خبریں

اعلیٰ ذات کے غنڈوں نے دلت کو پیٹا، بابا امبیڈکر کو گالی دینے کے لیے کیا مجبور

دلت نوجوان کو اس کے گھر سے بدمعاشوں نے فون کر کے بلایا تھا اور پھر اسے کسی نامعلوم جگہ پر لے گئے جہاں خوب شراب پلائی۔ شراب پلانے کے بعد اس کے ساتھ مار پیٹ کی گئی جس کا ویڈیو بھی وائرل کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش واقعی ’کرائم پردیش‘ بن گیا ہے۔ غنڈہ گردی کا تازہ معاملہ ریاست کے میرٹھ میں پیش آیا ہے جس نے ایک بار پھر انسانیت کو شرمسار کر دیا ہے۔ یہاں اعلیٰ ذات کے کچھ غنڈہ صفت نوجوانوں نے ایک دلت کی بری طرح پٹائی کی اور اس کا ویڈیو بنا کر وائرل بھی کر دیا۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ میرٹھ کے قلعہ پریکشت گڑھ سے تعلق رکھتا ہے جو 18 جولائی کو پیش آیا تھا۔ جو وائرل ویڈیو ’قومی آواز‘ تک پہنچا ہے اس میں یہ صاف نظر آ رہا ہے کہ دبنگ لوگ دلت نوجوان کے گال پر تھپڑ مار کر اسے اس بات کے لیے مجبور کر رہے ہیں کہ وہ بابا صاحب امبیڈکر کو گالیاں دے۔ دلت نوجوان کو اپنی ذات کے خلاف بھی برا کہنے کے لیے مجبور کیا گیا۔ اس ویڈیو میں وہ کہتا ہوا نظر آ رہا ہے کہ ’’میں چمار، چمٹا مردہ باد، جٹ بھائی پورے ہندوستان میں زندہ باد۔‘‘ اس جملے سے ظاہر ہو رہا ہے کہ دلت نوجوان چمار ہے اور جو لوگ اسے پیٹ رہے ہیں وہ جاٹ طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔

Published: undefined

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پریکشت گڑھ تھانہ میں ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے ساتھ ہی تعزیرات ہند کی دفعہ 323، 328، 341 اور 365 کے تحت راہل، بھولو اور بینو نام کے تین اشخاص کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایس پی (دیہی) راجیش کمار کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ملزمین کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری کی جا رہی ہے۔

Published: undefined

خبروں کے مطابق وائرل ویڈیو میں جس دلت نوجوان کی پٹائی ہو رہی ہے اس کا نام لولی ہے اور وہ تقریباً 22 سال کا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ لولی کو اس کے گھر سے بدمعاشوں نے فون کر کے بلایا تھا۔ بدمعاش دلت نوجوان کو کسی نامعلوم جگہ پر لے گئے جہاں اسے خوب شراب پلائی اور پھر اس کے ساتھ مار پیٹ کرنے لگے۔ مار پیٹ کا جو ویڈیو وائرل ہوا ہے وہ 30 سیکنڈ کا ہے اور اس میں نوجوان ہاتھ جوڑے کھڑا ہے لیکن اعلیٰ ذات سے تعلق رکھنے والے غنڈے اس کی ایک نہیں سن رہے۔ پٹائی کے ساتھ ساتھ دلت نوجوان کو اس بات کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ بھیم راؤ امبیڈکر کو گالیاں دے۔

تازہ اطلاعات کے مطابق متاثرہ دلت نوجوان کے گھر والوں نے پولس کو تحریر دے دی ہے جس پر پولس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ساتھ ہی متاثرہ و اس کے اہل خانہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ قصورواروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ میرٹھ کے ایس ایس پی راجیش کمار کا کہنا ہے کہ دونوں فریق پڑوسی ہیں اور ان کے درمیان دوستی بھی رہ چکی ہے۔ فی الحال متاثرہ فیملی سہمی ہوئی ہے اور میڈیا سے بہت زیادہ بات کرنے سے بھی پرہیز کر رہی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined