خبریں

مکمل خطبہ حج 2021: اللہ کی طرف سے آزمائش آتی ہے تو صبر کرنا زمین کی خوبصورتی ہے

خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ بندر بن عبدالعزیز بلیلہ نے کہا کہ احسان ایک ایسی چیز ہے کہ جب انسان دوسروں کے ساتھ احسان کرتا ہے تو اللہ اس کی برکت سے لوگوں کو آفات سے محفوظ فرماتا ہے۔

خطبۂ حج پیش کرتے ہوئے الشیخ بندر بن عبدالعزیز بلیلہ
خطبۂ حج پیش کرتے ہوئے الشیخ بندر بن عبدالعزیز بلیلہ @hsharifain

مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں حج کے موقع پر شیخ بندر بن عبد العزیز بلیلہ نے مسجد نمرہ میں 9 ذی الحج کو خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کی طرف سے جب آزمائش آتی ہے تو اس پر صبر کرنا زمین کی خوبصورتی ہے۔ سعودی عرب میں حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لیے عازمین میدان عرفات میں پہنچے تھے، جہاں روح پرور خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ بندر بن عبد العزیز بلیلہ نے حدیث بیان کی اور کہا کہ ’’نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ احسان یہ ہے کہ گویا تم اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے تم اسے دیکھ رہے ہو اور ایسا ممکن نہ ہو تو سمجھ لو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’احسان کے متعلق قرآن مجید میں ہے کہ احسان یہ ہے کہ تم اللہ کی اطاعت اختیار کرو اور اسی کی اطاعت میں جھکو، اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہیں کرنی چاہیے، مسلمان اللہ ہی کی عبادت کرے، اسی سے مدد طلب کرے اسی سے دعا مانگے۔‘‘

Published: undefined

شیخ بندر بلیلہ نے خطہ کے دوران اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’اللہ نے اپنے پاک کلام میں ارشاد فرمایا کہ اپنے رب کے لیے نماز پڑھیے اور اسی کے لیے قربانی کریں، اس بات کی گواہی دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں، اللہ کی عبادت کریں اور اس نے جو کچھ اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرمایا ہے اس کی اطاعت کریں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج یومِ عرفہ کے حوالے سے قرآن مجید میں اللہ نے ارشاد فرمایا کہ آج کے دن تمہارا دین مکمل کردیا، تم پر اپنی نعمت مکمل کردی اور تمہارے لیے دینِ اسلام کے لیے راضی ہوگیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’اپنی نمازوں سے عبادت کرو، بالخصوص نماز عصر کی حفاظت کرو اور اللہ کی بارگاہ میں انتہائی عاجزی کے ساتھ حاضر رہو، بے شک اللہ تبارک و تعالیٰ کی رحمت بہت وسیع ہے اور ہر شے پر سبقت لے جانے والی ہے۔‘‘

Published: undefined

@hsharifain

خطبۂ حج دیتے ہوئے شیخ بندر بلیلہ نے کہا کہ ’’تم میں سے جو کوئی ماہ رمضان پائے اسے چاہیے کہ وہ ماہ رمضان کے روزے رکھے اور حج اسلام کا پانچواں ستون ہے، جس کی استطاعت ہو اسے چاہیے کہ وہ حج ادا کرے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’اللہ پر ایمان لائیں، اللہ کے فرشتوں پر ایمان لائیں، اللہ کی کتابوں پر ایمان لائیں، اللہ کی تقدیر پر ایمان لائیں اور ہر اچھی بری تقدیر کو تسلیم کریں۔ اللہ کی عبادت بجا لائیں، اللہ کی اطاعت کریں اور اسی سے مدد مانگیں، قرآن میں اللہ نے ارشاد فرمایا کہ زمین و آسمان میں جو کچھ ہے وہ تمارے لیے مسخر کردیا ہے جسے تم حکم الہٰی سے آسانی سے تسخیر کرسکتے ہو۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’اس کے لیے اللہ نے تمہیں آنکھیں، دل اور عقل دی ہے جس کے ذریعے تم کائنات کو مسخر کرسکتے ہو۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اللہ نے تمہارے درمیان تم ہی میں سے ایک رسول کو بھیجا ہے اور اللہ نے قرآن مجید میں اس کا ارشاد یوں فرمایا کہ ہم نے اہل ایمان پر احسان فرمایا کہ ان ہی میں سے ایک رسول کو بھیجا جو ہماری آیات پڑھ کر انہیں سناتا ہے، حکمت کی باتیں سکھاتا ہے حالانکہ اس سے پہلے وہ گمراہی میں پڑے ہوئے تھے۔‘‘

