وزیر اعظم نریندر مودی 16 نومبر کو پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کرنے والے ہیں۔ اس انعقاد کو کامیاب بنانے کے لیے سرکاری حکم آیا ہے کہ اس کے لیے 2000 بسوں کا انتظام کیا جائے جو لوگوں کو مودی کے پروگرام میں شامل ہونے کے لیے لے کر جائیں گی۔
Published: undefined
اس تعلق سے اتر پردیش ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کو سلطان پور ضلع مجسٹریٹ نے خط بھیجا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ اس پروگرام میں 2000 بسوں کا انتظام کیا جانا ہے جو لوگوں کو پروگرام کی جگہ پر لے جائیں گی۔ ان میں سے 70 فیصد بسوں کا انتظام سلطان پور سے ہوگا اور باقی 30 فیصد بسیں پڑوسی اضلاع امبیڈکر نگر اور ایودھیا سے آئیں گی۔ سلطان پور ضلع مجسٹریٹ نے 6 نومبر 2021 کو لکھے اس خط میں کہا ہے کہ ان بسوں کا خرچ اتر پردیش ایکسپریس وے صنعتی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (یو پی ای آئی ڈی اے) اٹھائے گا۔
Published: undefined
غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 16 نومبر کو پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کریں گے۔ اصل پروگرام سلطان پور میں ہوگا۔ اس ایکسپریس وے کی لمبائی 340.824 کلو میٹر ہے۔ اس سلسلے میں سلطان پور کے ضلع مجسٹریٹ نے ’نیشنل ہیرالڈ‘ سے بات چیت میں اعتراف کیا کہ ایسا خط لکھا ہے جس میں 2000 بسوں کا انتظام کرنے کی بات ہے۔ حالانکہ انھوں نے کہا کہ ’’اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ پروگرام میں بہت سے لوگ شامل ہیں۔ ہمیں نظامِ قانون بنائے رکھنے کے لیے بسوں کا انتظام کرنے کو کہا گیا ہے۔‘‘
Published: undefined
اپوزیشن نے آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخاب سے عین قبل پوروانچل ایکسپریس وے کے افتتاح کو سیاسی اسٹنٹ قرار دیا ہے۔ اتر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے کمار للو نے کہا کہ یوگی حکومت بھیڑ جمع کرنے کے لیے سرکاری مشینری کا غلط استعمال کر رہی ہے تاکہ مودی خوش ہو سکیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ غیر اخلاقی اور عوام مخالف ہے۔ یوگی حکومت اس وقت کیا کر رہی تھی جب ہزاروں مہاجر مزدور پیدل اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔ اس وقت کانگریس نے مزدوروں کے لیے بسوں کا انتظام کیا تھا۔‘‘
Published: undefined
اتر پردیش میں کانگریس اقلیتی سیل کے صدر شاہنواز عالم نے کہا کہ ’’ضلع مجسٹریٹس کو سرکاری خط بھیج کر مودی کے پروگرام کے لیے بھیڑ جمع کرنے کو کہا جا رہا ہے، اس سے یوگی حکومت کی ذہنیت ظاہر ہوتی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’یوگی حکومت کے لیے مزدور، غریب لوگ، مہاجر اور اقلیتیں کوئی اہمیت نہیں رکھتیں۔ انھیں تو صرف میدان بھرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔‘‘
Published: undefined
واضح رہے کہ پوروانچل ایکسپریس وے لکھنؤ سے شروع ہو کر مشرقی اتر پردیش میں غازی پور تک جاتا ہے۔ یہ ایکسپریس وے وارانسی، ایودھیا، گورکھپور اور الٰہ آباد (اب پریاگ راج) سمیت 9 اضلاع سے ہو کر گزرتا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز