قومی خبریں

شہریت ترمیمی قانون پر امام احمد بخاری کے رخ میں تبدیلی کیوں؟

ذرائع کے مطابق امام احمد بخاری نے پورے حالات کا جائزہ لینے کے بعد بڑے محتاط انداز میں اس قانون کے خلاف بیان دیا اور طلباء کی حمایت کی ہے۔ احمد بخاری کی اس تبدیلی پر مسلمانوں نے چین کی سانس لی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

جامع مسجد کے لوگوں نے کل اس وقت راحت کی سانس لی جب شاہی امام سید احمد بخاری نے اپنے نماز جمعہ کے خطبہ میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی پر مظاہرین کی حمایت اور حکومت کے قدم کی مخالفت کی۔ سی اے اے اور این آر سی پر شاہی امام احمد بخار ی نے جو شروع میں بیان دیا تھا اس کے بعد دہلی اور دہلی سے باہر کے مسلمانوں میں ان کے خلاف غصہ تھا لیکن کل جب انہوں نے اپنے خطبہ میں مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں اور خواتین کی تعریف کرتے ہوئے ان کے اور ان کے مقصد کی کامیابی کے لئے دعا کی تو عوام میں کچھ ناراضگی کم ہوئی۔

Published: undefined

اردو بازار کے ایک دوکاندار کا کہنا تھا کہ اس سارے معاملہ پر امام صاحب نے بہت مایوس کیا ہے ’’لوگوں میں امام صاحب کے عمل کو لے کر بہت ناراضگی ہے۔ اما م صاحب نے سی اے اے قانون بنائے جانے کے بعد جو بیان دیا تھا وہ ایسا لگ رہا تھا جیسے وہ امت شاہ کا لکھا ہوا لیٹر پڑھ رہے ہوں۔‘‘ بڑے امام صاحب مرحوم عبداللہ بخاری کو یاد کرتے ہوئے ایک صاحب کا کہنا تھا ’’دراصل اب اس خاندان کا کاروبار بہت پھیل گیا ہے اس لئے یہ اب عوام کے مسائل سے بچنے لگے ہیں۔ بڑے امام صاحب ہوتے تو وہ میدان میں اتر جاتے۔ وہ تو پولیس کا مقابلہ بھی سامنے کھڑے ہو کر کرتے تھے۔‘‘ جامع مسجد علاقہ کے لوگوں سے بات کرنے کے بعد احمد بخاری کے خلاف ناراضگی صاف نظر آئی۔

Published: undefined

واضح رہے احمد بخاری نے جب یہ بیان دیا تھا کہ سی اے اے سے ہندوستانی مسلمانوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا تو لوگوں میں ان کے اس بیان کو لے کر اتنی ناراضگی تھی کہ انہوں نے ان کے پیچھے نماز پڑھنا بند کر دی تھی اور اس کے بعد دو جمعہ تو ایسے گزرے جس میں مسجد نمازیوں سے خالی نظر آئی جس کی ویڈیو کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا پر شئیر بھی کی۔ جامع مسجد کی تاریخ کا یہ پہلا موقع تھا جب جامع مسجد میں نمازیوں کی تعداد اتنی کم تھی۔ شہریت ترمیمی قانون اور مجوزہ این آر سی کے خلاف پورے ملک میں جو ناراضگی بڑھ رہی ہے اور نوجوان و خواتین جس بڑی تعداد میں سڑکوں پر اتر رہے ہیں شائد اس نے اور لوگوں میں ان کے خلاف ناراضگی نے احمد بخاری کو اپنا موقف بدلنے میں مجبور کیا ہے۔

Published: undefined

ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں کے الگ الگ گروپس سے بھی احمد بخاری نے ملاقات کی اور پورے حالات کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے بڑے محتاط انداز میں اس قانون کے خلاف بیان دیا ہے اور طلباء کی حمایت کی ہے۔ احمد بخاری کی اس تبدیلی پر مسلمانوں نے چین کی سانس لی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined