آج لوک سبھا میں خاتون ریزرویشن بل کو منظوری مل گئی۔ بل کے حق میں جہاں 454 ووٹ ڈالے گئے، وہیں اس کے خلاف محض 2 ووٹ پڑے۔ حالانکہ خاتون ریزرویشن بل پر ایوان زیریں میں ہوئی بحث کے دوران بل میں موجود کچھ خامیوں کی طرف مرکزی حکومت کی توجہ مبذول کرائی گئی۔ اس بل کو لے کر کانگریس نے سب سے بڑا مطالبہ یہ کیا کہ او بی سی ریزرویشن کی بھی سہولت دی جائے۔ کانگریس کے اس مطالبے کو اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کا بھی بھرپور ساتھ ملا۔
Published: undefined
آج سب سے پہلے کانگریس رکن پارلیمنٹ سونیا گاندھی نے خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کے اندر درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے ساتھ ساتھ دیگر پسماندہ طبقہ (او بی سی) کو بھی ریزرویشن دینے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’انڈین نیشنل کانگریس کا مطالبہ ہے کہ اس بل کو فوراً عمل میں لایا جائے اور اس کے ساتھ ہی ذات پر مردم شماری کرا کر ایس سی، ایس ٹی، او بی سی کی خواتین کے لیے بھی ریزرویشن کا انتظام کیا جائے۔ حکومت کو اس کے لیے جو قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ وہ اٹھانے چاہئیں۔‘‘
Published: undefined
کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اس او بی سی ریزرویشن کا ایشو اپنی تقریر کے دوران زور و شور سے اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’خاتون ریزرویشن بل کو میری حمایت ہے۔ یہ خواتین کے لیے بہت ضروری قدم ہے۔ خواتین نے ملک کی آزادی کے لیے بھی لڑائی لڑی ہے۔ یہ خواتین ہمارے برابر ہیں اور کئی معاملوں میں ہم سے آگے بھی ہیں۔ لیکن میرے خیال سے یہ بل ادھورا ہے۔ اس میں او بی سی ریزرویشن کو جوڑا جانا چاہیے۔‘‘ پھر وہ کہتے ہیں کہ ’’مرکزی حکومت میں 90 سکریٹری میں سے صرف 3 کا تعلق او بی سی سے ہے۔ یہ ہندوستان کے 5 فیصد بجٹ کو کنٹرول کرتے ہیں۔ یہ او بی سی سماج کی بے عزتی ہے۔ دلتوں اور قبائلوں کی تعداد کتنی ہے، یہ جاننے کے لیے ذات پر مبنی مردم شماری کی ضرورت ہے۔‘‘
Published: undefined
اپوزیشن پارٹیوں کی بات کی جائے تو سماجوادی پارٹی کی طرف سے ڈمپل یادو نے خاتون ریزرویشن بل میں ایس سی اور ایس ٹی خواتین کے ساتھ ساتھ او بی سی خواتین کو بھی شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’پی ایم مودی ریاضت کی بات کرتے ہیں۔ ریاضت سے ہی قوت ملتی ہے، قوت تبھی ملے گی جب ایس سی/ایس ٹی/او بی سی خواتین کو بھی (بل میں) شامل کیا جائے گا۔ ان خواتین کو بھی ریزرویشن ملنا چاہیے۔ کمزور اور پسماندہ طبقہ کی خواتین کو بھی ریزرویشن ملنا چاہیے۔‘‘
Published: undefined
بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی پہلے سے ہی او بی سی خواتین کے لیے ریزرویشن کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔ انھوں نے اپنے مطالبہ کو آج ایک بار پھر دہرایا اور کہا کہ ’’او بی سی خواتین کو الگ سے ریزرویشن ملنا چاہیے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی لیڈر اوما بھارتی بھی خاتون ریزرویشن بل میں او بی سی خواتین کو ریزرویشن دیے جانے کا مطالبہ کئی بار کر چکی ہیں۔ جب یہ بل لوک سبھا میں پیش کیے جانے کی خبریں گشت کر رہی تھیں تو بھی اوما بھارتی نے پی ایم مودی سے اپیل کی تھی کہ وہ او بی سی خواتین کے لیے ریزرویشن کی سہولت دیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز