خبریں

مہاراشٹر: سیاسی ڈرامہ جاری، شیوسینا کے بعد گورنر نے NCP کو دی حکومت سازی کی دعوت

چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ٹی این شیشن کے انتقال سے انہیں گہرا دکھ ہوا ہے اور وہ انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس 

کانگریس سے بات چیت کے بعد ہی ہوگا مہاراشٹر میں حکومت سازی کا فیصلہ: نواب ملک

این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے کہا کہ گورنر نے ہمارے لیڈر کو ملاقات کے لیے بلایا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت سازی کی دعوت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ ہمارے لیڈر ان سے ملنے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا ہے کہ شیوسینا کے ساتھ حکومت بنانے کا فیصلہ ہم کانگریس سے بات چیت کے بعد کریں گے۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

گورنر نے فون کر کے بلایا ہے، ہم ملنے جا رہے ہیں: اجیت پوار

گورنر نے این سی پی لیڈر اجیت پوار کو فون کر راج بھون مدعو کیا ہے۔ اجیت پوار نے کہا کہ انھیں نہیں معلوم کہ انھیں کس لیے بلایا گیا ہے، لیکن عزت مآب گورنر کا حکم ہوا ہے تو وہ چھگن بھجبل کے ساتھ ان سے ملاقات کے لیے جا رہے ہیں۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

گورنر کوشیاری نے این سی پی کو دی حکومت سازی کی دعوت

مہاراشٹر میں سیاسی ڈرامے نے مزید زور پکڑ لیا ہے۔ شیوسینا لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے گورنر کوشیاری سے ملاقات کر کے ان سے حکومت سازی کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن 48 گھنٹے کا وقت طلب کیا تھا تاکہ این سی پی اور کانگریس کی حمایت پر مبنی چٹھی دے سکے۔ لیکن گورنر نے ان کے اس مطالبہ کو انکار کر دیا۔ اب تازہ ترین خبروں کے مطابق گورنر نے این سی پی کو حکومت سازی کی دعوت دے دی ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ این سی پی-کانگریس اتحاد مل کر حکومت سازی کے لیے کس طرح کی کوششیں کرتی ہے۔ شیوسینا اپنی شرطوح کے ساتھ این سی پی-کانگریس اتحاد کا ساتھ دیتی ہے یا پھر ابھی ان تینوں پارٹیوں کے درمیان کرسی کی رسہ کشی دیکھنے کو ملے گی۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

مہاراشٹر: حکومت سازی کے لیے آدتیہ ٹھاکرے نے مانگی 48 گھنٹے کی مہلت

شیوسینا لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کرنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس خطاب میں انھوں نے کہا کہ وہ حکومت سازی کے لیے تیار ہیں لیکن ساتھی پارٹیوں سے بات چیت کرنے کے لیے کچھ وقت درکار ہے اس لیے گورنر سے 48 گھنٹہ کی مہلت مانگی گئی، لیکن زبانی طور پر اس سے انھوں نے منع کر دیا۔ ساتھ ہی آدتیہ ٹھاکرے نے یہ بھی کہا کہ حکومت سازی کا ان کا دعویٰ ابھی گورنر نے خارج نہیں کیا ہے اس لیے وہ حکومت سازی کے لیے اپنی تیاریاں کر رہے ہیں۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

مہاراشٹر: کانگریس نے اب تک نہیں دی شیوسینا کو حمایت کی چٹھی

کانگریس نے مہاراشٹر میں جاری سیاسی ہلچل کے درمیان ایک بیان جاری کیا ہے جس میں واضح لفظوں میں لکھا ہے کہ وہ اپنی ساتھی پارٹی این سی پی کے ساتھ مزید بات چیت کرنا چاہتی ہے۔ اس بیان میں شیوسینا کو حمایت دیے جانے یا پھر حمایت سے متعلق چٹھی دیے جانے کی کوئی بات نہیں کہی گئی ہے۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

مہاراشٹر: شیوسینا کے سینئر لیڈروں نے گورنر کوشیاری سے ملاقات کی

مہاراشٹر کے ممبئی واقع راج بھون میں آج آدتیہ ٹھاکرے، ایکناتھ شندے اور دیگر شیوسینا لیڈروں نے ریاست کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ریاست کے سیاسی ماحول سے متعلق تبادلہ خیال کرنے کے لیے کی گئی۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ شیوسینا کو این سی پی اور کانگریس نے اگر حمایت دینے کا اعلان کیا ہے تو وہ کن شرطوں پر ہوگا۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

شیوسینا کو ملا کانگریس کا ساتھ!

