خبریں

ضمنی انتخابات: لوک سبھا کی چار سیٹوں پر کس کس کو ملی کامیابی، یہاں پڑھیں...

ملک کی 4 لوک سبھا سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج سامنے آ چکے ہیں۔ کیرانہ اور بھنڈارا-گوندیا میں جہاں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، وہیں پال گھر میں بی جے پی کو کامیابی ملی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا کیرانہ میں فتحیاب ہونے والی تبسم حسن (دائیں) اور آر ایل ڈی لیڈر اجیت سنگھ (بائیں)

ملک کی 10 ریاستوں کی 4 لوک سبھا اور 10 اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج آ چکے ہیں۔ ان ضمنی انتخابات پر سبھی کی نگاہیں اتر پردیش کی کیرانہ اور مہاراشٹر کی پال گھر لوک سبھا سیٹ پر مرکوز تھیں۔ کیرانہ میں بی جے پی کو زبردست شکست ملی ہے جب کہ پال گھر سیٹ پر اس نے اپنی حکومت میں شامل شیو سینا امیدوار کو شکست دی۔ ان ضمنی انتخابات کو 2019 لوک سبھا انتخابات سے قبل ایک بڑے تجربہ کی شکل میں دیکھا جا رہا تھا۔ کئی سیٹوں پر اپوزیشن نے بی جے پی کے خلاف متحد ہو کر انتخاب لڑنے کا فیصلہ لیا تھا۔ 4 لوک سبھا سیٹوں پر کس پارٹی کو کہاں فتح حاصل ہوئی، آئیے ڈالتے ہیں اس پر ایک سرسری نظر...

  • کیرانہ (اتر پردیش): کیرانہ لوک سبھا سیٹ پر آر ایل ڈی امیدوار تبسم حسن نے بی جے پی کی مرگانکا سنگھ کو ہرا دیا ہے۔ انھوں نے بی جے پی امیدوار کو 50000 سے زیادہ ووٹوں سے ہرایا ہے۔ کیرانہ ضمنی انتخاب پر پورے ملک کی نگاہیں مرکوز تھیں کیونکہ بی جے پی کے خلاف اپوزیشن نے متحد ہو کر یہاں انتخاب لڑا تھا۔ آر ایل ڈی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑنے والی تبسم حسن کو ایس پی نے اپنی حمایت دی تھی جب کہ کانگریس اور بی ایس پی نے اپنا کوئی امیدوار نہیں اتارا تھا۔
  • بھنڈارا-گوندیا (مہاراشٹر): مہاراشٹر کے بھنڈارا-گوندیا سیٹ پر این سی پی کے مدھوکر راؤ ککڑے نے بی جے پی کے ہیمنت پٹلے کو شکست دی۔ یہاں کانگریس نے این سی پی کو حمایت دی تھی۔ یہ سیٹ پہلے بی جے پی کے پاس تھی۔ یہاں سے بی جے پی ممبر پارلیمنٹ رہے نانا پٹولے نے مرکز کی مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف پارٹی اور لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
  • پال گھر (مہاراشٹر): پال گھر سیٹ پر بی جے پی کے راجندر گاوِت ڈھیڈیا نے شیو سینا کے شری نواس وانگا کو تقریباً 29 ہزرا ووٹوں سے شکست دی۔ یہ سیٹ قبل میں بھی بی جے پی کے پاس ہی تھی۔ شیو سینا نے یہاں پر مرحوم بی جے پی ممبر پارلیمنٹ چنتامن وانگا کے بیٹے شری نواس وانگا کو اپنا امیدوار بنایا تھا۔
  • ناگالینڈ: بی جے پی کی معاون پارٹی نیشنلسٹ ڈیموکریٹک پروگریسیو پارٹی یعنی این ڈی پی پی نے ناگالینڈ لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخاب میں فتح حاصل کی۔ پارٹی امیدوار توہیکھو یپتھومی نے این پی ایف امیدوار سی. اپوک جمیر کو 173746 ووٹوں سے شکست دی۔ یپتھومی کو کل 594205 ووٹ حاصل ہوئے جب کہ این پی ایف امیدوار کو 420459 ووٹ ملے۔

Published: 31 May 2018, 9:44 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 31 May 2018, 9:44 PM IST