خبریں

’کرن پبلی کیشن‘ نے یو پی ایس سی اُردو طلبا کے لیے بہت بڑا کام کیا: ریحان غنی

مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا کے ہاتھوں یو پی ایس سی مسلم طلبا کے لیے اُردو گائیڈ کا اجراء عمل میں آیا۔ ’کاوش‘ کے نام سے شائع یہ گائیڈ اُردو میں اپنی نوعیت کی واحد کتاب قرار دی جا رہی ہے۔

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز (دائیں سے بائیں) اوپیندر کشواہا، ایس این پرساد، مدھو رانی اور ریحان غنی ’کاوش‘ کا اجراء کرتے ہوئے

آج پٹنہ کے ودیاپتی بھون میں مشترکہ طور پر ’پیسن فار اکزامس‘ (پٹنہ)، ’کرن پرکاشن‘ (دہلی)، ’ریپبلکا پی سی ایس اکیڈمی‘ (دہلی) اور ’منتھن آئی اے ایس اکیڈمی‘ (دہلی) کی جانب سے ایک انتہائی اہم تقریب کا انعقاد ہوا جس میں 56ویں سے 59ویں بی پی ایس سی کے کامیاب امیدواروں کو اعزاز بخشا گیا۔ اس تقریب کی سب سے خاص بات یہ رہی کہ یو پی ایس سی کی تیاری کرنے والے مسلم طلبا کی مشکلوں کو آسان کرنے والی ایک کتاب کا بھی اجراء ہوا۔ یہ کتاب ’کرن پبلی کیشن‘ کی جانب سے شائع کردہ ’کاوش‘ ہے جو کہ یو پی ایس سی میں اُردو بطور اختیاری مضمون لینے والے طلبا کے لیے ایک بہترین گائیڈ ہے۔ اس کے مصنف محمد نوح صدیقی ہیں جو کہ 2017 بیچ کے آئی آر ایس ہیں۔

کتاب کا اجراء تقریب کے مہمان خصوصی مرکزی وزیر مملکت برائے فروغ انسانی وسائل اوپیندر کشواہا، کرن پبلی کیشن کے سی ایم ڈی ایس این پرساد، سینئر صحافی ریحان غنی اور آئی اے ایس افسر مدھورانی وغیرہ کے ہاتھوں ہوا۔ اس موقع پر کتاب سے متعلق سامعین سے خطاب کرتے ہوئے ریحان غنی نے کہا کہ ’’یہ کتاب یو پی ایس سی کے اردو امیدواروں کے لیے کافی مفید ثابت ہوگی۔ یہ اپنی طرح کی پہلی کتاب ہے جس کے لیے ایس این پرساد مبارکباد کے مستحق ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انھوں نے اُردو طلبا کے لیے بہت بڑا کام کیا ہے۔‘‘

Published: 10 Sep 2018, 9:14 PM IST

ایس این پرساد کے ذریعہ اُردو طلبا کے لیے کتابوں کی اشاعت کا سلسلہ شروع کیے جانے پر انھیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے ریحان غنی نے کہا کہ ’’ اردو کسی خاص فرقے کی زبان نہیں ہے بلکہ یہ دو تہذیبوں کی یکجہتی کی علامت ہے اوراردو کی ترقی کے لئے ہم سبھوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔‘‘ گوپی چند نارنگ اور منشی نول کشور کا ذکر کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’اردو کی خدمت میں انہوں نے کافی اہم کردار ادا کیا ہے۔ خاص طور پر منشی نول کشور نے اردو کی ہزاروں کتابیں اپنے پریس میں چھاپیں یہاں تک کہ وہ مذہبی کتابوں کی پروف ریڈنگ اور چھپائی کے موقع پر خود بھی پاکیزگی کا اہتمام کرتے تھے، اور وہاں کام کرنے والوں کو بھی اس کی تلقین کرتے تھے۔ حالانکہ افسوس کی بات ہے کہ نوجوان نسل منشی نول کشور سے ناواقف ہے۔‘‘ اپنی تقریر کے دوران ریحان غنی نے یہ بھی کہا کہ ایس این پرساد کو اگر بہار کا منشی نول کشور کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

Published: 10 Sep 2018, 9:14 PM IST

تقریب میں ایس این پرساد کو اوپیندر کشواہا کے ہاتھوں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ تقریب میں موجود سبھی لوگوں نے اس موقع پر کرن پبلی کیشن کی 50 سالہ کارکردگی اور ایس این پرساد کی محنت شاقہ کے لیے انھیں مبارکباد پیش کیں۔ قابل ذکر ہے کہ کرن پبلی کیشن سبھی طرح کے مقابلہ جاتی امتحانات کے تعلق سے ہندی، انگریزی اور کچھ علاقائی زبانوں میں گائیڈس اور رسائل شائع کرتی رہی ہے اور اب اُردو زبان میں بھی اس کی اشاعت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس پبلی کیشن کی جانب سے ’کاوش‘ کے نام سے پہلی کتاب کا آج اجراء ہوا جو یو پی ایس سی میں اُردو اختیاری مضمون لینے والے طلبا کے لیے انتہائی کارآمد ہے۔ اسی سلسلے میں دو مزید کتابیں اشاعت کے مرحلے میں ہیں اور جلد ہی مارکیٹ میں دستیاب ہوں گی۔

Published: 10 Sep 2018, 9:14 PM IST

تصویر پریس ریلیز

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 10 Sep 2018, 9:14 PM IST