ہماچل پردیش کے کسولی میں منگل کے روز ایک گیسٹ ہاؤس کے مالک نے خاتون اسسٹنٹ ٹاؤن پلانر شیل بالا شرما کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ 51 سالہ شیل بالا سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق علاقہ میں غیر قانونی تعمیرات کو گروانے گئی تھیں۔ کارروائی سے بوکھلائے ملزم نے ان پر گولیاں چلانی شروع کر دیں۔ خاتون افسر اور ان کے معاونین جب وہاں سے بھاگے تو ملزم نے ان کا پیچھا کر کے شیل بالا کا گولی مار کر قتل کر دیا۔
Published: undefined
ادھر، شیل بالا شرما کے قتل کے معاملہ میں سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا ہے۔ سپریم کورٹ نے خاتون افسر کو معقول حفاظت مہیا نہ کرنے پر صوبے کی بی جے پی حکومت کو پھٹکار لگاتے ہوئے اس معاملہ کو ’انتہائی سنجیدہ قرار ‘ دیا۔ جسٹس مدن بی لوکر اور دیپک گپتا کی بنچ نے اس معاملہ پر کہا ’’اگر اس طرح لوگوں کے قتل ہوتے رہے تو ہم فیصلہ سنانا ہی بند کر دیں گے...یہ ایک نہایت شرمناک واقعہ ہے۔‘‘
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے کسولی واقع 13 ہوٹلوں میں کی گئیں غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ملزم کا ہوٹل دھرم شالا-کسولی روڈ پر منڈودھر میں واقع ہے۔ پولس اور چشم دیدوں کے مطابق شیل بالا کا قتل نارائنی گیسٹ ہاؤس کے مالک وجے ٹھاکر نے کیا ہے۔ شیل جب ملزم کے ہوٹل میں داخل ہوئیں تو ملزم نے ان پر کم از کم تین گولیاں چلائیں، یہ واردات دوپہر تقریباً ڈھائی بجے ہوئی۔
Published: undefined
موقع واردات پر متعدد پولس افسران اور سرکاری افسران موجود تھے۔ گولیاں لگنے کے بعد شیل کو دھرم پور سرکاری اسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ وجے ٹھاکر کو گرفتار کرنے کے لئے کئی ٹیمیں تشکیل دیں گئی ہیں۔ علاوہ ازیں ملزم کی اطلاع دینے والے کو ایک لاکھ کا انعام دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
فائرنگ میں پی ڈبلیو ڈی کا ایک ملازم گلاب سنگھ بھی زخمی ہوا ، اس کا علاج چنڈی گڑھ میں چل رہا ہے۔ واردات کے بعد علاقہ میں غیر قانونی تعمیرات گرانے کا کام فی الحال بند کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد شام کو ڈی جی پی بھی موقع پر پہنچے ۔
واقعہ کے ایک چشم دید افسر شیویندر پال سنگھ نے بتایا کہ جب شیل بالا اور دیگر افسران ہوٹل میں داخل ہوئے تو ملزم وجے ٹھاکر نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے بتایا ’’اس نے ہوٹل کے اندر دو گولیاں چلائیں، ایک پی ڈبلیو ڈی کے ملازم کو لگی، اس کے بعد اس نے ہمارا پیچھا کیا اور فائر کردیا جو اسٹنٹ ٹاؤن پلانر شیل بالا کو لگی، وہ وہیں گر پڑیں۔‘‘
پولس کے مطابق، ملزم ٹھاکر کو 2011 میں ہتھیار کا لائسنس ملا تھا۔ اس کے پاس ایک ریوالور ہے۔ واضح رہے کہ شیل بالا منڈی کی رہائشی تھیں ۔ ان کی شادی نیشنل ریسرچ سنٹر فار مشروم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر بی پی شرما سے ہوئی تھی۔ دونوں کا ایک 24 سالہ بیٹا ہے جس نے حال ہی میں شملہ واقع اندرا گاندھی میڈکل کالج سے ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز