پٹنہ: بہار کی راجدھانی پٹنہ کے اشوک راج پتھ پر واقع ملک اور دنیا میں مشہور 115 سال پرانی خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری ٹریفک جام کے نام پر اپنا وجود کھونے کی کگار پر ہے۔ دراصل اس راستہ پر ٹریفک جام کی صورت حال کے پیش نظر ’بہار راجہ پل نرمان نگم لمیٹڈ‘ نے تاریخی گاندھی میدان کے شمال مشرق میں واقع کرگل چوک سے این آئی ٹی تک مجوزہ فلائی اوور تعمیر کرنے کی وجہ سے لائبریری کے ایک حصہ کو منہدم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تعمیری کام کے حوالہ سے نگم نے خدا بخش لائبریری انتظامیہ سے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) طلب کیا ہے۔
Published: 06 Apr 2021, 6:11 PM IST
انتظامیہ نے لائبریری کے ایک حصہ کو توڑے جانے پر احتجاج درج کراتے ہوئے حکومت کو خط تحریر کیا ہے۔ لائبریری کی ڈائریکٹر شائستہ بیدار نے کہا کہ ’بہار راجیہ پل نرمان نگم لمیٹڈ‘ فلائی اوور تعمیر کرنے کے لئے لائبریری کے باغ اور کرزن ریڈنگ روم سمیت ایک بڑے حصہ کو منہدم کرنا چاہتا ہے، جبکہ یہ ایک تاریخی عمارت ہے، جوکہ گرین بیلٹ میں آتی ہے۔ شائستہ بیدار نے کہا کہ لائبریری ہندوستان ہی نہیں بلکہ دنیا میں اپنی ایک الگ شناخت رکھتی ہے۔ یہاں مہاتما گاندھی، پنڈت جواہر لال نہرو، ڈاکٹر راجندر پرساد، رابندر ناتھ ٹیگور اور لارڈ کرزن جیسی شخصیات دورہ کر چکی ہیں اور آج بھی ملک اور بیرون ملک سے مشہور ہستیاں یہاں تشریف لاتی ہیں۔
Published: 06 Apr 2021, 6:11 PM IST
انہوں نے کہا کہ پل نرمان نگم نے لائبریری کے ایک حصہ کو منہدم کرنے کے لئے این او سی طلب کی ہے اور لائبریری انتظامیہ نے اس کارروائی پر عمل درآمد نہ کرنے کی ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ سے تحریری طور پر گزارش کی ہے۔ خط میں جام سے نجات دلانے کے لئے چار متبادل راستوں کی معلومات دی گئی ہے۔
Published: 06 Apr 2021, 6:11 PM IST
شائستہ نے کہا کہ ٹریفک جام کا اصل مسئلہ پی ایم سی ایچ، اس کے آگے پٹنہ مارکٹ اور سبزی باغ کے آس پاس کی سڑکوں پر ہے، خدا بخش لائبریری سے سائنس کالج کے پاس جام کا کوئی مسئلہ نہیں ہے لہذا یہاں فلائی اوور کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائبریری کی اہمیت کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہ لائبریری بہار ہی نہیں بلکہ ملک کی واحد لائبریری ہے، جو یونیسکو کے عالمی ورثہ میں درج ہے۔
Published: 06 Apr 2021, 6:11 PM IST
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا خدا بخش اورینٹل لائبریری بورڈ اس معاملہ کو مزید آگے لے کر جائے گا! تو شائستہ بیدار نے کہا، فی الحال لائبریری بورڈ ریاستی حکومت سے ہی گزارش کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورثہ اور ثقافت کے حوالہ سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا رویہ ہمیشہ سے ہی مثبت رہا ہے۔
Published: 06 Apr 2021, 6:11 PM IST
اس کے علاوہ شائستہ بیدار نے بتایا کہ اس معاملہ کے حوالہ سے دو روز قبل پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ کے ساتھ لائبریری بورڈ کی میٹنگ ہوئی ہے، جس میں ضلع مجسٹریٹ نے متبادل راستوں پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ علاوہ ازیں اس پورے معاملہ کو دیکھ رہے بہار راجیہ پل نرمان نگم لمیٹڈ کے چیئرمین پنکج کمار پال نے بھی لائبریری کا دورہ کیا ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ فلائی اوور تعمیر کے لئے لائبریری بورڈ کے ذریعہ تجویز کردہ متبادل راستوں پر غور کیا جائے گا۔
Published: 06 Apr 2021, 6:11 PM IST
دوسری جانب ملک بھر میں آثار قدیمہ کی عمارتوں اور دیگر چیزوں کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی تنظیم انڈین نیشنل ٹرسٹ فار آرٹ اینڈ کلچر ہیریٹیج (انٹیک) نے بھی اس معاملہ میں بہار راجیہ پل نرمان نگم لمیٹڈ کی تجویز کی مخالفت کی ہے۔ انٹیک پٹنہ چیپٹر کے کنوینر جتندر کمار لال نے کہا کہ لائبریری کی عمارت کو مسمار ہونے سے بچانے کے لئے مہم شروع کر دی گئی ہے۔ اس معاملہ پر پٹنہ چیپٹر کی ٹیم نے لائبریری بورڈ کے ارکان سے ملاقات کی ہے اور دہلی میں واقع صدر دفتر تک اطلاع بھیج دی گئی ہے۔
Published: 06 Apr 2021, 6:11 PM IST
انہوں نے کہا کہ خدا بخش اورینٹل لائبریری کی عمارت تاریخی اور آثار قدیمہ کے لحاظ سے اہمیت کی حامل ہے اور اس میں خرد برد کرنا قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ہی فاصلہ پر گنگا پتھ تعمیر کیا جا چکا ہے، مجوزہ فلائی اوور کو اسی سے منسلک کیا جانا چاہیے۔ اس کے علاوہ پارکنگ کی پریشانی کا بھی ازالہ ضروری ہے تاکہ ٹریفک جام سے نجات مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ انٹیک کی طرف سے اس معاملہ پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور متعلقہ وزارتوں کو خط لکھ کر مداخلت کرنے کی گزارش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس لائبریری کے علاوہ پٹنہ یونیورسٹی تک کئی عمارتیں ہیں، جنہیں نقصان پہنچے گا۔
Published: 06 Apr 2021, 6:11 PM IST
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں تاریخی ورثہ کی عمارتوں کو احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے، لیکن پٹنہ میں انہیں توڑنے کی تیاری چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس کے نام پر تاریخی ورثہ کی عمارتوں کو نقصان پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کا طویل مدتی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ یہ این آئی ٹی کے پاس اترے گا جس کے آگے پٹنہ سٹی کی طرف جانے والی سڑک کافی تنگ ہے۔
Published: 06 Apr 2021, 6:11 PM IST
وہیں، انٹیک پٹنہ چیپٹر کی کرینہ نے بھی کہا ہے کہ خدا بخش لائبریری کی عمارت کو کسی بھی حال میں منہدم نہیں ہونے دیا جائے گا ور ضرورت پڑی تو سپریم کورٹ کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔ ادھر، بہار راجیہ پل نرمان نگم لمیٹڈ کے چیئرمین پنکج کمار پال سے فون پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس معاملہ پر کچھ بھی کہنے سے انکار کر دیا۔ پال نے صاف طور پر کہا کہ نہ تو انہیں اس معاملہ کی کوئی معلومات ہے اور نہ ہی اس معاملہ پر وہ کچھ کہنا چاہتے ہیں۔
Published: 06 Apr 2021, 6:11 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 06 Apr 2021, 6:11 PM IST
تصویر: پریس ریلیز