قومی خبریں

وزیر اعلیٰ کا مکھوٹا اتار کر یوگی چلے دیوتا بننے

وزیر اعلیٰ کا مکھوٹا اتار کر یوگی چلے دیوتا بننے

Getty Images
Getty Images 

یکے بعد دیگرے کئی تنازعات کا شکار ہونے کے بعد اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنا ’مکھوٹا‘ اتار کر ایک بار پھر سخت گیر ہندو لیڈر کا لباس زیب تن کرنے کا ارادہ کر لیا ہے۔ دراصل یوگی آدتیہ ناتھ ایودھیا میں دیوالی کے موقع پر راجہ رام کا کردار نبھائیں گے اور پہلی مرتبہ ریاستی حکومت کے حکم سے ایودھیا میں عظیم الشان دیوالی منائے جانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ حالانکہ دسہرے کے وقت ہی محرم بھی ہے لیکن ریاستی حکومت کو اس تہوار کے تئیں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ تو صرف خود کو ’بھگوان‘ کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق دسہرے کے موقع پر وہ واپس گورکھ ناتھ مندر میں دیوتا کی گدی پر بیٹھیں گے اور اس دوران وہ کوئی سرکاری کام نہیں کریں گے۔ گویا کہ وزیر اعلیٰ تعطیل پر رہیں گے اور سبھی کام ان کے لوٹنے تک ’ویٹنگ روم‘ میں پڑے رہیں گے۔ فی الحال وزیر اعلیٰ کو گورکھ دھام پیٹھ کا مہنت بننا زیادہ ضروری محسوس ہو رہا ہے اور اپنی خواہش کی تکمیل اشٹمی سے ہی مصروف ہو گئے ہیں۔ اَب ان کا ارادہ ’اشتر پوجا‘اور راون کا ’وَدھ‘ کرنے کا ہے۔ ہندوستان جیسے جمہوری ملک کی ریاستوں میں کسی بھی وزیر اعلیٰ نے اس طرح کی مذہبی تقریب میں نہ تو بطور مہنت شرکت کی ہوگی اور نہ ہی کسی دیوتا کا کردار ادا کیا ہوگا۔ ابھی تک وزرائے اعلیٰ مذہبی پوجا میں شرکت کرتے ہوئے ہی دکھائی دیے ہیں لیکن یوگی آدتیہ ناتھ تو ’دیوتا‘ بننے میں یقین رکھتے ہیں، یہ الگ بات ہے کہ ان کی اعمال دیوتاؤں والے نہیں ہیں۔

یوگی حکومت نے دیوالی کو عظیم الشان بنانے کے مقصد سے یہ بھی حکم جاری کیا ہے کہ سریو ندی کے کنارے عالی شان تقریب منعقد ہو جو پورے ماحول کو ہندوتوا کے رَنگ میں رنگ دے۔ اس تقریب میں اتر پردیش حکومت کے ہر فرد کی موجودگی کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ اتر پردیش کے گورنر رام نائک بھی اس پروگرام میں خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔ اس کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں اور سریو ندی کے کنارے عمارتوں کو روشنی سے شرابور کرنے کے مقصد سے عملہ سرگرم ہے۔

دیوالی کو عظیم الشان بنانے کے فیصلہ سے یوگی حکومت نے واضح طور پر یہ پیغام دے دیا ہے کہ اس بار ایودھیا کو اس طرح سجایا جائے جیسے ’تریتا یُگ‘ میں ایودھیا کو سجایا گیا تھا۔ گویا کہ اس مرتبہ ریاستی انتظامیہ ’کلیُگ‘ میں بھی بھگوان رام کے استقبال میں ایودھیا کو دلہن کی طرح سجانے کی کوشش میں سرگرم ہو گئی ہے۔ غور طلب ہے کہ جلد ہی بابری مسجد پر سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی آنا ہے اور اس سے پہلے ہی یوگی نے ایودھیا اور رام مندر کارڈ کھیلنا شروع کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی براہ راست ہدایت پر اس طرح کی مذہبی تقریب کا انعقاد ’زعفرانی ایجنڈا‘ کو آگے بڑھانے کی ایک مثال ہے اور سرکاری مشینری کا ایسا استعمال انتہائی شرمناک بھی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ کے دیوالی کے طے شدہ پروگرام سے متعلق افسران نے بتایا کہ وہ چھوٹی دیوالی پر ایودھیا میں ضرور رہیں گے لیکن بڑی دیوالی اپنے گورکھ دھام میں ہی منائیں گے۔

Published: undefined

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined