خبریں

’پی ایم آواس یوجنا‘ کے نام پر 2000 لوگ ٹھگی کے شکار، ٹھگ گرفتار

راجندر کمار ترپاٹھی نے لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے ایک ویب سائٹ بھی بنایا جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر لگی ہوئی ہے۔ ملزم نے انتہائی منصوبہ بند طریقے سے غریبوں کو ٹھگی کا شکار بنایا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

تقریباً دو ہزار لوگوں سے کروڑوں روپے ٹھگنے والے ایک شاطر ٹھگ کو دہلی پولس نے گرفتار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے ’پردھان منتری آواس یوجنا‘ کے نام پر غریب طبقہ کے کم و بیش 2 ہزار لوگوں کو بے وقوف بنایا اور ان سے تین کروڑ سے زائد روپے ٹھگ لیے۔ اس شاطر ٹھگ کا نام ہے راجندر کمار ترپاٹھی جس کا تعلق اتر پردیش کے گورکھپور سے ہے اور وہ دہلی واقع نہرو پلیس میں دفتر کھولے ہوئے ہے۔ اس وقت وہ فرید آباد میں رہائش پذیر ہے اور ’نیشنل ہاؤسنگ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن‘ کے نام سے ٹرسٹ چلا رہا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق راجندر کمار نے لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے ایک ویب سائٹ بھی بنا رکھی ہے جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر لگی ہوئی ہے۔ ملزم نے انتہائی منصوبہ بند طریقے سے غریب طبقہ کے لوگوں کو فرضی رہائش منصوبہ کے نام پرٹھگنے کا سلسلہ شروع کیا لیکن آخر کار پولس کی گرفت میں آ ہی گیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ بنیادی طور پر گورکھپور کا باشندہ راجندر کامرس سے گریجویٹ ہے اور شروع میں اس نے ایل آئی سی کے نام پر لوگوں کو جعلسازی کا شکار بنایا تھا۔ اس سلسلے میں اس کے خلاف معاملہ بھی درج کیا گیا تھا اور جعلسازی ظاہر ہونے کے بعد اس نے اپنا پہلا کاروبار بند کر رہائش منصوبہ کے نام پر ٹھگی کا دوسرا کاروبار شروع کر دیا۔

Published: 11 Jan 2019, 11:09 AM IST

پولس کا کہنا ہے کہ 57 سالہ راجندر کمار کافی دنوں سے لوگوں کو بے وقوف بنا رہا ہے اور وہ قومی یوم رہائش میں اشتہار کے ٹنڈر دلانے کے نام پر بھی ٹھگی کر چکا ہے۔ ٹنڈر دلانے کے نام پر اس نے تقریباً چار کمپنیوں سے ایک کروڑ روپے ٹھگے تھے۔

Published: 11 Jan 2019, 11:09 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 11 Jan 2019, 11:09 AM IST