میڈیا ذرائع نے یہ بات صاف کر دی ہے کہ کانگریس نے شیوسینا کی حمایت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ خبروں کے مطابق کانگریس صدر سونیا گاندھی نے فون کر کے شرد پوار کو شیوسینا کی حمایت کرنے کی بات کہی اور اب دیکھنے والی بات یہ ہے کہ کانگریس باہر سے حمایت کرتی ہے یا پھر حکومت میں شامل ہوتی ہے۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

این سی پی-شیوسینا کے لیے حکومت سازی کے لیے راستے ہموار، کانگریس دے گی حمایت

شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے، ان کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے پاس پہنچ چکے ہیں اور میڈیا ذرائع کے مطابق این سی پی کے سرکردہ لیڈران بھی راج بھون تھوڑی ہی دیر میں پہنچنے والے ہیں۔ اسی درمیان میڈیا ذرائع نے یہ بھی خبر دی ہے کہ سونیا گاندھی نے شرد پوار سے فون کر کے شیوسینا کو حمایت دینے کی بات کہی ہے۔ حالانکہ اس خبر کی کوئی تصدیق نہیں ہو سکی ہے لیکن جس طرح سے شیوسینا اور این سی پی لیڈران راج بھون پہنچ رہے ہیں، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کانگریس سے ان کی بات چیت ہو چکی ہے۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

مہاراشٹر: ادھو ٹھاکرے کی سونیا گاندھی سے فون پر ہوئی بات چیت

مہاراشٹر میں شیوسینا-این سی پی اتحاد کی حکومت بنتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ سرگرمیاں کافی تیز ہیں اور اے این آئی خبر رساں ادارہ کے ذریعہ موصول خبروں کے مطابق شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے کانگریس سربراہ سونیا گاندھی سے فون پر تقریباً 7 منٹ بات چیت کی۔ ان دونوں لیڈروں کے درمیان کیا بات ہوئی، اس کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شیوسینا-این سی پی حکومت سازی سے متعلق باتیں ہوئیں اور اس سلسلے میں کانگریس کا کیا اسٹینڈ ہوگا، ادھو ٹھاکرے نے یہ جاننے کی کوشش کی ہوگی۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

دہلی: احمد پٹیل اور انٹونی مہاراشٹر ایشو پر سونیا گاندھی سے بات کرنے ان کے گھر پہنچے

کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل اور اے کے انٹونی پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے کے لیے 10 جن پتھ واقع ان کی رہائش پر پہنچ گئے ہیں۔ دونوں ہی سینئر لیڈر پارٹی صدر سے مہاراشٹر میں جاری سیاسی سرگرمیوں کے بارے میں بات چیت کریں گے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق مہاراشٹر کے سینئر کانگریس لیڈروں کو بھی دہلی بلایا گیا ہے تاکہ مہاراشٹر کی تازہ صورت حال کا جائزہ لیا جا سکے۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

لتا منگیشکر کی طبیعت ہوئی خراب، ممبئی کے اسپتال میں داخل

سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد لتا منگیشکر کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ 90 سالہ معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کے تعلق سے میڈیا ذرائع نے بتایا کہ انھیں پیر کی صبح سانس لینے میں تکلیف کا احساس ہوا۔ بعد ازاں انھیں اسپتال لے جایا گیا۔ فی الحال ان کی طبیعت کے بارے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

جموں و کشمیر: سری نگر میں آتشزدگی سے 8 مکانات خاکستر

سری نگر: جموں و کشمیر کے گر مائی دارالحکومت سری نگر میں شدید آگ لگ جانے سے آٹھ مکان جل کر خاکستر ہو گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے پیر کو بتایا کہ آگ سری نگر کی تبتی کالونی میں اتوار کو لگی۔ آگ اتنی شدید تھی کہ فائر بریگیڈ اہلکاروں کے جائے وقوعہ پر پہنچنے سے قبل ہی گردو نواح کے علاقوں میں بھی پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ آگ کی لپیٹ میں آنے سے آٹھ مکان بری طرح تباہ ہو گئے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں لگایا جا سکا ہے اور اس میں کسی جانی نقصان کی فی الحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

شیوسینا لیڈر سنجے راؤت کی طبیعت بگڑی، لیلاوتی اسپتال میں داخل

مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے درمیان شیوسینا کے لیے ایک بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سنجے راؤت کو ممبئی کے لیلا وتی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں سینے میں درد کی شکایت ہوئی جس کے بعد انھیں داخل اسپتال کیا گیا ہے۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

مہاراشٹر: شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کے درمیان چل رہی میٹنگ ختم

مہاراشٹر میں ایک طرف سیاسی ہلچل بڑھی ہوئی ہے اور دوسری طرف ابھی تک یہ صاف نہیں ہو سکا ہے کہ شیوسینا اور این سی پی مل کر حکومت سازی کریں گے تو اس میں کانگریس کا کردار کیا ہوگا۔ تقریباً ایک گھنٹے چلنے کے بعد شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کی میٹنگ بھی ختم ہو گئی ہے لیکن حکومت سازی سے متعلق تجسّس ہنوز برقرار ہے۔ این سی پی سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ کانگریس کے ساتھ بات چیت کے بعد ہی اپنا نظریہ میڈیا کے سامنے پیش کریں گے کیونکہ اس نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کر کے ہی الیکشن لڑا ہے۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

مہاراشٹر: بی جے پی کے 7 اراکین اسمبلی نے این سی پی لیڈر اجیت پوار کو کیا فون

میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بی جے پی کے 7 اراکین اسمبلی نے این سی پی کے سرکردہ لیڈر اجیت پوار سے فون پر بات چیت کی ہے۔ اس بات چیت کے بعد مہاراشٹر بی جے پی میں ہنگامہ برپا ہے۔ کچھ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے یہ اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑ کر این سی پی کا دامن بھی تھام سکتے ہیں۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شرد پوار کے مابین میٹنگ

ممبئی میں شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شرد پوار کے درمیان میٹنگ چل رہی ہے، بتا دیں کہ این سی پی کا اجلاس تھوڑی دیر قبل ختم ہوا ہے، اجلاس کے بعد این سی پی لیڈر نواب ملک نے کہا کہ ہمارا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ کانگریس سے بات کرنے کے بعد ہوگا، کانگریس نے آج شام 4 بجے میٹنگ بلائی ہے اور اس کے بعد ہی مہاراشٹر کو لے کر تصویر صاف ہو پائے گی۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

این سی پی کا اجلاس ختم، نواب ملک بولے- کانگریس کے ساتھ مل کر لیں گے کوئی فیصلہ

مہاراشٹر میں حکومت بنانے کو لے کر این سی پی کا چل رہا اجلاس ختم ہو گیا ہے، این سی پی لیڈر نواب ملک نے کہا کہ ہمارا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ کانگریس سے بات کرنے کے بعد ہوگا، کانگریس نے شام 4 بجے میٹنگ بلائی ہے اور اس کے بعد ہی مہاراشٹر کو لے کر تصویر صاف ہو پائے گی، نواب ملک نے کہا کہ این سی پی کانگریس کے بغیر ایوان میں شیوسینا کو اکثریت نہیں دے گی۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

جے این یو طلبا کا فیس میں اضافہ سمیت مختلف مسائل کو لے کر مظاہرہ

دہلی میں جے این یو طلبا یونیورسٹی کیمپس کے باہر فیس میں اضافہ سمیت مختلف مسائل کو لے کر مظاہرہ کر رہے ہیں، مظاہرہ کر رہے ایک طالب علم نے بتایا، ’’گزشتہ 15 دنوں سے ہم فیس میں اضافہ کو لے کر مظاہرہ کر رہے ہیں کیونکہ یہاں قریب 40 فیصد اسٹوڈنٹس غریب پس منظر سے آتے ہیں، وہ طلبا یہاں کس طرح تعلیم حاصل کر پائیں گے؟‘‘

طلبا کی مانگیں:

  • فیس اضافہ کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
  • ہاسٹل میں طالب علموں سے کوئی سروس چارج نہیں لیا جائے۔
  • ہاسٹل میں آنے جانے کے لئے ڈیڈ لائن ختم ہو۔
  • ہاسٹل میں ڈریس کوڈ نہیں لاگو کیا جائے۔
  • نیا ہاسٹل مینو مکمل طور پر منسوخ کیا جائے۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

مہاراشٹر میں بات چیت کا دور جاری، این سی پی کی کور کمیٹی کی میٹنگ شروع

مہاراشٹر میں حکومت تشکیل کو لے کر بات چیت کا دور شروع ہو گیا ہے، ممبئی میں این سی پی کی کور کمیٹی کی میٹنگ شروع ہو گئی ہے، ساتھ ہی شیوسینا ممبر اسمبلی بھی ملاقات کر رہے ہیں، دوسری طرف دہلی میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ ہو رہی ہے۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

ریاست میں صدر راج لگانے کی بی جے پی کی سازش ہے… سنجے راوت

سنجے راوت نے کہا کہ بی جے پی کو حکومت بنانے کا دعوی پیش کرنے کے لئے 72 گھنٹے کا وقت دیا گیا، ہمیں اتنا کم دیا گیا، یہ بی جے پی کی سازش ہے ریاست میں صدر راج لگانے کی۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

الیکشن کمیشن نے شیشن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے سابق چیف الیکشن کمشنر ٹی این شیشن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ٹی این شیشن کے انتقال سے انہیں گہرا دکھ ہوا ہے اور وہ انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وہ سبھی چیف الیکشن کمشنروں اور الیکشن کمیشن کے ارکان کے لئے ہمیشہ باعث ترغیب رہے ہیں۔ انتخابی نظام کو بہتر بنانے اور جمہوریت کو مضبوط بنانے میں ان کی شراکت اور خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ ٹی این شیشن کا کل رات چنئی میں ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہو گیا تھا۔ وہ 86 برس کے تھے اور 1990 سے 1996 تک ملک کے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر فائز تھے۔ اپنے حوصلہ افزا فیصلوں سے انہوں نے انتخابی اصلاحات کرکے ایک نئی مثال قائم کی تھی۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 11 Nov 2019, 10:27 AM IST