Published: undefined

شیخ بندر بن عبد العزیز بلیلہ نے کہا کہ اللہ کے احکامات میں سے ایک حکم یہ بھی ہے کہ لوگوں کے ساتھ احسان کرو، بھلائی کے ساتھ پیش آؤ، آپس میں مساوات اور ہمدردی کے تعلقات قائم کرو۔ لوگوں میں سب سے زیادہ احسان کے مستحق والدین ہیں۔ قرآن پاک میں اللہ نے ارشاد فرمایا کہ اپنے والدین کے ساتھ احسان کرو، اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ احسان کرو، اپنے پڑوسی کے ساتھ احسان کرو خواہ وہ پڑوسی تمہارے قریب کے ہوں یا دور کے، بے شک اللہ تعالیٰ تکبر کرنے والوں اور اترانے والوں کو پسند نہیں فرماتا اور اللہ کے احکامات میں یہ بھی ہے کہ اپنے درمیان یتیموں، مسکینوں اور کمزوروں کے ساتھ احسان کرو۔ اسی طرح سے اللہ کے احکامات میں یہ بھی حکم دیا گیا کہ جو تم وعدہ کرو اسے پورا کرو، کہا گیا کہ اے ایمان والوں اپنے وعدے اللہ کے لیے پورا کرو۔

Published: undefined

@hsharifain

’ڈان‘ میں شائع خطبہ حج میں شیخ بندر بلیلہ نے کہا کہ احسان کے حوالے سے قرآن مجید اور احادیث میں بار بار تاکیدیں آئی ہیں، فرمایا گیا کہ تم اپنے باہمی امور میں احسان زیادہ اختیار کرو اور معاشرے کے معاملات میں احسان کو قائم و دائم رکھو۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ہر نیکی کا اجر ہے، جب تم جانور کو ذبح کرو تو اچھے طریقے سے ذبح کرو کہ اسے تکلیف کم سے کم پہنچے۔ خطبہ حج دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہاکہ احسان ایک ایسی چیز ہے کہ جب انسان دوسروں کے ساتھ احسان کرتا ہے تو اللہ اس کی برکت سے لوگوں کو آفات سے محفوظ فرماتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اور جب تم احسان کرتے ہو تو اللہ تم پر بھلائی نازل فرماتا ہے، تمہارے گناہوں کو معاف کرتا ہے، تمہاری خطاؤں کو درگزر کرتا ہے، لہٰذا چاہیے کہ تم احسان کو اپنائے رکھو۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے ساتھ آپس میں عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیے کہ جب آپس میں عداوت پائی جائیں تو اس سے معاشرے کی بنیادیں ٹوٹ جایا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس کسی نے اللہ کی رضا کے لیے قرض حسنہ دیا تو آخرت میں اللہ اسے دوگنا کر کے عطا فرمائے گا۔

Published: undefined

شیخ بندر بن عبد العزیز بلیلہ نے کہا کہ اللہ نے ارشاد فرمایا کہ لوگوں کے ساتھ اچھے انداز سے پیش آؤ، بہترین انداز سے کلام کرو، نرم انداز سے گفتگو کرو، ایک دوسرے کے ساتھ احسان کرو بے شک شیطان تمہارا کھلا دشمن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح سے احسان دعوت کا ذریعہ ہے، اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جب تم کسی کو اسلام کی دعوت دو تو اسے احسن انداز سے بلاؤ، عمدہ انداز سے گفتگو کرو، عمدہ نصیحت پیش کرو جس سے اس کے اندر اسلام کی محبت پیدا ہو اور وہ اسلام کی طرف آجائے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کے ساتھ احسان یہ ہے کہ لوگوں کی طرف سے آنے والے مصائب اور تکالیف پر صبر کرو، اللہ نے ارشاد فرمایا کہ آپ صبر کیجیے جیسے آپ سے قبل رسولوں نے صبر کیا۔

Published: undefined

@hsharifain

آخر میں انہوں نے کہا کہ ’’حجاج کرام دعا کریں تو اپنے لیے دعا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ممالک و شہروں کے لیے بھی دعا کریں کیونکہ آپ جب دعا کرتے ہیں تو آسمان اور زمین کے فرشتے فخر کرتے ہیں۔‘‘ خطبہ حج کے اختتام پر اللہ کی حمدو ثنا، مناسک حج کو بیان کرنے کے بعد اذان ظہر دی گئی۔ واضح رہے کہ رواں سال خادم حرمین شریفین نے شیخ بندر بن عبد العزیز بلیلہ کو عرفات کا خطبہ دینے کے لیے مقرر کیا۔ غور طلب ہے کہ ہرسال تقریباً 25 لاکھ عازمین حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں تاہم دو برس سے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لینے والی کورونا وائرس کی وبا کے باعث بہت محدود تعداد میں سعودی عرب میں ہی مقیم مختلف ممالک کے افراد فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined