قومی خبریں

’گئو رکشا‘ کے نام پر لیا جائے گا ’گئو کلیان سیس‘، یوگی حکومت کا نیا فرمان جاری

گایوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کرانے میں ناکام یوگی حکومت نے 2019عام انتخابات سے قبل نیا داؤ کھیلا ہے۔ انہوں نے سڑک پر گھومتی گایوں کے لیے گئوشالہ تعمیر کے نام پر’گئو کلیان سیس‘ نافذ کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

یوگی حکومت گئو رکشا سے متعلق بیانات اور اقدامات پر ہمیشہ سرخیوں میں رہی ہے۔ گئو رکشا کے نام پر تشدد ہو یا پھر سڑکوں پر گھومتے آوارہ گایوں کی موت، یوگی آدتیہ ناتھ کے وزراء اس سلسلے میں عجیب و غریب بیان بھی دیتے رہے ہیں۔ لیکن اب گئو رکشا کے نام پر گایوں کی حفاظت اور دیکھ بھال میں ناکام یوگی حکومت نے ایک نیا داؤ کھیلا ہے۔ 2019 کے عام انتخابات سے قبل اٹھائے گئے اس قدم سے عوام کی جیب ہلکی ہونے والی ہے۔ دراصل یوگی حکومت نے سڑک پر گھومتی گایوں کے لیے گئوشالہ تعمیر کرنے اور ان کے رکھ رکھاؤ کے لیے 0.5 فیصد ’گئو کلیان سیس‘ وصول کرنے کا راستہ صاف کر دیا ہے۔ یہ ٹیکس شراب، ٹول پلازہ اور سرکاری انفراسٹرکچر کمپنیوں سے وصول کیا جائے گا۔ اس ٹیکس کے ذریعہ جو پیسہ جمع ہوگا اس کی مدد سے ریاست بھر میں گایوں کے لیے شیلٹر ہوم بنایا جائے گا جس سے کہ آوارہ گایوں کو یہاں رکھا جا سکے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق یوگی حکومت نے منگل کو کابینہ کی ایک میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں منافع کمانے والے پبلک سیکٹر کے 8 محکموں پر ’گئو کلیان سیس‘ لگانے کی تجویز پاس کی گئی۔ اس ٹیکس سے ملنے والی رقم پوری ریاست میں گایوں کے لیے غیر مستقل شیلٹر بنانے اور ان کے رکھ رکھاؤ میں استعمال کی جائے گی۔ جو 8 محکمے اس ٹیکس کے اندر میں آتے ہیں ان میں ایکسائز، پبلک ورکس، اسٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور یو پی ایکسپریس ویز انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ٹول ٹیکس) وغیرہ شامل ہیں۔

Published: undefined

میٹنگ میں گایوں کی حفاظت کے لیے ٹیکس نافذ کرنے کے علاوہ آوارہ گھومنے والے جانوروں سے متعلق بھی تجویز پاس کی گئی۔ اس کے تحت طے ہوا کہ ایسے کسانوں پر بھی کارروائی کی جائے گی جو اپنے جانوروں کو عوامی مقامات یا دوسرے کی ملکیت میں گھومنے کے لیے چھوڑ دیتے ہیں۔ ایسے کسانوں پر پولس، ضلع انتظامیہ یا شہری بلدیہ کی جانب سے جرمانہ لگایا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ غیر قانونی بوچڑ خانوں پر روک لگائے جانے کے بعد سے یو پی آوارہ مویشیوں کے مسئلہ سے نبرد آزما ہے۔ خبروں کے مطابق دیہی اتر پردیش میں مویشیوں کے کھیتوں میں گھسنے سے فصلوں کو کافی نقصان پہنچتا ہے اور اس سے کئی سڑک حادثے بھی ہوتے رہے ہیں۔ نئے ٹیکس کے بعد ریاست میں شراب کی قیمت بھی بڑھنے کا امکان ہے، حالانکہ ابھی اس بات پر آخری مہر لگنی باقی ہے کہ کن کن مصنوعات پر یہ ٹیکس لگایا جائے گا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined