قومی خبریں

کورونا بحران کے وقت ’کانوڑ یاترا‘ کو اجازت کیوں دی گئی، سپریم کورٹ کا یوپی حکومت سے سوال

جسٹس نریمن نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا سے کہا کہ ہم نے آج انڈین ایکسپریس میں کچھ پریشان کرنے والی خبر پڑھی ہے کہ یوپی حکومت نے کانوڑ یاترا کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فائل تصویر
فائل تصویر 

نئی دہلی: کورونا بحران کے باوجود اتر پردیش حکومت کی جانب سے کانوڑ یاترا کو اجازت فراہم کیے جانے پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لے لیا ہے۔ جسٹس روہنگٹن نریمن کی سربراہی والی بنچ نے مرکزی حکومت اور یوپی حکومت کو اس معاملہ میں نوٹس جاری کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کورونا بحران کے دوران کانوڑ یاترا کو اجازت آخر کیوں دی گئی؟ عدالت عظمیٰ نے اتراکھنڈ حکومت سے بھی جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ اس معاملہ کی اگلی سماعت آئندہ 16 جولائی کو کی جائے گی۔

Published: undefined

جسٹس نریمن نے سالیسٹر جنرل تشار مہتا سے کہا کہ ہم نے آج انڈین ایکسپریس میں کچھ پریشان کرنے والی خبر پڑھی ہے کہ یوپی حکومت نے کانوڑ یاترا کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ اتراکھنڈ ریاست نے اپنے تجربہ کی بنیاد پر کہا ہے کہ کوئی یاترا نہیں ہوگی۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ متعلقہ حکومت کا موقف کیا ہے!

Published: undefined

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے عوام پوری طرح سے حیران ہیں۔ جب وزیر اعلیٰ سے تیسری لہر کے تعلق سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ ذرا بھی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے۔ ہم مرکز، یوپی اور اتراکھنڈ ریاستوں کو نوٹس جاری کر رہے ہیں کیونکہ یاترا 25 جولائی سے شروع ہونے جا رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ نوٹس پر جلد جواب دیا جائے تاکہ معاملہ پر جمعہ کے روز سماعت ہو سکے۔

Published: undefined

خیال رہے کہ اتراکھنڈ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز کانوڑ یاترا پر روک لگا دی گئی۔ اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا تھا کہ انسانی جانوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے لہٰذا رواں سال کانوڑ یاترا کو اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ قبل ازیں، آئی ایم اے کی اتراکھنڈ یونٹ کی جانب سے اتراکھنڈ حکومت کو مکتوب ارسال کر کے کانوڑ یاترا پر روک لگانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

Published: undefined

ادھر یوگی آدتیہ ناتھ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ یوپی میں 25 جولائی سے کانوڑ یاترا شروع ہو جائے گی۔ یوگی نے اس معاملہ پر اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر دھامی کو فون بھی کیا تھا جس کے بعد دھامی نے کہا کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ شاید اتراکھنڈ حکومت بھی یاترا کو اجازت دینے والی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined