پہلے ہر دن 4 ہزار سے 4.5 ہزار کے درمیان سیمپل اکٹھے کیے جا رہے تھے۔

Published: 19 Jun 2020, 8:40 AM IST

یہ صاف ہو چکا ہے کہ وادی گلوان میں چینی حملہ منصوبہ بند تھا: راہل گاندھی

لداخ کے وادی گلوان میں ہنددوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان پرتشدد تصادم میں 20 ہندوستانی جوانوں کی شہادت کو لے کر ایک بار پھر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ”اب یہ صاف ہو چکا ہے کہ وادی گلوان میں چینی حملہ منصوبہ بند تھا۔ حکومت ہند سو رہی تھی اور اس نے اس مسئلہ کو مسترد کر دیا۔ اس کی قیمت ہمارے جوانوں نے شہادت دے کر ادا کی۔“

Published: 19 Jun 2020, 8:40 AM IST

تمل ناڈو: چنئی سمیت تمل ناڈو کے کچھ شہروں میں لاک ڈاؤن کو لے کر پولس سخت

تمل ناڈو میں چنئی سمیت کچھ شہروں میں لاک ڈاؤن ایک بار پھر 30 جون تک کے لیے نافذ کیا گیا ہے اور اس درمیان پولس نے سخت کے ساتھ اس پر عمل کرنے کی ہدایت لوگوں کو دی ہے۔ جن شہروں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے ان میں چنئی کے علاوہ چینگالپیٹ، کانچی پورم اور تھیروولور شامل ہیں۔ پولس افسران علاقے کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ بھی لے رہے ہیں۔ چنئی میں لاک ڈاؤن کے دوران سٹی پولس کمشنر نے ڈرون کیمرے سے لاک ڈاؤن کا جائزہ لیا۔ سٹی پولس کمشنر اے کے وشوناتھن نے کہا کہ ”شہر کے کئی علاقوں میں ڈرون سے صرف نگرانی ہی نہیں کی جا رہی ہے بلکہ ڈرون میں لگے اسپیکر سے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں۔“

Published: 19 Jun 2020, 8:40 AM IST

کورونا انفیکشن: گزشتہ 24 گھنٹے میں ریکارڈ 13586 نئے معاملے آئے سامنے

ہندوستان میں کورونا کے قہر نے آج پھر ریکارڈ قائم کیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا انفیکشن کے 13586 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 336 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں کل کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر 380532 ہو گئی ہے۔ اب تک کورونا سے مجموعی طور پر 12573 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

Published: 19 Jun 2020, 8:40 AM IST

نیوزی لینڈ کے ساحلی علاقہ میں 7.4 شدت کا زلزلہ

نیوزی لینڈ کے ساحلی علاقے گس بورن میں جمعہ کے روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔
نیوزی لینڈ کے ماہر ارضیات کی نگراں ایجنسی جیو نیٹ کے مطابق ریختر پیمانے پر زلزلے کی شدت 7.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز گس بورن شہر سے 700 کلومیٹر شمال مشرق نارتھ آئی لینڈ کے مشرقی ساحل پر سطح سے 33 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ پولس کے مطابق ایک ترجمان نے کہا کہ زلزلے کے سبب جان و مال کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد نیوزی لینڈ کے لئے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

Published: 19 Jun 2020, 8:40 AM IST

پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں لگاتار 13ویں دن ہوا اضافہ

کورونا بحران کے درمیان ہندوستان کی عوام پر مہنگائی کی مار جاری ہے۔ ملک میں لگاتار 13ویں دن پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ دہلی میں آج پٹرول کی قیمت میں 56 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 63 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس طرح سے آج راجدھانی میں پٹرول 78.37 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 77.06 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے۔

Published: 19 Jun 2020, 8:40 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 19 Jun 2020, 8:40 AM IST