نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دور میں ملک بھر میں مزدوروں کو ہوئی پریشانی اور دکھ تکلیف کے لئے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ان مزدوروں کی طاقت سے مشرقی ہندوستان کی ترقی کے وسیع امکانات بھی کھلے ہیں اور حکومت نے اس سمت میں قدم اٹھانا شروع کردیا ہے۔ پی ایم مودی نے آکاش وانی پر نشر ’من کی بات‘ پروگرام میں کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی کا یہ راستہ لمبا ہے۔ یہ ایک ایسی قدرتی آفت ہے جس کا پوری دنیا کے پاس کوئی علاج ہی نہیں ہے، جس کا پہلے کبھی کوئی تجربہ ہی نہیں ہے، تو ایسے میں نئے نئے چیلنجوں اور اس کی وجہ سے پریشانیاں اور ہم تجربہ بھی کررہے ہیں۔ یہ دنیا کے ہر کورونا متاثر ملک میں ہو رہا ہے اور اس لئے ہندوستان بھی اس سے اچھوتا نہیں ہے۔
Published: undefined
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں بھی کوئی طبقہ ایسا نہیں ہے جو مشکل میں نہ ہو، پریشانی میں نہ ہو، اور اس بحران کی سب سے بڑی چوٹ، اگر کسی پر پڑی ہے، تو ہمارے غریب مزدورطبقے پر پڑی ہیں۔ ان کی تکلیف اور ان کا درد الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ہم میں سے کون ایسا ہوگا جو ان کی اور ان کے کنبے کی تکلیفوں کا تجربہ نہ کر رہا ہو۔ ہم سب مل کر ان کی تکلیف اور درد کو بانٹنے کی کوشش کررہے ہیں۔
Published: undefined
مودی نے مزدور اسپیشل ٹرینوں کی سمت اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے ساتھ دن رات لگے ہوئے ہیں۔ مرکز ہو، ریاست ہو، مقامی سوراج کی تنظیمیں ہوں، ہر کوئی دن رات محنت کر رہا ہے۔ جس طرح ریلوے کے ملازمین آج لگے ہوئے ہیں، وہ بھی ایک طرح سے اول صف میں کھڑے کورونا سپاہی ہی ہیں۔لاکھوں مزدوروں کو، ٹرینوں سے، اور بسوں سے، صحیح سلامت لے جانا، ان کے کھانے پینے کی فکرکرنا، ہر ضلع میں قرنطینہ مراکز کا انتظام کرنا، سبھی کی ٹیسٹنگ، چیک اپ، علاج کا انتظام کرنا، یہ سبھی کام مسلسل بہت بڑے پیمانے پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو منظر آج ہم دیکھ رہے ہیں، اس سے ملک کو ماضی میں جو کچھ ہوا، اس کے جائزے اور مستقبل کے لئے سیکھنے کا موقع بھی ملا ہے۔ آج ہم ہمارے مزدوروں کے درد میں، ملک کے مشرقی حصے کے درد کو دیکھ سکتے ہیں۔ جس مشرقی حصے میں ملک کا گروتھ انجن بننے کی صلاحیت ہے، جس کے مزدوروں کی طاقت میں، ملک کو نئی اونچائی پر لے جانے کی صلاحیت ہے، اس مشرقی حصے کی ترقی بہت ضروری ہے۔
Published: undefined
پی ایم مودی نے کہا، ’’مشرقی ہندوستان کی ترقی سے ہی، ملک کی اقتصادی ترقی ممکن ہے۔ ملک نے جب مجھے خدمت کا موقع دیا تبھی سے ہم نے مشرقی ہندوستان کی ترقی کو ترجیح دی ہے۔ مجھے اطمینان ہے کہ گزشتہ برسوں میں اس سمت میں بہت کچھ ہوا ہے اور اب نقل مکانی کرنے والے مزدوروں کو دیکھتے ہوئے بہت کچھ نئے قدم اٹھانا بھی ضروری ہوگئے ہیں، اور ہم مسلسل اس سمت میں آگے بڑھ رہےہیں۔‘‘
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ مشرقی ہندوستان میں کہیں مزدوروں کے اسکل میپنگ کا کام ہو رہا ہے، کہیں اسٹارٹ اپس اس کام میں جٹے ہیں، کہیں مزدور امیگریشن کمیشن بنانے کی بات ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت نے ابھی جو فیصلے لئے ہیں، اس سے بھی گاؤں میں روزگار، اپنا روزگار، چھوٹی صنعتوں سے جڑے وسیع امکانات کھلے ہیں۔ یہ فیصلے، ان حالات کے حل کے لئے ہیں، خود مختار ہندوستان کےلئے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined