خبریں

گردابی طوفان ’دانا‘ پڑا کمزور، اڈیشہ و بنگال میں موسلادھار بارش، 1.75 لاکھ ہیکٹیئر کی فصلیں تباہ

محکمہ موسمیات کے سینئر سائنسداں ڈاکٹر سومناتھ دتہ نے گردابی طوفان کے ممکنہ اثرات سے متعلق کہا کہ کچھ ضلعوں میں ایک دو دن بارش ہو سکتی ہے، لیکن ہمیں اس سے زیادہ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

<div class="paragraphs"><p>گردابی طوفان ’دانا‘ کی تباہی، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

گردابی طوفان ’دانا‘ کی تباہی، تصویر سوشل میڈیا

 

جیسا کہ امید کی جا رہی تھی، گردابی طوفان ’دانا‘ جمعرات کی دیر شب اڈیشہ کے ساحل سے ٹکرایا اور پھر تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس دوران کئی مقامات پر تباہی کا منظر دیکھنے کو ملا۔ اڈیشہ کے ساتھ ساتھ مغربی بنگال میں بھی تیز بارش اور ہواؤں کے سبب کئی درخت ٹوٹ گئے اور بڑی تعداد میں عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اس درمیان مغربی بنگال میں ایک ہلاکت کی خبر بھی سامنے آئی ہے۔ اچھی بات یہ رہی کہ اڈیشہ اور مغربی بنگال دونوں ہی ریاستوں میں پہلے سے ہی احتیاطی اقدامات کیے گئے تھے، جس کی وجہ سے لاکھوں لوگ مشکل کا سامنا کرنے سے بچ گئے۔

Published: undefined

میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیشہ اور مغربی بنگال میں کئی مقامات پر بجلی کے کھمبے اور درخت اکھڑ گئے۔ لاکھوں ہیکٹیئر کی فصلیں تباہ ہونے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ بڑی تعداد میں کچے مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ حالانکہ اب ’دانا‘ کا اثر کم ہوتا جا رہا ہے۔ اڈیشہ کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد ہی گردابی طوفان کی رفتار دھیرے دھیرے کم ہونے لگی جس سے اڈیشہ کے ساتھ ساتھ مغربی بنگال کی حکومتوں نے بھی راحت کی سانس لی۔

Published: undefined

ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اپنے ایک ’ایکس‘ پوسٹ میں لکھا ہے کہ گردابی طوفان ’دانا‘ گزشتہ 6 گھنٹوں کے دوران 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ آئی ایم ڈی نے یہ بھی کہا کہ یہ کمزور ہو گیا ہے اور ہوا کی رفتار 65-55 کلومیٹر فی گھنٹہ سے 75 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔ اس کے شمالی اڈیشہ میں مغرب کی طرف بڑھنے اور 12 گھنٹے کے دوران مزید کمزور ہونے کا امکان ہے۔

Published: undefined

ہندوستانی محکمہ موسمیات کے سینئر سائنسداں ڈاکٹر سومناتھ دتہ نے جمعہ کے روز گردابی طوفان کے ممکنہ اثرات کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ انھوں نے کہا کہ کچھ ضلعوں میں ایک دو دن بارش ہو سکتی ہے، کچھ علاقوں میں گردابی طوفان کا اثر کم دیکھنے کو ملے گا۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ کئی ضلعوں میں آئندہ دنوں میں بھاری بارش دیکھنے کو مل سکتی ہے، لیکن ہمیں اس سے زیادہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ڈاکٹر سومناتھ کا کہنا ہے کہ ’’یہ سنگین گردابی طوفان شمال-شمال مغرب سمت میں بڑھتے ہوئے اڈیشہ کے ساحل کو پار کر چکا ہے۔ اس کے لینڈ فال کا عمل جمعرات کی شب 11.30 بجے شروع ہوا اور جمعہ کی صبح 7 بجے ختم ہو گیا۔ گردابی طوفان اب شمال-شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے۔‘‘

Published: undefined

اس درمیان اڈیشہ کے وزیر اعلی موہن چرن مانجھی نے گردابی طوفان سے متعلق کہا کہ ’’اڈیشہ اب محفوظ ہے۔ گردابی طوفان کے پہنچنے کے بعد میں نے حالات کا جائزہ لیا اور ٹیم ورک کے سبب ہم صفر ہلاکت دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے 8 لاکھ لوگوں کو خطرہ والے علاقوں سے نکالا تھا۔ بہت سے راحتی مراکز کھولے گئے جس میں لوگ جمع ہیں۔ بجلی کے تاروں کی مرمت کا کام چل رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’لگاتار بارش کے سبب 1.75 لاکھ ہیکٹیر میں کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ بدھ بلنگا ندی میں سیلاب آ گیا ہے لیکن وہ خطرے کے نشان سے نیچے بہہ رہی ہے۔‘‘

Published: undefined

دوسری طرف مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعہ کے روز کولکاتا میں کہا کہ ریاست میں گردابی طوفان ’دانا‘ کے سبب ایک شخص کی موت ہو گئی، حالانکہ انتظامیہ نے نشیبی علاقوں سے تقریباً 2.16 لاکھ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے مختلف اضلاع سے جانکاری ملی ہے۔ جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے ساگر جزیرہ، ڈائمنڈ ہاربر، شمالی 24 پرگنہ ضلع کے سندیش خالی جیسے مقامات پر نشیبی علاقے زیر آب ہو گئے ہیں۔ بنگاؤں اور بشیر ہاٹ سب ڈویژن میں آبی جماؤ کی اطلاع ملی ہے۔‘‘ ضلع انتظامیہ کے ذریعہ دیے گئے شروعاتی اندازوں سے پتہ چلا ہے کہ مشرقی میدنی پور میں تقریباً 400-350 کچے مکانات متاثر ہوئے ہیں۔ تقریباً 250 درخت اکھڑنے اور 175 بجلی کے کھمبے گرنے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined