خبریں

دہلی کے سبھی شیلٹر ہوم کی ہوگی جانچ، مظفر پور اور دیوریا واقعہ کا اثر

مظفرپور کا شرمناک واقعہ اور پھر دیوریا شیلٹر ہوم میں سیکس ریکٹ چلائے جانے کے انکشاف کے بعد ’دہلی کمیشن فار وومن‘ نے ایک کمیٹی بنا کر دہلی کے سبھی شیلٹر ہوم کی جانچ کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

دہلی کمیشن فار وومن (دہلی خواتین کمیشن) نے دہلی کے ان سبھی شیلٹر ہوم کی تفصیلی جانچ کے لیے ماہرین کی ایک کمیٹی تیار کی ہے جس میں خواتین یا بچیاں پرورش پا رہی ہیں۔ اس کمیٹی میں دانشور، وکیل، ماہر نفسیات اور سماجی کارکنان شامل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق اس کمیٹی کے پاس سرکاری اور پرائیویٹ اداروں کے ذریعہ چلائے جارہے شیلٹر ہوم کی جانچ کا اختیار حاصل ہوگا۔ ماہرین کی یہ کمیٹی سبھی شیلٹر ہوم کا دورہ کرے گی اور خواتین و بچیوں کی صورت حال، تحفظ، سہولیا ت اور ان کی باز آبادکاری کے لیے شیلٹر ہوم کے ذریعہ کیے گئے کاموں کا جائزہ لے گی اور اس کی ایک تفصیلی رپورٹ تیار کرے گی۔

Published: undefined

دہلی خواتین کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال نے اس سلسلے میں کہا کہ ’’کمیشن نے خود دہلی حکومت کے ذریعہ چلائے جا رہے کئی شیلٹر ہوم کا دورہ کیا ہے۔ کمیشن نےکسی بھی طرح کی شکایت ملنے پر پرائیویٹ اداروں کے ذریعہ چلائے جا رہے شیلٹر ہوم کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے حالات سے واقفیت حاصل کی۔‘‘ تازہ کمیٹی سے متعلق انھوں نے کہا کہ ’’مظفر پور اور دیوریا کے واقعات نے پورے ملک کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ یہ وقت کا مطالبہ ہے کہ ملک میں چل رہے سبھی شیلٹر ہوم کی وسیع پیمانے پر جانچ کی جائے۔ دہلی خاتون کمیشن نے دہلی کے شیلٹر ہوم کی جانچ کے لیے کمیٹی تیار کی ہے جو رپورٹ تیار کر کے کمیشن کو پیش کرے گی۔‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بہار کے مظفر پور کے شیلٹر ہوم میں 34 لڑکیوں کے ساتھ عصمت دری اور وحشیانہ حرکت کا معاملہ سامنے آیا تھا اور اس کے بعد گزشتہ پیر کو اتر پردیش کے دیوریا ضلع میں بھی جب چھاپہ مارا گیا تو پتہ چلا کہ وہاں کے شیلٹر ہوم میں سیکس ریکٹ چلتا تھا۔ اس شیلٹر ہوم سے 24 لڑکیوں کو آزاد بھی کرایا گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined